
18/07/2025
دفتر: اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ، گلگت
تاریخ:17 جولائی 2025
نوٹیفکیشن
حالیہ دنوں میں سبسڈی آٹے کی کوالٹی، مقدار اور تقسیم کے حوالے سے عوامی سطح پر سنگین شکایات موصول ہوئی ہیں، جنہیں مختلف پلیٹ فارمز پر اجاگر کیا جا رہا ہے۔ اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے، تینوں سب ڈویژنز کے مانیٹرنگ انچارجز، ایریا انچارجز، گودام نگرانوں، اور فلور مل انچارجز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ درج ذیل نکات پر مکمل، سخت اور ذمہ دارانہ عملدرآمد یقینی بنائیں:
ہدایات:
1. سبسڈی آٹے کی ترسیل و تقسیم صرف مقررہ عملے کی موجودگی میں عمل میں لائی جائے۔ کسی بھی مقام پر آٹا غیر موجودگی میں جاری کرنا سختی سے ممنوع ہے۔
2. تمام ذمہ داران اپنے متعلقہ ایریا میں مسلسل موجودگی کو یقینی بنائیں، اور ترسیل کے تمام مراحل کی خود نگرانی کریں۔
3. عوامی شکایات کا حل موقع پر، عوام کے درمیان بیٹھ کر نکالا جائے تاکہ فوری ردعمل اور عوامی اطمینان ممکن ہو۔
4. اگر کسی مقام پر ایسی شکایت یا رکاوٹ درپیش ہو جو دائرہ اختیار سے باہر ہو، تو متعلقہ فرد فوری طور پر اپنے بالا افسر سے رجوع کرے اور تحریری طور پر صورت حال سے آگاہ کرے۔
5. آٹے کی کوالٹی پر کسی قسم کا کمپرومائز ناقابل قبول ہوگا۔ تمام ذمہ داران کوالٹی کنٹرول کے معیار پر سختی سے عمل کریں۔
6. اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ گلگت وقتاً فوقتاً فیلڈ وزٹ کریں گی۔ اگر کسی بھی وزٹ کے دوران کوئی ذمہ دار اہلکار غیر حاضر پایا گیا یا فرائض سے غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تمام متعلقہ افسران اور عملہ ان ہدایات پر فوری، مکمل اور دیانت داری سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر کسی بھی کوتاہی کی صورت میں ذمہ داری فرد واحد پر عائد ہوگی۔
تسنیم کوثر
اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ، گلگت