01/10/2025
پریس ریلیز
نیو کراچی ٹاؤن میں 600 گلیوں میں پیور بلاک کی تنصیب کا آغاز۔
امیر کراچی جماعت اسلامی منعم ظفر خان نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کے ہمراہ ترقیاتی کام کا افتتاح کیا۔
سالانہ سینکڑوں ارب ٹیکس ادا کرنے والوں کا حق ہے کہ انہیں بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان
گزشتہ دو برسوں میں جماعت اسلامی کے ماتحت نو ٹاؤنز میں 270 پارکس تعمیر کیے ہیں شہر قائد کی خوبصورتی کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔منعم ظفر خان
ترقیاتی منصوبے کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے ماہرین کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو مٹیریل اور کام کی کڑی نگرانی کرے گی۔چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف
ہم بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں لیکن واٹر اینڈ سیوریج کی ناکارہ لائنوں سے رساؤ ہمارے ترقیاتی کاموں کو خراب کررہا ہے۔چیئرمین محمد یوسف
مورخہ:01 / اکتوبر 2025
کراچی ( )نیو کراچی ٹاؤن میں 600 گلیوں کو پیور بلاک کے ذریعے پختہ کرنے کے منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی امیر کراچی جماعت اسلامی منعم ظفر خان تھے۔ اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف،امیر ضلع شمالی جماعت اسلامی طارق مجتبیٰ، وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، یوسیز کے چیئرمین، عوامی نمائندے اور ٹاؤن افسران بڑی تعداد میں شریک تھے۔منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی کے عوام نے اس سال 3556 ارب روپے ٹیکس ادا کیے ہیں، لہٰذا یہ ان کا حق ہے کہ انہیں بہترین بلدیاتی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اپنے اختیار سے بڑھ کر عوامی خدمت کی ہے۔ نیو کراچی ٹاؤن میں 600 گلیوں کو پیور بلاک سے پختہ کرنا اسی خدمت کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کا آغاز ’خوبصورت گلیاں، خوبصورت ٹاؤن‘ کے نعرے کے ساتھ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں جماعت اسلامی نے اپنے نو ٹاؤنز میں 270 پارکس تعمیر کیے ہیں۔ ہماری جدوجہد کو کوئی نہیں روک سکتا، ہم ترقیاتی منصوبوں میں اضافہ کرتے رہیں گے اور کراچی کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔ کراچی کے عوام کے ٹیکس کا ہر روپیہ عوامی خدمت پر خرچ ہوگا۔ 600 گلیوں میں پیور بلاک کی تنصیب تعمیر و ترقی کی نئی بنیاد ہے۔ میں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے پہلے مرحلے میں 600 گلیوں کی تنصیب شروع کر دی ہے اور دوسرے مرحلے میں مزید 600 گلیوں پر کام کیا جائے گا۔چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ہم نے نیو کراچی ٹاؤن میں 600 گلیوں کو پیور بلاک کے ذریعے پختہ کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سے گلیاں صاف ستھری اور کشادہ ہوں گی اور ماحول خوشگوار ہوگا۔ منصوبے کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے ایک ماہر ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو مٹیریل اور کام کی کڑی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صفائی ستھرائی، سڑکوں کی بہتری اور پارکس کی تعمیر کے منصوبے مکمل کیے ہیں لیکن سیوریج اور پانی کی پائپ لائنز کی خرابی اکثر ان ترقیاتی کاموں کو متاثر کرتی ہے۔ میں مرتضیٰ وہاب صاحب سے کہوں گا کہ وہ نیو کراچی ٹاؤن کی تمام یوسیز کو یکساں نظر سے دیکھیں۔ عوامی خدمت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ شفیق موڑ سے اللہ والی تک 7000 روڈ کی فوری تعمیر کی جائے جو عرصے سے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔ یہ شاہراہ ٹریفک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کی تعمیر میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ صرف تعمیر نہیں بلکہ عوامی سہولت اور خوشگوار ماحول کی طرف ایک قدم ہے۔