15/07/2026
بلوچستان فشریز ایمپلائز ایسوسی ایشن (گوادر) کا وضاحتی و مذمتی بیان
گوادر (سی این این ڈیجیٹل)بلوچستان فشریز ایمپلائز ایسوسی ایشن گوادر حالیہ دنوں میں فشریز آفس گوادر کی غیر قانونی تالا بندی اور اس سے جڑے شرپسندانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ چند عناصر کی جانب سے نہ صرف سرکاری دفتر کو بند کیا گیا بلکہ اندر موجود عملے کو بھی دفتر میں لاک کر کے ایک گمراہ کن اور حقائق کے منافی ویڈیو پیغام جاری کیا گیا، جس کا مقصد عوام کو غلط معلومات فراہم کرنا اور سرکاری ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا۔
ایسوسی ایشن واضح کرنا چاہتی ہے کہ فشریز آفس گوادر کا عملہ اپنی ذمہ داریاں قانون اور ضابطے کے مطابق ادا کر رہا ہے، اور ایسے غیر قانونی اقدامات نہ صرف سرکاری امور میں مداخلت ہیں بلکہ ملازمین کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہیں۔
ہم اس شرپسندانہ اور غیر ذمہ دارانہ عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے افسرانِ بالا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی کو اس قسم کی غیر قانونی حرکت کی جرات نہ ہو۔
تاہم افسوس کے ساتھ یہ بھی کہنا پڑتا ہے کہ اس سنگین واقعے کے باوجود متعلقہ افسران کی جانب سے فوری اور مؤثر اقدامات نہ اٹھانا باعثِ تشویش ہے۔ ایسی غفلت نہ صرف شرپسند عناصر کی حوصلہ افزائی کا سبب بنتی ہے بلکہ سرکاری ملازمین کے تحفظ پر بھی سوالیہ نشان کھڑا کرتی ہے۔
مزید برآں، بلوچستان فشریز ایمپلائز ایسوسی ایشن حکومت اور حکام بالا سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ فشریز آفس گوادر اور اس کے عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں، تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور سرکاری امور بلا تعطل جاری رہ سکیں۔
بلوچستان فشریز ایمپلائز ایسوسی ایشن اپنے تمام ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے تحفظ، عزت اور پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے ہر ممکن آواز اٹھاتی رہے گی۔