10/01/2026
بسم الله الرحمٰن الرحيم.
اسلامی جمہوری ایران اور مغربی دنیا کی تمنائیں
اسلامی جمہوری ایران، ۱۹۷۹ع میں اپنے وجود میں آنے سے اب تک، جن مراحل سے گذرا ہے وہ ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھے ہیں۔
1. جب اسلامی جمہوری نظام کے لیے استصواب راء ہوا تو بھی ۵ سے ۱۰ فیصد نے مخالفت میں ووٹ دیے تھے، یہ تناسب اب بھی اس سے زیادہ نہیں ہے۔ اسلیے شروع دن سے دین دشمن رہے ہیں، اب بھی ہیں۔
2. ایران کوئی شمالی کوریا اور عرب بادشاہتوں کی طرح بند ملک نہیں ہے، بلکہ ایک کھلا ملک ہے جس میں زائرین اور سیاح ملک کے کسی بھی علاقے میں آزادانہ سفر کر سکتے ہیں۔ اس طرح کے آزاد ملک کے کچھ مضمرات ہوتے ہیں، جن سے اسلامی جمہوری ایران اچھی طرح سے آگاہ ہے۔
3. مغربی دنیا بشمول امریکہ نے ہمیشہ اسی دین دشمن حصے کو استعمال کیا ہے، جو شروع سے اسلام اور انقلاب کا مخالف رہا ہے اور ابھی بھی اسے ہی استعمال کر رہی ہے۔ اس حصے کے طریقہ واردات سے ہی ہر آدمی اندازہ لگا سکتا ہے کہ ان کو دین اور اخلاقیات سے دور کا بھی کوئی واسطہ نہیں ہے۔ مساجد، امام بارگاہوں اولاد آئمہ سے منسوب مقامات کو جلانا اس کا واضح ثبوت ہے۔ ایسے لوگ اگر رہبر کے خلاف نعرے لگائیں یا انکی تصویر جلائیں تو کوئی تعجب کی بات نہیں ہے۔
4. اسلامی جمہوری نظام کی جڑیں، جس اکثریت کے دلوں میں ہیں، وہ مسلسل میدان میں رہتے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ کب اور کس طرح کا کردار ادا کرنا ہے۔ وہ اپنے خدا ، اپنے رہبر اور اپنے آپ پر اعتماد کرتے ہیں اور کسی بیرونی قوت سے وابستہ نہیں ہیں۔
5. اسلامی جمہوری نظام کی سکیورٹی فورسز، بے شمار ہنگامی حالات سے نمٹنے کے بعد ، ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے تجربات کے حامل ہیں، اور رہبر کے حکم پر عمل کرتے ہیں۔
6. اسلامی جمہوری نظام کی سیکیورٹی فورسز کے ادارے رہبر کے تحت آتے ہیں اور ان کو وینزویلا کے فوجی سربراہاں کی طرح خریدا نہیں جا سکتا۔ اس کی دلیل اسرائیل ایران کی تازہ بارہ روزہ جنگ ہے۔ اس جنگ میں سب سے پہلے اسرائیل نے فوجی اور سپاہ پاسداران کے کمانڈروں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا تھا۔ اگر وہ خریدے جاسکتے تو انہیں شہید کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی۔
7. اسرائیل کے دباو کے تحت امریکا ، برطانیا، فرانس اور جرمنی نے ایک دفعہ پھر جوا کھیلا ہے۔ نتیجہ چند دنوں میں سب کے سامنے آکے رہے گا۔ اور یہ نتیجہ ماضی سے زیادہ مختلف نہیں ہوگا۔
8. صیہونی میڈیا اس سے پہلے بھی نہ معلوم کتنی دفعہ ایران میں اسلامی جمہوری نظام کے خاتمے کی خبریں نشر کر چکی ہے۔ اصل میں یہ خبریں نہیں ہوتیں بلکہ یہ انکی تمنائیں ہوتی ہیں جو نہ پہلے پوری ہوئی ہیں نہ اب ہونے والی ہیں۔
9. جب آمریکا اور مغرب بلا شرکت غیر سپر پاور تھا، اس وقت اسلامی جمہوری نظام کو توڑ نہیں پایا ، اب تو پورا مغرب زوال کا شکار ہے۔ اسکے برعکس اس وقت جمہوری اسلامی پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ .... وَمَن يَتَوَكَّلْ عَلَى اللَّهِ فَهُوَ حَسْبُهُ إِنَّ اللَّهَ بَالِغُ أَمْرِهِ قَدْ جَعَلَ اللَّهُ لِكُلِّ شَيْءٍ قَدْرًا(الطلاق:3)