29/07/2025
گوادر :اسسٹنٹ کمشنر گوادر کی کٹکا ماوا فیکٹری کے خلاف کارروائی
گوادر، 29 جولائی 2025 – اسسٹنٹ کمشنر گوادر، سعد کلیم ظفر نے آج شہر میں کٹکا ماوا بنانے والی ایک غیر قانونی فیکٹری کے خلاف بڑی کارروائی کی۔ یہ کارروائی شہریوں کی صحت کو درپیش خطرات کے پیش نظر کی گئی ہے، کیونکہ کٹکا ماوا مضر صحت اور نشہ آور اشیاء سے تیار کیا جاتا ہے۔
کارروائی کے دوران فیکٹری سے بھاری مقدار میں کٹکا ماوا اور اسے تیار کرنے میں استعمال ہونے والا خام مال برآمد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے فیکٹری کو فوری طور پر سیل کرنے کا حکم دیا اور ملوث چار افراد کو گرفتار کر کے انکے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سعد کلیم ظفر نے اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی اور مضر صحت اشیاء کی تیاری اور فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ گوادر میں صحت عامہ کو یقینی بنانے کے لیے ایسی تمام غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اور شہر کے داخلے رستوں پر بھی ناکہ بندی کی جائی گی ۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں انتظامیہ کو مطلع کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
یہ کارروائی گوادر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف انتظامیہ کے عزم کا ایک واضح ثبوت ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اس سے شہر میں صحت عامہ کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔