25/10/2025
کراچی کے علاقے ڈیفنس سے چوری کے الزام میں گرفتار گھریلو ملازم کروڑ پتی نکلا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 45 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پانے والے ملازم کے کروڑوں کے اثاثے نکل آئے ہیں، اور معلوم ہوا ہے کہ وہ 4 بینک اکاؤنٹس کا مالک بھی ہے، ملزم نے چوری کی رقم سے کراچی کے پوش علاقے میں فلیٹ، ہری پور اور اسلام آباد میں پلاٹس خرید رکھے ہیں، بینک اکاؤنٹس سے ایک کروڑ 86 لاکھ روپے ٹرانزکشن کے ثبوت بھی مل گئے۔ حکام کے مطابق ملزم کی نشان دہی پر برآمد سونے کی مالیت سوا کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے، ملزم نے چوری کی رقم سے ایک مسافر وین بھی خریدی ہے جو اسلام آباد سے ہری پور چل رہی ہے، 8 سال کی ملازمت کے دوران ملزم نے معمر جوڑے کے بینک اکاؤنٹس، لاکرز سمیت ہر جگہ تک رسائی حاصل کی، بزرگ جوڑے کو بیرون ملک مقیم بیٹا اور بیٹی ماہانہ بھاری رقم بھیجا کرتے تھے، ملزم کے بینک اکاؤنٹس بلاک کرانے اور ٹرانزیکشنز کی معلومات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔