
12/06/2025
بھمبر :گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول بھمبر کے سیشن 2007-2008 کے سابق طلباء کی جانب سے اپنے قابلِ احترام اساتذہ کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیے کا انعقاد کیا گیا، جس میں محبت، عقیدت اور جذبات سے بھرپور مناظر دیکھنے کو ملے۔ یہ تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی، جس میں سالوں بعد طلباء اور اساتذہ ایک مقام پہ جمع ہوئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر چوہدری محمد اکرم تھے جنہوں نے اپنی شرکت سے محفل کی رونق میں اضافہ کیا۔ عشائیے میں شرکت کرنے والے معزز اساتذہ میں خورشید، اعظم، طاہر خورشید، زاہد عالم، شیخ صفدر، محسن، عبدالرحمن، حمید ظفر، مرزا اشرف، رضوان اور انصر علی اشرف شامل تھے۔ ان اساتذہ کی آمد پر شاگردوں نے نہایت گرمجوشی اور عقیدت سے استقبال کیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ محفل صرف ایک تقریب نہیں بلکہ ماضی کی یادوں کو تازہ کرنے اور اپنے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک خوبصورت ذریعہ تھی۔ عشائیے کے دوران جذباتی لمحات بھی دیکھنے میں آئے، جہاں کئی شاگردوں کی آنکھیں پرانی یادوں سے نم ہو گئیں۔
تقریب کے منتظمین میں چوہدری جنید اکرم (چیف آرگنائزر)، چوہدری ساجد علی، چوہدری نعمان اللہ، راجہ روحیل اور چوہدری عبدالقدوس شامل تھے، جنہوں نے اس یادگار موقع کو حقیقت کا روپ دینے میں بھرپور محنت کی۔
تقریب کے اختتام پر اساتذہ نے طلباء کی محبت اور احترام پر خوشی کا اظہار کیا اور نیک تمناؤں کے ساتھ دعائیں دیں۔ شرکاء نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایسے مواقع تسلسل سے منعقد ہونے چاہییں تاکہ استاد و شاگرد کے مقدس رشتے کو ہمیشہ زندہ رکھا جا سکے۔