
22/02/2025
دل کو سکوں ملا ہے تجھے دیکھنے کے بعد
خوشیوں کا سلسلہ ہے تجھے دیکھنے کے بعد
اب لطف کیا ملے گا کسی شے کی دید سے
جو لطف مل رہا ہے تجھے دیکھنے کے بعد
پژمردہ زندگی کو ملی اک نئی حیات
ایسا اثر ہوا ہے تجھے دیکھنے کے بعد
بے چینیاں سی رہتی ہیں ہر پل ہر ایک دن
مجھ کو یہ کیا ہوا ہے تجھے دیکھنے کے بعد
مجھ پر کرم کرے گا خدا ایک دن ضرور
محسوس یہ ہوا ہے تجھے دیکھنے کے بعد
جس کی مجھے تلاش تھی وہ مل گیا ہے اب
ایسا مجھے لگا ہے تجھے دیکھنے کے بعد
میرا نصیب سنورے گا طلعتؔ کبھی ضرور
مجھ کو یہ آسرا ہے تجھے دیکھنے کے بعد
طلعت پروین