
09/10/2025
ہرنائی : کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے جمعرات کو ضلع ہرنائی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی, ایس پی ہرنائی عبدالحفیظ جاکھرانی اور دیگر ضلعی افسران نے ان کا استقبال کیا۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے کمشنر کو سلامی پیش کی۔
ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی نے کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض کو ضلع کے انتظامی امور و معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر سبی ڈویژن کی صدارت میں تمام محکموں کے افسران کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اپنی فرائض منصبی کا احساس کرتے ہوئے عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔
کمشنر سبی ڈویژن نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ و امان کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ شہر میں امن و سکون کا ماحول قائم و دائم رہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس جدید دور میں تعلیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اساتذہ ایمانی جذبے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، تاکہ ہماری نسل کسی کی محتاج نہ رہے اور وہ مستقبل کے معمار بن سکیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے طبی مسائل اور مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے محکمہ صحت کے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر اپنی جائے تعیناتی پر باقاعدگی سے حاضری کو یقینی بنائیں اور شہری و دیہی علاقوں میں اپنی خدمات بہتر طریقے سے سرانجام دیں۔
کمشنر سبی ڈویژن نے مزید کہا کہ جس معاشرے کا ہر فرد اپنا کردار پہچان کر اسے احسن طریقے سے ادا کرے، وہ معاشرہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو کر زندگی کے ہر میدان میں ناقابل شکست ہو جاتا ہے۔ ہمیں ایسے ہی معاشرے کی صف میں کھڑے ہو
کر خود کو ایک ذمہ دار اور زندہ قوم ثابت کرنا ہے۔