28/10/2025
سندھ ہائیکورٹ نے مخدوش عمارتوں کو سیل کرنے کے معاملے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو ہدایت کی ہے کہ آزاد ماہر سے عمارتوں کے اسٹرکچر کی جانچ کروائی جائے۔ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں مکینوں کی درخواستوں پر سماعت کے دوران جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہا کہ شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ بعض عمارتوں کو مخدوش قرار دے کر زبردستی خالی کرایا جا رہا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کمیٹی کس بنیاد پر عمارت کو مخدوش قرار دیتی ہے؟ جس پر رکن کمیٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر کمیٹی کی رپورٹ پر اعتماد نہیں تو تھرڈ پارٹی ماہرین سے بھی معائنہ کرایا جا سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ شفافیت کے لیے آزاد ماہر کی رپورٹ ضروری ہے۔