10/09/2026
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کے مختلف تھانوں پر اچانک چھاپے، وردی کے بغیر موجود پولیس اہلکاروں کی معطلی کے احکامات
کراچی: صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے شہر کے مختلف تھانوں پر اچانک چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے تھانوں میں پولیس وردی کے بغیر موجود متعدد پولیس اہلکاروں اور افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے اپنے دورے کا آغاز فیروز آباد تھانے سے کیا، جہاں انہوں نے تھانے میں موجود شہریوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور مشکلات دریافت کیے اور متعلقہ افسران کو فوری طور پر مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ سندھ نے مختلف مقدمات میں گرفتار افراد سے بھی پولیس کے رویے اور دیگر امور کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور پولیس افسران کو شہریوں کے ساتھ قانون کے مطابق برتاؤ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ وہ دوبارہ تھانوں کا دورہ کریں گے اور واضح کیا کہ ’’کوئی چھوٹا منشی، بڑا منشی نہیں چلے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو وردی پہن کر ڈیوٹی انجام دینا ہوگی۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کا بنیادی کام عوام کی خدمت اور ان کے جان و مال کا تحفظ ہے، اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔