05/08/2026
https://www.facebook.com/share/p/1ESkAk9AMw/
ایبٹ آباد جیل میں ہنرمند بننے والے قیدیوں میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد
ایبٹ آباد : سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد، سید جنید بخاری نے بدھ کے روز قیدیوں پر زور دیا کہ وہ موتیوں سے دستکاری (بیڈز کرافٹ) کی تربیت سے حاصل کردہ مہارت کو اپنے خاندانوں کی معاشی بہتری اور مستقبل میں دوبارہ جرائم سے بچنے کے لیے استعمال کریں۔
انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد میں منعقدہ تقریبِ تقسیمِ اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں ان قیدیوں کو اسناد دی گئیں جنہوں نے ہیومن ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (HDO) کے مالی تعاون سے موتیوں کی دستکاری کی تین ماہ پر مشتمل مہارتی تربیت کامیابی سے مکمل کی۔
اس موقع پر جیل افسران، وارڈرز، تدریسی عملہ، قیدی اور HDO کے نمائندے بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید جنید بخاری نے کہا کہ دورانِ قید اور رہائی کے بعد قیدیوں کو باعزت روزگار کے قابل بنانا انسپکٹر جنرل آف پریزنز خیبر پختونخوا ریحان گل خٹک کا وژن ہے، جو چاہتے ہیں کہ قیدی معاشرے میں قانون پسند اور ہنر مند افراد کے طور پر واپس جائیں۔
انہوں نے جیل محکمہ کی مختلف اصلاحی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کی جیلوں میں مختلف فنی و پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں کا آغاز اور فروغ قیدیوں کی اصلاح اور بحالی کے عمل کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے قیدیوں پر زور دیا کہ رہائی کے بعد وہ موتیوں کی دستکاری کی اپنی مہارت کو مارکیٹ سے منسلک کریں، کیونکہ اس ہنر سے تیار کی جانے والی مصنوعات کی مقامی اور بین الاقوامی سطح پر بھرپور طلب موجود ہے۔
انہوں نے ہیومن ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (HDO) کی کوششوں کو بھی سراہا، جو قیدیوں کو نفسیاتی و سماجی معاونت اور روزگار سے متعلق بحالی کی سہولیات فراہم کر کے انہیں معمول کی زندگی کی طرف واپس لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل نے خواتین قیدیوں میں حفظانِ صحت کے کٹس بھی تقسیم کیے۔ خواتین قیدیوں میں یہ کٹس تقسیم کرنا HDO کے قیدیوں کی جامع بحالی کے پروگرام کا حصہ تھا۔
ہیومین ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن HDO نے قیدیوں کی معاشی بحالی اور ذہنی صحت کی بہتری کے منصوبے کے تحت خیبر پختونخوا کی مختلف جیلوں میں موتیوں کی دستکاری کی مہارتی تربیت کا آغاز کیا ہے، اور اس وقت مختلف نسلی گروہوں سے تعلق رکھنے والے 50 سے زائد نوجوان اور بالغ قیدی اس تربیت سے مستفید ہو رہے ہیں۔
ہیومین ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن HDO کے فیلڈ کوآرڈینیٹر عبدالمعیز خان نے شرکاء کو جیل کے قیدیوں کے لیے ادارے کی خدمات سے آگاہ کیا، جن میں رسمی و غیر رسمی تعلیم، کمپیوٹر ٹریننگ، موتیوں کی دستکاری کی تربیت، نفسیاتی مشاورت اور طبی معاونت شامل ہیں۔