16/09/2026
لیاری جنرل اسپتال: گہری چوٹ لگنے سے زخمی 5 سالہ بچے کا علاج نہ ہوا، باپ کی ویڈیو وائرل
ڈاکٹر کے پاس بال کاٹنے کی مشین نہیں تھی، ٹانکے بھی نہیں لگائے گئے
لیاری جنرل اسپتال میں طبی غفلت کا ایک اور چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک باپ اپنے 5 سالہ بیٹے کو گہری چوٹ لگنے سے زخمی اور خون سے لت پت حالت میں ہنگامی وارڈ لے کر پہنچا، مگر ڈاکٹروں نے نہ تو فوری علاج کیا اور نہ ہی ضروری کارروائی کی۔
واقعے کے مطابق بچے کو گہری چوٹ لگی تھی، جس کے بعد اسے فوری طور پر لیاری جنرل اسپتال لایا گیا۔ اسپتال عملے نے بچے کے زخمی حصے کے بال کاٹنے کے لیے مشین نہ ہونے کا بہانہ بنایا اور نہ ہی ٹانکے لگائے، جبکہ مزید علاج یا ضروری ٹیسٹ کرنے سے انکار کر دیا۔
مایوس باپ نے اسپتال عملے کی کارروائی کی ویڈیو بنا لی، جو سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس میں تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں باپ کو ڈاکٹروں سے سوال کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ "بچہ خون سے لت پت ہے، گہری چوٹ لگی ہے، آپ کے پاس بال کاٹنے کی مشین تک نہیں، ٹانکے بھی نہیں لگا رہے، آپ علاج کیوں نہیں کر رہے؟"
عوامی غم و غصہ، کارروائی کا مطلبہ
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور شہریوں میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری اسپتال میں معصوم بچے کا علاج نہیں ہو سکتا تو پھر عام آدمی کہاں جائے؟
ذمہ داران سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور ملوث ڈاکٹروں اور عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
محکمہ صحت سے نوٹس کا مطالبہ
شہری حلقوں نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن اور محکمہ صحت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ لیاری جنرل اسپتال میں پیش آنے والے اس واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، متاثرہ بچے کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور غفلت برتنے والے عملے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔