05/09/2026
نیوز سورس ۔ مانسہرہ پولیس فیس بک پیج۔
ناران میں سیاح فیملی سے ڈکیتی اور خاتون کو فائرنگ سے زخمی کرنے کی خبر بے بنیاد ہے۔(مانسہرہ پولیس)
ضلع مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران میں سیاح فیملی سے ڈکیتی اور فائرنگ کے نتیجے میں خاتون کو ٹانگ پر گولی لگنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر جھوٹی، من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔
مانسہرہ پولیس واضح کرتی ہے کہ ناران کے علاقے میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ کسی سیاح فیملی سے ڈکیتی، فائرنگ یا خاتون کو گولی لگنے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔
ناران، کاغان اور دیگر سیاحتی علاقوں میں سیاحوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے پولیس کی خصوصی نفری تعینات ہے، جو چوبیس گھنٹے اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ پولیس کی جانب سے سیاحوں کی سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال پر مسلسل کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
مانسہرہ پولیس نے عوام اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر یقین نہ کریں اور نہ ہی ایسی خبروں کو آگے شیئر کریں۔ کسی بھی واقعے یا خبر کی تصدیق کے لیے پولیس کے آفیشل ذرائع سے رجوع کیا جائے۔
جھوٹی، من گھڑت اور گمراہ کن خبریں یا افواہیں پھیلا کر عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلع مانسہرہ سیاحوں کے لیے پُرامن اور محفوظ ہے۔ مانسہرہ پولیس سیاحوں کی حفاظت، سہولت اور خدمت کے لیے ہمہ وقت موجود ہے۔