14/01/2026
*واشک:*
سوشل میڈیا پر سرکاری ادویات سے متعلق خبر وائرل ہونے کے بعد خادمِ واشک اور رکنِ صوبائی اسمبلی حاجی زابد علی ریکی نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ اور سیکرٹری صحت سے براہِ راست رابطہ کیا۔ عوامی تشویش اور خبر کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی ایچ او واشک کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے محکمانہ کارروائی شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔
اس موقع پر خادمِ واشک حاجی زابد علی ریکی کا کہنا تھا کہ ادویات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی خبر کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر ڈی ایچ او واشک کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے وزیرِ صحت اور سیکرٹری صحت سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں شفاف، غیر جانبدار اور جامع تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق عوام کے سامنے آ سکیں اور اگر کسی بھی سطح پر غفلت یا بدعنوانی ثابت ہو تو ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔
حاجی زابد علی ریکی نے مزید کہا کہ بعض عناصر جان بوجھ کر سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور من گھڑت پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں تاکہ خادمِ واشک کی عوامی خدمات کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا سکے، حالانکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی انہوں نے کسی دباؤ کے بغیر فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈی ایچ او کی معطلی کے احکامات جاری کر دیے تھے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ خادمِ واشک عوام کی صحت اور سرکاری وسائل کے تحفظ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اس قسم کے منفی پروپیگنڈوں سے مرعوب ہونے کے بجائے مزید مضبوطی کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ واشک کے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے والوں کو ہر فورم پر جواب دیا جائے گا اور عوامی مفادات کے خلاف کسی بھی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔