
01/10/2025
مستوج بروغل روڈ کا منصوبہ پی ڈی ڈبلیو پی کے ایجنڈے میں شامل
پشاور (نمائندہ سرحد نیوز)
حکومتِ خیبر پختونخوا کے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کی جانب سے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق، صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (PDWP) کے چوتھے اجلاس میں "مستوج بورغل بائی پاس روڈ" کے منصوبے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق یہ منصوبہ 153 کلومیٹر طویل سڑک کی فیزیبلٹی اسٹڈی (F/S) اور ڈیزائن کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، جس کے لیے ابتدائی طور پر 80 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
یہ منصوبہ نہ صرف اپر چترال کے دشوار گزار علاقوں کو مرکزی شاہراہوں سے منسلک کرے گا بلکہ بروغل ویلی جیسے سرحدی اور سیاحتی مقام تک رسائی کو بھی آسان بنائے گا۔ مقامی عوامی نمائندوں اور شہریوں نے اس منصوبے کو خطے کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے سنگِ میل قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، منصوبے کی تکمیل سے:
علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا،
مقامی افراد کو بنیادی سہولیات تک آسان رسائی حاصل ہوگی،
اور سرحدی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔