
30/07/2025
گلگت :
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق اور نائب صدر الپائن کلب آف پاکستان قرار حیدری نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ لیلا پیک میں زخمی ہونے والی جرمن کوہ پیما لاؤرا ڈاہلمائر ہلاک ہو گئیں ہیں۔
اس حوالے سے جاری اپنے الگ الگ بیانات میں ترجمان صوبائی حکومت اور نائب صدر الپائن کلب نے کہا ہے کہ لیلا پیک میں موجود ریسکیو ٹیم نے لاؤرا کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے اور اس وقت ریسکیو ٹیم ان کی ڈیڈ باڈی کو اونچائی سے نیچے لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ریسکیو ٹیم مذید امداد کی درخواست کرے گی تو حکومت ہیلی کاپٹر دوبارہ روانہ کرے گی تاکہ ڈیڈ باڈی کو سکردو منتقل کیا جا سکے۔
جرمن خاتون کوہ پیما لاؤرا ڈاہلمائر گزشتہ روز لیلا پیک کی مہم جوئی کے دوران پتھر گرنے سے شدید زخمی ہو کر 5700 میٹر کی بلندی پر پھنس گئیں تھی۔ 6069 میٹر بلند لیلا پیک گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے میں واقع ہے۔
جرمن اولمپک چیمپئن لاؤرا ڈالمائر کا شمار اس صدی کی کامیاب ترین جرمن بیاتھلون ایتھلیٹس میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 2018 میں جنوبی کوریا کے شہر پیونگ چانگ میں ہونے والے سرمائی اولمپکس میں دو طلائی تمغے جیتے، جبکہ عالمی چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر سات ٹائٹل اپنے نام کیے۔ دنیا بھر میں کوہ پیمائی سے منسلک افراد لاؤرا ڈالمائر کی موت پر غم زدہ ہیں اور اسے ایک بڑا سانحہ قرار دے رہے ہیں۔