30/04/2025
گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کا عالمی یوم مزدور کے موقع پر خصوصی پیغام ۔!
گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد امریکا کے شہر شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کو یاد کرنا ہے۔ انسانی تاریخ میں محنت و عظمت اور جدوجہد سے بھرپور استعارے کا دن یکم مئی ہے۔ 1884ء میں شکاگو میں سرمایہ دار طبقے کے خلاف اٹھنے والی آواز، اپنا پسینہ بہانے والی طاقت کو خون میں نہلا دیا گیا، مگر ان جاں نثاروں کی قربانیوں نے محنت کشوں کی توانائیوں کو بھرپور کردیا۔ مزدوروں کا عالمی دن کارخانوں، کھتیوں کھلیانوں، کانوں اور دیگر کارگاہوں میں سرمائے کی بھٹی میں جلنے والے لاتعداد محنت کشوں کا دن ہے اور یہ محنت کش انسانی ترقی اور تمدن کی تاریخی بنیاد ہیں۔
گورنر سید مہدی شاہ نے مزید کہا کہ مہنگائی نے مزدوروں کی زندگیوں میں بہت بڑا بحران لے کر آئی ہے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر مہنگائی کی وجہ سے دھاڑی دار طبقے بری طرح متاثر ہوچکے ہیں۔اسلئے میں ہمہ وقت کوشاں ہوں کہ گلگت بلتستان کے عوام کو روزگار ، غریبوں کو اسپیشل پیکجز وغیرہ فراہم کراکر انکی زندگیوں میں خوشحالی لاسکو اور انشاء اللہ ہر گھڑی مزدور طبقے کےلئے اپنی کوششیں جاری رکھوں گا۔
گورنر نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پسے ہوئے طبقے کی نمائندگی کی، پاکستان میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مزدورں کے ڈھال بن کر انکے حقوق کے لیے آواز بلند کیا۔ لیکن بدقسمتی سے اب بھی مکمل طور پر مزدوروں کو محنت کے حساب سے اجرت نہیں ملتی ، آج یکم مئی کے موقع پر مزدوروں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عہد کرتے ہیں کہ مزدور طبقے کی حقوق کےلئے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔ اللہ پاک ہم سب کا حامی و ناصر ہو, آمین ۔