24/10/2025
*یونیورسٹی آف لاہور میں گلگت بلتستان کا ثقافتی دن شاندار انداز میں منایا گیا, روایات اور مہمان نوازی کی جھلکیاں*
*گلگت بلتستان کی ثقافت پاکستان کی ثقافتی وحدت کی خوبصورت مثال ہے۔صدر گلگت بلتستان کلچرل سوسائٹی یونیورسٹی آف لاہور میر آفاق ظفر*
لاہور
یونیورسٹی آف لاہور میں گلگت بلتستان کے طلباء کی جانب سے ثقافتی دن شاندار انداز میں منایا گیا، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں گلگت بلتستان کی رنگا رنگ ثقافت، روایتی لباس، موسیقی اور دستکاریوں کی نمائش نے شرکاء کے دل جیت لیے۔نمائش کے مختلف اسٹالز پر گلگت بلتستان کی مخصوص کھانوں، ہنر مندوں کے تیار کردہ فن پاروں اور ثقافتی مظاہروں نے شرکاء کو اس خطے کی منفرد پہچان سے روشناس کرایا۔
تقریب میں گلگت بلتستان کلچرل سوسائٹی کے صدر میر آفاق ظفر نے مہمان طلباء اور اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی ثقافت پاکستان کی ثقافتی وحدت کی خوبصورت مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے تمام حصوں سے تعلق رکھنے والے بھائیوں اور بہنوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ گلگت بلتستان آئیں، ہماری مہمان نوازی، ثقافت، قدرتی حسن اور پُرامن فضا کا خود تجربہ کریں۔
شرکاء نے اس تقریب کو نہ صرف تفریحی بلکہ معلوماتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ ملتا ہے۔