15/10/2025
عالمی ادارۂ صحت نے بھارت میں تیار کردہ تین کھانسی کے سیرپس سے متعلق الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارۂ صحت نے بھارت میں تیار کردہ تین کھانسی کے شربتوں میں خطرناک کیمیکل کی موجودگی کے بعد عالمی سطح پر ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
ادارے نے رکن ممالک کو ہدایت کی ہے کہ اگر ان مصنوعات کا پتا لگے تو فوری طور پر رپورٹ کیا جائے۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق متاثرہ شربتوں میں Coldrif (Sresan Pharmaceutical)، Respifresh TR (Rednex Pharmaceuticals) اور ReLife (Shape Pharma) شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا اس شربت میں Diethylene Glycol نامی زہریلے کیمیکل سے آلودہ پائے گئے، جو انسانی جسم کے لیے انتہائی نقصان دہ اور جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔
بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ یہ شربت مدھیہ پردیش کے ضلع چھندواڑہ میں پانچ سال سے کم عمر بچوں نے استعمال کیے، جن کی بعد ازاں موت واقع ہوگئی تاہم تحقیقات میں ان شربتوں میں زہریلے کیمیکل کی مقدار اجازت یافتہ حد سے 500 گنا زیادہ پائی گئی۔
کھانسی کے شربت سے اموات: دو فارما کمپنیاں شک کے دائرے میں
بھارتی ادارہ کا کہنا ہے کہ یہ شربت بیرون ملک برآمد نہیں کیے گئے اور نہ ہی کسی غیر قانونی برآمد کے شواہد بھی نہیں ملے۔
امریکی ادارہ ایف ڈی اے نے بھی تصدیق کی ہے کہ یہ زہریلے کھانسی کے شربت امریکہ نہیں بھیجے گئے۔
عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کیا ہے کہ متاثرہ ادویات کے استعمال سے شدید اور ممکنہ طور پر جان لیوا بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں۔