23/08/2025
فریادِ محروم عوام —ضلع غذر گاؤں سُمال
پہاڑوں کی خاموش چوٹیوں پر چار برس قبل ایک خوشخبری گونجی تھی —
یہ کہ گاؤ سُمال کی دھرتی پر SCOM 4G کا چراغ روشن ہوگا۔
یہ اعلان خود فورس کمانڈر گلگت بلتستان نے کیا تھا،
اور اُس دن اہلِ سُمال نے امید کے دیے جلائے،
گویا صدیوں کی محرومیوں کا زخم بھرنے والا ہے۔
مگر ہائے افسوس!
وقت کی گردش نے ان چراغوں کو بجھا دیا۔
چار برس بیت گئے،
نہ 4G کی کرن نظر آئی، نہ 2G کی مدھم سی لَو۔
عوام آج بھی اندھیروں میں قید ہیں،
جہاں تعلیم کا دریا سوکھ گیا ہے،
جہاں مریض کی سانسیں رابطے کی منتظر ہیں،
جہاں ماؤں کی دعائیں اور بیٹوں کی صدائیں سگنل کے کٹے ہوئے رستوں میں گم ہو جاتی ہیں۔
فورس کمانڈر گلگت بلتستان!
یہ صدا محض ایک اپیل نہیں،
یہ درد سے لبریز ایک فریاد ہے۔
یہ پہاڑوں کے سناٹے میں گونجتی وہ پکار ہے
جو حقِ زندگی، حقِ رابطہ اور حقِ امید مانگ رہی ہے۔
آپ کا ایک فیصلہ،
آپ کی ایک نظرِ کرم
ان وادیوں کے ہزاروں دلوں کو اجالوں سے بھر سکتی ہے۔
ہم امید کرتے ہیں کہ آپ کی توجہ
اس اندھیرے کو روشنی میں بدل دے گی۔