14/07/2025
حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں، ڈپٹی کمشنر گجرات نوید احمد کی ہدایات پر ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق اہم اجلاس اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر کی زیر صدارت سیکریٹری آر ٹی اے، ٹریفک پولیس، میونسپل کارپوریشن اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندگان کی خصوصی شرکت
ڈپٹی کمشنر گجرات نوید احمد کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر کی زیر صدارت عوامی ٹرانسپورٹ میں گیس سلنڈرز کے استعمال، ٹریفک کے نظم و ضبط ، کرایہ اور سڑکوں پر تجاوزات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA)، ٹریفک پولیس، میونسپل کارپوریشن اور ٹرانسپورٹ یونینز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر نے اس موقع پر کہا کہ سی این جی اور ایل پی جی سلنڈرز کا پبلک ٹرانسپورٹ میں استعمال قانوناً ممنوع ہے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ تمام ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی گاڑیوں سے فوری طور پر غیرقانونی سلنڈرز ہٹائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں سڑکوں پر غیر قانونی پارکنگ، اوورلوڈنگ، اور فٹ پاتھوں پر ٹرانسپورٹرز کی طرف سے کی گئی تجاوزات کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی گئی کہ ان مسائل کے خاتمے کے لیے مشترکہ کارروائیاں کی جائیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ٹریفک کے مسائل اور عوامی شکایات کے فوری حل کے لیے مربوط لائحہ عمل مرتب کریں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔