01/07/2025
                                            پریس ریلیز
بلتستان اسٹوڈنٹ فیڈریشن
بلتستان اسٹوڈنٹ فیڈریشن جامعہ قراقرم گلگت میں یومِ حسینؑ منانے اور سبیلِ حسینؑ لگانے پر طلباء کو یونیورسٹی سے خارج کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ امام عالی مقام حضرت حسینؑ کی یاد انسانیت، حق، اور عدل کی علامت ہے جسے منانا ہر فرد کا نہ صرف مذہبی بلکہ آئینی و اخلاقی حق بھی ہے۔
جامعہ قراقرم جیسے اعلیٰ تعلیمی ادارے میں ایسے طلباء کے ساتھ یہ غیر منصفانہ سلوک افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے جو پرامن انداز میں یوم حسینؑ منانے کے عمل میں شریک تھے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طلباء کا داخلہ منسوخ کرنا اور انہیں تعلیم کے حق سے محروم کرنا نہ صرف طلباء دشمنی کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ آئین پاکستان میں دی گئی مذہبی آزادی کے اصولوں کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔
بلتستان اسٹوڈنٹ فیڈریشن اس جبر و ناانصافی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ ایسے اقدامات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ہم تمام تعلیمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ طلباء کی فکری، مذہبی اور نظریاتی آزادی کا احترام کریں اور ایسی پالیسیاں اپنائیں جو معاشرتی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دیں۔
بلتستان اسٹوڈنٹ فیڈریشن ہمیشہ سے حق، عدل اور آزادیٔ اظہار کے اصولوں پر کاربند رہی ہے اور آئندہ بھی ہر مظلوم طالبعلم کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔
صدر بی ایس ایف کے  آئی یو شہباز واحدی
بلتستان اسٹوڈنٹ فیڈریشن