28/10/2025
*ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان کے زیرِ اہتمام جی بی کے چار کالجز میں بسلسلہء جشنِ آزادیِٔ گلگت بلتستان آج شاندار تقریبات کا انعقاد*
گلگت (پریس ریلیز):
جشنِ آزادیِٔ گلگت کی مناسبت سے جی بی کے سبھی سرکاری کالجز میں ان دنوں تقریبات کا ایک سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے۔ آج کے روز ہونے والی تقریبات کی تفصیل کچھ یوں ہے
1. گورنمنٹ ڈگری کالج، مناور، گلگت!
گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج مناور گلگت میں یومِ آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب محکمہ ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، جس میں ضلعی سطح کے بین الکلیاتی تقریری، حسنِ قرأت اور کوئز مقابلوں کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ گلگت ریجن کے مختلف کالجز کے طلبا نے ان مقابلوں میں بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز صبح دس بجے تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ وزیرِ تعلیم گلگت بلتستان غلام شہزاد آغا نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ سیکریٹری ڈیپارٹمنٹ آف ٹورازم، سپورٹس اینڈ کلچر گلگت بلتستان ضمیر عباس بحیثیتِ مہمانِ اعزاز شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز گلگت بلتستان پروفیسر محمد عالم اور گورنمنٹ ڈگری کالج گلگت کے پرنسپل سمیت دیگر تعلیمی شخصیات بھی موجود تھیں۔ اختتامی تقریب میں وزیرِ تعلیم غلام شہزاد آغا نے پوزیشن ہولڈر طلبا اور اساتذہ میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ اپنے خطاب میں وزیرِ تعلیم نے کہا کہ حکومتِ گلگت بلتستان طلبا کی تعلیم کو ترجیح دے رہی ہے، اور نئے کالجز کا قیام اسی عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبا میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں صرف مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ آج کی تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ گلگت بلتستان کے بیٹے علمی میدان میں کسی سے کم نہیں۔ سیکریٹری ضمیر عباس نے تقریب سے خطاب کیا اور اس طرح کی تعمیری سرگرمیوں کے انعقاد کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔
2- فاطمہ جناح گورنمنٹ ڈگری کالج، گلگت!
آج فاطمہ جناح گرلز ڈگری کالج گلگت میں ایک ہر وقار تقریب ہوئی۔ اس تقریب کی مہمان خصوصی مشیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی گلگت بلتستان محترمہ ثریا زمان تھیں۔ جبکہ میر محفل کا شرف مشہور ماہرِ تعلیم پروفیسر مہرداد کو ملا۔ سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن فرید احمد بھی شریکِ محفل رہے اور مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب میں گلگت ڈویژن کے سات کالجوں کی طالبات نے تینوں سیگمنٹس میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ حسن قرات اور تقریر کے مقابلوں میں فاطمہ جناح گرلز ڈگری کالج گلگت کی طالبات اول آئیں۔ جبکہ کوئز مقابلے میں ڈگری کالج گاہکوچ کی ٹیم نے ابتدائی پوزیشن حاصل کی۔ اول پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات یکم نومبر 2025 کو فائنل سطح کے مقابلے میں شرکت کریں گی۔ یاد رہے اس سال جی بی کے کالجوں میں اپنی نوعیت کے شاندار پروگرام منعقد ہورہے ہیں۔ ایک ہی وقت میں ایک ہی پیٹرن کے پروگرام منعقد کرنے کا وژن سیکریٹری ہائیر اینڈ سپیشل ایجوکیشن فرید احمد کا تھا۔ اُن کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی ڈائریکٹر کوارڈینیشن/فوکل پرسن اشتیاق احمد یاد نے سبھی کالجوں کو ایک مالا میں جوڑ دیا۔سبھی کالجوں کے اساتذہ، طلبا و طالبات اور پرنسپلز نے پورے جوش وجذبے کے ساتھ سیکریٹری کے وژن کو عملی شکل دینے میں شبانہ روز محنت کی۔
اس سلسلے کا آخری پروگرام یکم نومبر کو گلگت اور سکردو میں منعقد ہوں گے۔ سبھی کوالیفائی کرنے والے طلبا سکردو میں جبکہ طالبات گرلز ڈگری کالج گلگت میں شرکت کریں گی۔
3- گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج، سکردو!
گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سکردو میں ضلعی سطح کے بین الکلیاتی مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ پروفیسر غلام حسن سابق پرنسپل بوائز ڈگری کالج سکردو، اور معروف دانشور، ادیب اور محقق و مورخ حسن حسرت تقریب کے مہمانانِ خصوصی تھے۔
تقریب تین حصوں پر مشتمل تھی، جس میں بلتستان بھر کے بوائز کالجز کے طلباء نے حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز بلتستان ریجن، پروفیسر طاہر ربانی نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سکردو آج کے تینوں مقابلوں میں مجموعی طور پر فاتح رہا۔ کالج ھذا کے پرنسپل پروفیسر فدا حسن نے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء اور دیگر میں نقد انعامات، اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
4- گورنمنٹ ڈگری کالج، چیلاس!
جشنِ آزادیٔ گلگت بلتستان کے سلسلے میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چلاس میں دیامر استور ڈویژن کے کالجز کے مابین تقریر، حسنِ قراءت، کوئز اور کرکٹ کے مقابلے منعقد ہوئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کرنل جاوید ملک (پرنسپل پبلک اسکول اینڈ کالج چلاس) اور میرِ محفل ڈاکٹر سعدیہ بتول (ڈائریکٹر KIU کیمپس دیامر) تھیں۔ مقابلہ حسنِ قراءت میں انٹر کالج استور کے اسداللہ نے پہلی، مقابلہ تقریر میں ڈگری کالج چلاس کے سیف اللہ نے پہلی، اور مقابلہ کوئز میں ڈگری کالج چلاس کی ٹیم (عاطف آمین، معین الدین) نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ کرکٹ مقابلے میں بھی ڈگری کالج چلاس نے میدان مارا۔ مہمان خصوصی کرنل جاوید ملک نے خطاب میں کہا کہ دیامر کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، بس رہنمائی اور مثبت مواقع کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کوئز کے موضوعات کو ملک و ملت سے یکجہتی کی علامت قرار دیا۔ ڈاکٹر سعدیہ بتول نے کہا کہ اس نوعیت کے مقابلے طلبہ کی سکلز ڈیویلپمنٹ اور خود اعتمادی بڑھانے میں مددگار ہوتے ہیں۔