08/08/2026
ضلع ایبٹ: بکوٹ شریف: نومنتخب ممبر آزاد کشمیر اسمبلی سردار مختار احمد عباسی کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ LA-29 مظفرآباد 3 سے نومنتخب ممبر اسمبلی سردار مختار احمد عباسی کے اعزاز میں بکوٹ شریف میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے عمائدین، بلدیاتی نمائندگان، اساتذہ اور ان کے ہم عصر طلبہ نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار مختار احمد عباسی نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کلمہ طیبہ کے مضبوط رشتے میں پروئے ہوئے مختلف قبائل کا خوبصورت گلدستہ ہیں۔ کوہالہ کے اس پار آزاد کشمیر ہو یا سرکل بکوٹ، ہم سب ایک ہیں۔ پاکستان بھی ہمارا ہے اور کشمیر بھی ہمارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال میں مشکل ترین حالات کے باوجود عوام نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا اور جمہوری عمل کو مکمل کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اپنی اسمبلی کے ذریعے خیبر پختونخوا اور وفاقی حکومت کی توجہ کوہالہ سے مظفرآباد تک دریائے جہلم کے دونوں اطراف آباد لوگوں کے مسائل کی جانب مبذول کرائیں گے اور ان کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
سردار مختار احمد عباسی نے نوجوان نسل کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشرہ افراتفری کا شکار ہے، تاہم نوجوان محنت اور عزم کو اپنا شعار بنائیں۔ اللہ تعالیٰ کسی کی محنت ضائع نہیں کرتا۔ انہوں نے اپنی تعلیمی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل ترین حالات میں پیدل سفر کرکے تعلیم حاصل کی اور محنت کے ذریعے آج اس مقام تک پہنچے، جو اللہ تعالیٰ کی خاص مہربانی ہے۔
انہوں نے اپنے سابق اساتذہ سردار عثمان عباسی، قاضی جاوید ارشد اور قاضی رشید احمد کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اساتذہ نے ان کی سرپرستی اور تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ آج وہی اساتذہ، ان کے ہم عصر طلبہ اور بکوٹ شریف کے عمائدین اس خوشی کے موقع پر ان کے ساتھ موجود ہیں۔
سردار مختار احمد عباسی نے تقریب کے موقع پر کوہالہ اور برسالہ کے اس پار بکوٹ اور مولیا کو ملانے والے ملحقہ پلوں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کا اعلان بھی کیا، تاکہ علاقے کے عوام کو آمدورفت میں سہولت میسر آ سکے۔
استقبالیہ تقریب جمشید اکرم عباسی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین بکوٹ حسام جمشید عباسی، چیئرمین ملکوٹ سیف اللہ عباسی، وائس چیئرمین واصف راجہ، سابق ناظم کرلی واجد اعوان، غضنفر علی عباسی، حاجی احسن جمشید عباسی، سردار حسیب عباسی ایڈووکیٹ، سابق ایس ایچ او بشارت علی عباسی، سابق ناظم بیروٹ ندیم عباسی، شعیب عباسی، سعید نصیر عباسی، صاحبزادہ قاسم اظہر بکوٹی سمیت دیگر عمائدین نے شرکت کی۔
اس موقع پر گورنمنٹ ہائی سکول بکوٹ کے سابق طالب علم اور موجودہ ممبر آزاد کشمیر اسمبلی سردار مختار احمد عباسی کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
تحریر و رپورٹ: نوید اکرم عباسی