12/09/2026
ایس ایچ او حفیظ انجم کی تعیناتی سے جرائم پیشہ عناصر میں کھلبلی.تھانہ سٹی حافظ آباد میں بطور ایس ایچ او دوسری تعیناتی، شہریوں نے منشیات اور جرائم کے خاتمے کی امید کی ہے
حافظ آباد(شوکت علی وٹو) تھانہ سٹی حافظ آباد میں انسپکٹر حفیظ انجم کو ایس ایچ او تعینات کر دیا گیا۔ یہ ان کی تھانہ سٹی حافظ آباد میں بطور ایس ایچ او دوسری تعیناتی ہے۔ شہریوں نے ان کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ شہر میں بڑھتی ہوئی منشیات فروشی، جوئے کے اڈوں اور چھوٹے جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں گے۔
شہریوں کے مطابق حافظ آباد شہر میں مبینہ طور پر منشیات فروشی ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے، جبکہ آئس سمیت مختلف نشہ آور اشیا نوجوان نسل کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہیں۔ کھیلوں کے مناسب مواقع اور میدانوں کی کمی کے باعث بھی نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لانا ایک بڑا چیلنج ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انسپکٹر حفیظ انجم شہر کے جرائم پیشہ عناصر اور جرائم کی نوعیت سے بخوبی واقف ہیں اور ماضی میں بھی ان کی تعیناتی کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات دیکھنے میں آئے تھے۔عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ایس ایچ او حفیظ انجم شہر میں پولیس کی رٹ مزید مضبوط کرتے ہوئے منشیات فروشی، جوئے کے اڈوں، گینگ وار اور دیگر معاشرتی برائیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں گے،
جبکہ نوجوان نسل کو جرائم اور نشے کی لعنت سے بچانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ ماضی میں حافظ آباد پولیس کے سخت اقدامات کے نتیجے میں چھوٹے جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کافی حد تک قابو پایا گیا تھا، تاہم شہریوں کے مطابق حالیہ عرصے میں پولیس کی مبینہ کمزور گرفت اور مبینہ سیاسی آشیرباد کے باعث بعض جرائم پیشہ عناصر دوبارہ سرگرم ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شہریوں نے نئے ایس ایچ او سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں، جواریوں اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے اور کسی بھی قسم کے سیاسی یا بااثر دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے۔