24/09/2026
گلگت ۔
حکومتِ گلگت بلتستان اور یورپی یونین کے وفد کے درمیان منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں گلگت بلتستان کاربن اسٹریٹیجی اینڈ ایکشن پلان پیش کیا گیا، جو خطے کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ بنانے، قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال اور ماحول کے تحفظ کے لیے ایک اہم اور دور رس پیش رفت ہے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر جنگلات گلگت بلتستان جناب راجہ ناصر علی خان صاحب سمیت صوبائی کابینہ کے اراکین، گلگت بلتستان اسمبلی کے اراکین اور حکومت کے اعلیٰ انتظامی افسران نے شرکت کی۔
کاربن اسٹریٹیجی اینڈ ایکشن پلان میں کاربن کے اخراج میں کمی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی استعداد میں اضافہ، پائیدار جنگلاتی انتظام، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال اور ماحول دوست ترقی کے لیے ایک جامع فریم ورک پیش کیا گیا ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری جنگلات سبطین احمد نے فورم کو کاربن اسٹریٹیجی اینڈ ایکشن پلان کے اغراض و مقاصد، اہمیت اور متوقع اثرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ اس اہم دستاویز کی تیاری میں یورپی یونین کی تکنیکی معاونت اور تعاون کو بھی سراہا گیا۔
اجلاس کے دوران گلگت بلتستان کاربن اسٹریٹیجی اینڈ ایکشن پلان یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس (Raimundas Karoblis) کے سامنے پیش کیا گیا اور بعد ازاں اس اہم دستاویز کی ایک کاپی باضابطہ طور پر یورپی یونین کے سفیر کے حوالے کی گئی۔
راجہ ناصر علی خان صاحب نے گلگت بلتستان کے جنگلات، قدرتی وسائل، حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی نظام کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس امر کی ضرورت پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ، مربوط پالیسی سازی اور عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
گلگت بلتستان اپنی منفرد جغرافیائی حیثیت، وسیع جنگلات، گلیشیئرز، دریاؤں اور قدرتی حیاتیاتی تنوع کے باعث موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے حوالے سے انتہائی اہم خطہ ہے۔ ایسے میں کاربن اسٹریٹیجی اینڈ ایکشن پلان مستقبل میں ماحولیاتی تحفظ، جنگلات کے پائیدار انتظام اور موسمیاتی لچک میں اضافے کے لیے ایک اہم رہنما فریم ورک ثابت ہو سکتا ہے۔
مذید کمنٹ میں