07/09/2023
پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے ووٹرز کے نام سابق صدر پی آراے بہزادسلیمی کا پیغام
معزز ممبران پی آراے ! السلام علیکم
جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات میں آپ کی خدمت کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے فاؤنڈر پینل میدان میں ہے مجھے یقین ہے کہ آپ ہمیشہ کی طرح فاؤنڈر پینل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنے ووٹ کی طاقت سے کامیابی سے ہمکنار کریں گے اور پی آر اے کے ایک آزاد خود مختار اور بیرونی مداخلت اور اثر سے پاک صحافتی تنظیم کے طور پر تشخص کو برقرار رکھنے کو یقینی بنائیں گے میری آپ سے درخواست ہے کہ کل *فاؤنڈر پینل* کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔۔ فائونڈرز پینل کے امیدواران میں
صدر ۔ عثمان خان ، سیکرٹری۔ بشیر چوہدری ، نائب صدر سہیل خان ، سیکرٹری فنانس ظہور احمد، جوائنٹ سیکرٹری فیضان خان ، سیکرٹری اطلاعات عبدالستار چوہدری شامل ہیں ۔
گورننگ باڈی میں وقاص احمد ، یاسر ملک ، عبدرزاق کھٹی ، روزینہ علی
عائشہ ناز ، مرزا عبدالقدوس ، اشفاق بنگش شامل ہیں ۔
معزز ممبران ! چار سال قبل جب میری قیادت میں فاؤنڈر پینل نے پی آر اے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تو میں نے بطور صدر پی آر اے بلا تفریق اپنے تمام ممبران کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کی ۔ پی آراے نا صرف اپنے ممبران بلکہ ملک بھر کے کارکن صحافیوں کی آواز اور ان کے حقوق کی محافظ بنی ۔ صحافیوں کے معاشی حقوق اور تحفظ کے لیے پارلیمان میں قانون سازی کے لیے پی ار اے نے جو کردار ادا کیا آج میڈیا مالکان سمیت کارکن صحافیوں کی تمام تنظیمیں اس کی معترف ہیں ۔ میں سمجھتا ہوں کہ میری قیادت میں پی آراے کی منتخب ایگزیکٹو باڈی نے جو کامیابیاں حاصل کی تھیں ۔ اس کا کریڈٹ مجھ سمیت کسی ایک شخص کو نہیں جاتا ۔یہ تمام کامیابیاں ٹیم ورک اور آپ معزز ممبران کی مسلسل حمایت اور غیر مشروط تعاون کا نتیجہ تھیں ۔ اگر آپ سب کا تعاون نہ ہوتا تو پی آراے کبھی اس قدر مضبوط اور فعال تنظیم نہ بنتی۔
معزز ممبران آج پی آراے کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے اور آپ ہی کے ووٹ نے اس تنظیم کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے اس لیے اپ اپنے ووٹ کو کاسٹ کرتے ہوئے تمام صورتحال کا جائزہ ضرور لیں ۔اس بات کو ضرور مدنظر رکھیں کہ بیرونی عناصر کچھ سہولت کاروں کی مدد سے پی آراے کے قلعہ کو فتح کرنے کے لیے سر دھڑ کی بازی کیوں لگا رہے ہیں وہ امیدواروں کے بعد ووٹرز پر ادھر ادھر سے دبائو ڈلوانے کے روایتی سیاسی ہتھکنڈے اختیار کرنے پر کیوں مجبور ہوئے ہیں ۔ صرف اس لیے کہ انہیں پی آراے کے ووٹرز کی اس مثبت اور مضبوط سوچ کا خوف ہے کہ “ پی آراے کسی دوسری صحافتی تنظیم اور پریس کلب کے زیر اثر نہیں ہونی چاہیے “
مجھے یقین ہے کہ آپ تمام تر منفی ہتھکنڈوں اور دبائو کو مسترد کرتے ہوئے پی آراے کو بیرونی ہاتھوں میں گروی رکھنے کے طے شدہ منصوبہ کی ورکنگ کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند کر دیں گے ۔ انشاءاللہ
معزز ممبران جیسا کہ ووٹ کے لیے امیدوار کا کردار ہمیشہ دیکھنے کی بات کی جاتی ہے اور کی جارہی ہے۔ مجھے اس بات کا بھی یقین ہے کہ آپ امیدواروں کے کردار کا تعین کرتے ہوئے ان کے ماضی کے نعروں ، دعوؤں اور موجودہ زمینی حقائق میں موجود تضاد کو ضرور سامنے رکھیں گے ۔ کیونکہ کردار کا تعین تقریروں نہیں عمل سے ہوتا ہے ، کردارکا تعین مصلحت پسندی نہیں اصول پسندی سے ہوتا ہے ، کردار کا تعین بیرونی حملہ آوروں کا سہولت کار بننے نہیں اپنے گھر کے تحفظ کے لیے متحد اور یکجا ہونے سے ہوتا ہے ۔ کردار کا تعین ذاتی مفاد کے لیے کسی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہونے سے نہیں ایک سوچ اور نظریہ پر کاربند رہنے سے ہوتا ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کا انتخاب صحافی دشمن اینکرز کے محافظ نہیں بلکہ کارکن صحافیوں کے حقوق کا نگہبان فائونڈر پینل ہوگا۔انشاءاللہ
بہزادسلیمی ، سابق صدر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن