
08/08/2025
سندھ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اب شناختی کارڈ پر ہوگی، نمبر پلیٹس دوبارہ قابلِ استعمال
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کا نیا نظام متعارف کرانے کی منظوری دے دی گئی، جس کے تحت رجسٹریشن نمبرز گاڑی کے چیسز نمبر کے بجائے مالک کے قومی شناختی کارڈ سے منسلک ہوں گے۔
اس نظام کے تحت نمبر پلیٹ گاڑی کے ساتھ منسلک نہیں ہوگی بلکہ مالک کے پاس رہے گی، جسے گاڑی فروخت کے بعد بھی دوبارہ استعمال یا حکام کو واپس کیا جا سکے گا۔ اگر مالک پلیٹ واپس نہ کرے تو اسے نیلام یا دوبارہ جاری کیا جا سکے گا۔
اجلاس میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد صرف آئی بی اے سکھر کے سپرد کرنے، تعلیمی بورڈز ایکٹ میں ترمیم کر کے گریڈ 19 اور 20 کے افسران کو چیئرمین بنانے، گاڑیوں کی فٹنس سینٹرز قائم کرنے اور کورونا کے دوران بھرتی عملے کی آخری توسیع کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کو نئے نظام کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے اور مکمل کامیابی کے بعد اسے مرحلہ وار نافذ کرنے کی ہدایت دی۔