06/05/2025
گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں کے نام اہم درخواست📢📢
محترم سیاحو! گلگت بلتستان کی دلکش وادیاں، بلند وبالا پہاڑ، اور قدرت کے نادر مناظر آپ کا استقبال کرتے ہیں۔ تاہم، یہ خطہ اپنی جغرافیائی ساخت اور محدود وسائل کی وجہ سے انتہائی حساس بھی ہے۔ ہماری آپ سے گزارش ہے کہ یہاں کے سفری حالات کو سمجھتے ہوئے انتہائی احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ گلگت بلتستان کی سڑکیں عام شہری موٹر وے یا جدید شاہراہوں جیسی نہیں ہیں۔ یہاں کے راستے تنگ، کھڑی ڈھلوانوں پر مشتمل، اور قدرتی چٹانوں کو تراش کر بنائے گئے ہیں۔ خاص طور پر کے-کے-ایچ (Karakoram Highway)، جسے دنیا کا "آٹھواں عجوبہ" کہا جاتا ہے، انتہائی خطرناک موڑوں، گہری کھائیوں، اور لینڈ سلائیڈنگ کے حساس مقامات پر مشتمل ہے۔ یہ راستہ اپنی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ جان لیوا حادثات کی بھی صلاحیت رکھتا ہے، اس لیے اسے "ڈیتھ روڈ" کا نام دیا جانا غلط نہیں۔
خطرناک موڑوں اور پہاڑی ڈھلوانوں پر گاڑی کی رفتار انتہائی کم رکھیں۔ یہاں کے مقامی ڈرائیورز بھی اپنے تجربے کی بنیاد پر احتیاط سے چلاتے ہیں، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ کون سے مقامات پر چٹانیں گرنے یا زمین کھسکنے کا خطرہ ہے۔
-
پیدل چلنے والوں اور مویشیوں کا خیال:سڑک کے کنارے مقامی افراد، بچے، اور مویشی بھی آمدورفت کرتے ہیں۔ ان کی حفاظت کے لیے ہمیشہ ہوشیاری برتیں۔
رات کے وقت ہیڈ لائٹس خاص کر (HID لائٹس) کی تیز روشنی سامنے سے آنے والوں کی نظر دھندلا کر دیتی ہے، جس سے حادثے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ برائے کرم، جب بھی کسی گاڑی یا پیدل چلنے والے کے قریب سے گزریں، لائٹس دھیمی کر دیں۔
ماحول سے ہم آہنگی: یہاں کے مقامی لوگ پہاڑوں کی زبان سمجھتے ہیں اور قدرتی خطرات سے واقف ہیں۔ ان کی طرزِ ڈرائیونگ سے سبق لیں اور غیر ضروری ریسنگ یا جارحانہ ڈرائیونگ سے گریز کریں۔
محترم سیاحو! ہماری یہ درخواست کسی پابندی کے لیے نہیں، بلکہ آپ کی اور دوسروں کی جان کے تحفظ کے لیے ہے۔ گلگت بلتستان کی پرشکوہ فضائیں آپ کے تجربے کو یادگار بنانے کے لیے کافی ہیں، بشرطیکہ احتیاط کو اوّلیت دی جائے۔
برائے مہربانی، اپنی سواری کو کنٹرول میں رکھتے ہوئے اس خطے کے حسن اور اس کے باشندوں کے لیے احترم کا دامن تھامے رکھیں۔
آپ کا تعاون اور سمجھداری ہی ہمارے علاقے کو سیاحت کے لیے محفوظ اور پرکشش بنائے گی۔