02/07/2025
ایک تنکا ایک گھر
چڑیا جب تنکا تنکا جمع کر کے گھونسلا بناتی ہے تو وہ صرف ایک پناہ گاہ نہیں بناتی بلکہ وہ اپنے آنے والے کل کے لیے امید کا ایک خوبصورت گھونسلہ بناتی ہے وہ ہر تنکا چن کر بڑی محنت اور لگن سے صرف اس لیے جوڑتی ہے تاکہ اپنے بچوں کو ایک محفوظ چھت دے سکے ایک ایسی جگہ جہاں وہ خوشیوں کے جھولے جھولیں جہاں وہ بے فکری سے پلیں بڑھیں اور زندگی کا آغاز ایک محبت بھرے گوشے سے کریں یہی اصول فطرت کے ہر جاندار میں رکھا گیا ہے کوئی پرندہ ہو یا جانور سب اپنی زندگی کا آغاز اپنے گھر بنانے سے کرتے ہیں وہ گھر جو وہ خود بناتے ہیں اپنے طور پر اپنی محنت سے اپنے انداز سے اپنے تخیل سے ۔۔۔
اج اس چڑیا کو گھر بناتے دیکھ کر مجھے یہ یاد آ گئی کہ ہم گزشتہ تین سالوں سے اس کوشش میں ہیں کہ اپنا آبائی گھر جو گرا کر اسے نئے سرے سے تعمیر دے سکیں لیکن پتہ نہیں اللہ کی طرف سے کیوں دیر ہو رہی ہے اس بات کی ہمیں سمجھ نہیں آتی تین سالوں سے بس ایک ماہ بعد ہم بنائیں گے دو ماہ بعد بنائیں گے یہی کہتے آ رہے ہیں تو کچھ ایسی رکاوٹیں آتی ہیں جو اللہ کی طرف سے ہی محسوس ہوتی ہیں اور مجھے آج اس چڑیا کو گھر بناتے دیکھ کر یہ خواہش ہوئی کہ واقعی گھر تو ہر جاندار کی خواہش ہے
انسان بھی جب اپنے خاندان کا آغاز کرتا ہے تو سب سے پہلی خواہش اس کے دل میں اپنے ذاتی گھر کی ہوتی ہے وہ چھت جس کے نیچے وہ اپنی دعائیں خواب اور محبتیں پروان چڑھائے انسان اینٹ پتھر جوڑ کر گھر بناتا ہے مگر اس میں جو چیز سب سے قیمتی ہوتی ہے وہ اس کی محنت دعائیں اور محبت کی پاکیزگی ہوتی ہے انسان اپنے گھر کی تعمیر محبت سے کرتا ہے اور اس کی پہلی اینٹ محبت اور اعتماد کی ہوتی ہے اپنوں کی محبت اپنوں کی دعائیں یہی بنیاد ہوتی ہے ایک ایسے گھر کی جو صرف دیواروں کا نام نہیں بلکہ دلوں کا تعلق اور اپنائیت کا عکس ہوتا ہے
گھر صرف ایک عمارت نہیں ہوتی یہ دل کا سکون ہوتا ہے بچوں کی ہنسی ان کا بچپن دعاؤں کی قبولیت اور ماں باپ کی شفقت کا عکس ہوتا ہے اور جن کے پاس ابھی گھر نہیں وہ مایوس نہ ہوں حضرت موسیٰ علیہ السلام نے بھی ایک وقت ایسا گزارا جب نہ گھر تھا نہ ٹھکانہ نہ اپنوں کا ساتھ تھا اس وقت انہوں نے رب سے بس اتنا کہا
رَبِّ إِنِّي لِمَا أَنزَلْتَ إِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ
سورة القصص آیت 24
ترجمہ اے میرے رب میں اس خیر کا محتاج ہوں جو تو میری طرف نازل فرمائے
اسی ایک جملے پر رب نے دروازے کھول دیے رہائش بھی عطا کی روزگار بھی دیا اور ایک نیک ساتھی بھی نصیب فرمایا
یقین رکھیے اللہ وہی رب ہے جو چڑیا کو گھونسلہ بنا نے کے لئے اس کا تنکا بھی عطا کرتا ہے وہ آپ کو آپ کا گھر ضرور دے گا اپنا ذاتی گھر بس اس دعا صبر اور کوشش سے پڑھنا جاری رکھیں
الف عین کی ڈائری سے
ام عبد الھادی