21/05/2025
گلگت (پ ر) سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان دلدار احمد ملک کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم محکمانہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد سلیم خان نے ادارے کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں محکمہ اطلاعات کے مختلف سیکشنز کے افسران نے شرکت کی۔سیکریٹری اطلاعات دلدار احمد ملک نے اجلاس میں محکمانہ نظم و ضبط، شفافیت، اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعدد ہدایات اور فیصلے جاری کئے۔ انہوں نے اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنانے، اور دفتری امور میں کوتاہی نہ برتنے کی سختی سے ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ہر افسر و اہلکار اپنے فرائض دیانتداری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کرے تاکہ ادارے کی ساکھ میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کی فلاح و بہبود پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں کے مسائل کے حل اور میڈیا ہاؤسز کے ساتھ بہتر رابطہ کاری کے لئے مربوط پالیسی پر کام کر رہا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ اطلاعات کے تمام شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے ادارے کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے گی۔ میڈیا کے ساتھ موثر رابطہ کاری کو فروغ دینے اور اطلاعات کی بروقت ترسیل کے لئے بھی مزید اقدامات کئے جائیں گے۔
سیکریٹری اطلاعات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان ایک فعال، شفاف اور عوام دوست ادارہ بنے گا جو نہ صرف حکومت کی ترجمانی کرے گا بلکہ صحافت کے بنیادی اصولوں کی پاسداری کو بھی یقینی بنائے گا۔سیکریٹری اطلاعات نے مختلف افسران و عملے کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی پیشہ ورانہ سنجیدگی، ذمہ دارانہ رویے اور مسلسل محنت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ادارے کی بہتری کے لئے ہر فرد کا کردار اہم ہے اور جو عملہ اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے ادا کر رہا ہے۔ وہ قابلِ فخر ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ محکمہ اطلاعات میں کام کی رفتار، معیار، اور نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر سطح پر جوابدہی کا نظام فعال رکھا جائے تاکہ کام کی شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ روزمرہ کے معمولات کو باقاعدگی سے انجام دینا اور عوامی آگاہی کے امور میں بہتری محکمہ اطلاعات کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے ادارے کے ان ملازمین کو بھی شاباش دی جو گزشتہ عرصے سے انتہائی محنت، دیانت اور لگن سے کام کر رہے ہیں اور جنہوں نے ادارے کا نام روشن کیا ہے۔
سیکریٹری اطلاعات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ اطلاعات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، شفاف، اور عوام دوست بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کو ہر سطح پر سراہا جائے گا۔انہوں نے پاک،بھارت کشیدگی اور بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشنز کے تناظر میں محکمہ اطلاعات میں قائم کئے گئے سپیشل مانیٹرنگ اینڈ رپورٹنگ ڈیسک (SMRD) کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے اس ڈیسک پر تعینات افسران و عملے کی جانفشانی، فرض شناسی اور انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن افسران و اہلکاران نے اس حساس صورتحال میں دن رات ایک کرکے معلومات کی بروقت مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کو یقینی بنایا۔ وہ قابلِ فخر ہے۔ ان کی تندہی، پیشہ ورانہ جذبے اور قومی ذمے داری کے تحت انجام دی جانے والی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔ جن کی بدولت بروقت حکمت عملی تشکیل دی جا سکی۔ محکمہ اطلاعات ایسے محنتی اہلکاروں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کرتا ہے بلکہ انہیں ادارے کا قیمتی اثاثہ تصور کرتا ہے۔