09/09/2025
کراچی کے علاقے لانڈھی، ضلع ملیر کے علی محمد بروہی گوٹھ میں واقع دینی درسگاہ معہد ابی ایوب انصاری کے زیرِاہتمام تحفظ ختمِ نبوت و کردارِ علماء دیوبند کانفرنس اور دوسرا آل کراچی بین الطلاب المدارس تقریری مقابلہ ایک روح پرور اور ایمان افروز ماحول میں نہایت شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، بعد ازاں معروف نقیب حافظ محب اللّٰہ ثانی نے پروگرام کی نظامت سنبھالی۔ محفل کو معنویت بخشنے کے لیے ملک کے ممتاز ثناء خواں حافظ مولانا حزیفہ رحیمی اور حافظ مولانا تنویر ظفر آزاد نے حمد و نعت پیش کی، جبکہ مہد کی باصلاحیت طالبہ نے نہایت پرسوز آواز میں حمد، نعت اور اسلامی نظم پیش کر کے شرکاء کے دل جیت لیے۔
پروگرام کے آغاز سے کچھ لمحے قبل موسم نے اچانک رنگ بدلا اور تیز بارش نے فضا کو معطر کر دیا۔ اگرچہ کچھ شرکاء موسم کی خرابی کے باعث نہ پہنچ سکے، مگر بارش تھمتے ہی مہمانانِ گرامی، علماء کرام اور شرکاء کی بڑی تعداد نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور محفل کو رونق بخشی۔
مہمانانِ خصوصی میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مبلغ، سالارِ حریت حضرت مولانا مفتی اسحاق مصطفیٰ اور شیخ الحدیث حضرت مولانا سیدالرحمان شاہ الحسینی شامل تھے، جنہوں نے اپنے پرجوش اور فکری خطابات سے حاضرین کے دلوں کو ختم نبوت کے اہم اور ایمانی مسئلے کی طرف مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کا فریضہ ہے کہ ہمہ وقت ختم نبوت پر پہرہ جاری رکھے۔ ان کا مزید کہنا ہےکہ غیر مسلم این جی اوز تعلیمی نصاب کے ذریعے امت مسلمہ کے ایمان پر حملہ آور ہیں۔ امت مسلمہ بیداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نسلوں کو ختم نبوت کے اہم مسئلے سے آگاہ کرتے رہا کریں۔
بین المدارس تقریری مقابلے میں کراچی کے مختلف دینی مدارس سے تعلق رکھنے والے بارہ منتخب طلبہ نے شرکت کی۔ موضوع "تحفظ ختمِ نبوت" پر طلبہ نے علم و فصاحت اور جزبۂ ایمانی سے بھرپور تقاریر پیش کیں، جنہیں شرکاء نے خوب سراہا۔ ججز کے فرائض مولانا صفوان اور مولانا محمد ایاز رشید نے انجام دیے۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبہ کو خصوصی شیلڈز، سرٹیفکیٹس اور انعامات سے نوازا گیا، جبکہ تمام شرکاء کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔ طلبہ، والدین اور اساتذہ نے پروگرام کے حسنِ انتظام کو سراہا اور اسے ایک یادگار دینی اجتماع قرار دیا۔
اس موقع پر پروگرام کے روحِ رواں، مہتمم ادارہ حضرت مولانا طلحہ دوست محمد نے شان دار پاکستان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"الحمدللہ! یہ کامیاب پروگرام صرف ایک تقریب نہیں، بلکہ تحفظ ختم نبوت کے پیغام کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا ذریعہ بنا۔ ہم تمام مہمانان، اساتذہ، والدین اور طلبہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اپنی موجودگی سے اس محفل کو وقار بخشا۔ بارش آزمائش بنی، لیکن مؤمنوں کے قدم نہ رکے، بلکہ جذبہ اور بڑھ گیا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے پروگرامز مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ ہماری نئی نسل نظریاتی بنیادوں پر مضبوط ہو اور تحفظ ختم نبوت کا شعور ہر دل میں زندہ رہے۔
پروگرام کا اختتام دعا اور درود و سلام کی پرنور فضا میں ہوا۔