12/08/2025
ہری پور (وقاص الرحمان قریشی سے) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہری پور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی سروس ڈلیوری اور صحت سہولت پروگرام (SSP) کی درجہ بندی میں پورے خیبر پختونخوا میں دوسری پوزیشن اور ہزارہ ڈویژن میں پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔ یہ کامیابی محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے حالیہ IMU اور SSP رپورٹس میں واضح طور پر تسلیم کی گئی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر منور آفریدی کی قیادت میں اسپتال نے صحت سہولت پروگرام کے تحت سب سے زیادہ مفت آپریشنز کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا، جس سے ہزاروں مریض براہِ راست مستفید ہوئے اور انہیں معیاری علاج ان کی دہلیز پر فراہم کیا گیا۔پروویژنل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ہری پور کے صدر ڈاکٹر سجاد نے ایم ایس، تمام ماہر ڈاکٹروں، انتظامی ٹیم اور الائیڈ ہیلتھ اسٹاف کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ "یہ اعزاز اسپتال کی پوری ٹیم کی انتھک محنت، جذبۂ خدمت اور پیشہ ورانہ دیانتداری کا نتیجہ ہے۔ ہم آئندہ بھی مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔"محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے ڈی ایچ کیو ہری پور کی مسلسل شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسپتال نے نہ صرف ہزارہ ڈویژن بلکہ صوبے کے دیگر علاقوں کے عوام کو اعلیٰ معیار کا علاج اور بہتر سہولیات فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جو دیگر اداروں کے لیے بھی قابلِ تقلید مثال ہے۔۔۔۔۔