09/05/2025
روپانی فاؤنڈیشن کے تحت ضلع ہنزہ میں STEAM پروجیکٹس کی شاندار نمائش
ہنزہ:روپانی فاؤنڈیشن نے محکمہ تعلیم گلگت بلتستان اور گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام (GBRSP) کے اشتراک سے ضلع ہنزہ میں ایک شاندار اور منفرد STEAM (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹ اور میتھ) پروجیکٹس کی نمائش کا انعقاد کیا۔
نمائش میں 200 سے زائد اسکولوں کے گریڈ 6 سے 8 تک کے 22,000 سے زائد طلبہ و طالبات کی جانب سے تیار کردہ 4,300 سے زائد تخلیقی اور تکنیکی منصوبے پیش کیے گئے۔ یہ کامیابی اس تعلیمی پروگرام کی افادیت کا ثبوت ہے، جو نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں اور تکنیکی مہارتوں کو فروغ دینے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
نمائش سے ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن ہنزہ دیدار پناه، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن نگر فیصل شاکر، روپانی ڈیولپمنٹ انیشی ایٹوز کے گلوبل سی ای او سید جلال شاہ، روپانی فاؤنڈیشن پاکستان کے سی ای او جلال ہنزائی، روپانی فاؤنڈیشن افغانستان کے سی ای او محبت علی، اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول گنش کی پرنسپل نیک بانو نے خطاب کیا۔
اس موقع پر مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات اور ٹیک-فیلوز نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تیار کردہ منصوبے پیش کیے۔
نمائش کا مقصد تعلیمی اداروں میں تخلیق، اختراع اور کاروباری سوچ کو فروغ دینا تھا۔ یہ تقریب اس بات کا ثبوت تھی کہ پبلک-پرائیویٹ شراکت داری سے تعلیمی نظام میں بہتری لائی جا سکتی ہے اور گلگت بلتستان کی سماجی و معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔