24/06/2026
گجرات: کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کی ریس، معصوم طالب علموں کی زندگی داؤ پر
تھانہ ڈنگہ کی حدود کے گاؤں نور جمال میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں دو کم عمر رکشہ ڈرائیوروں نے سڑک پر ریس لگا کر معصوم بچوں کی جانوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا۔ اس غیر ذمہ دارانہ مقابلے کے نتیجے میں دونوں رکشے خوفناک حادثے کا شکار ہو گئے، جس میں متعدد طالب علم زخمی ہوئے اور ایک بچے کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے اس واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ جہاں ایک طرف ٹریفک پولیس صرف چالان کرنے تک محدود نظر آتی ہے، وہاں دوسری طرف ان کم سن اور غیر تربیت یافتہ ڈرائیوروں کے خلاف کوئی سخت اور مؤثر ایکشن نہیں لیا جا رہا جو روزانہ شہریوں کے جان و مال کے ضیاع کا سبب بن رہے ہیں۔
والدین سے بھی پرزور اپیل ہے کہ اپنے جگر گوشوں کی حفاظت کو اولیت دیں اور انہیں ایسے غیر ذمہ دار، کم عمر اور بنا لائسنس کے رکشہ چلانے والوں کے رحم و کرم پر نہ چھوڑیں۔
متعلقہ بالا حکام سے گزارش ہے کہ اس بڑھتے ہوئے ٹرینڈ کا فوری نوٹس لیں اور گجرات سمیت پورے پنجاب میں کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف سخت ترین مہم کا آغاز کیا جائے۔