02/08/2026
متحدہ عرب امارات نے رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے درخواست دینے والے پاکستانی شہریوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجراء دوبارہ شروع کردیا، جس سے گزشتہ کئی ماہ سے جاری غیر یقینی صورتحال میں نمایاں کمی آئی ہے، اس پیشرفت کی تصدیق سفری صنعت سے وابستہ نمائندوں اور پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کے ایک اہلکار نے کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات تقریباً 18 لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر سمجھا جاتا ہے اور یہ پاکستان کے لیے ترسیلات زر کے سب سے بڑے ذرائع میں بھی شامل ہے، حالیہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کئی ماہ سے پاکستانی درخواست گزار ویزوں کے اجراء میں تاخیر اور سخت جانچ پڑتال کی شکایات کر رہے تھے، اگرچہ اسلام آباد اور ابوظہبی مسلسل اس بات کی تردید کرتے رہے کہ پاکستانی شہریوں پر کسی قسم کی باضابطہ ویزہ پابندی عائد ہے۔
ٹریول انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ سب سے بڑی سہولت خاندانوں کو ملی ہے کیونکہ جن درخواستوں کو پہلے طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اب ان پر نسبتاً تیزی سے کارروائی کی جا رہی ہے، اروما ٹریولز کے چیف ایگزیکٹو اور ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین محمد ندیم شریف نے بتایا کہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے نے خاندانوں کے ساتھ سفر کرنے والے پاکستانی سیاحوں کو دوبارہ وزٹ ویزے جاری کرنا شروع کر دیئے ہیں، جو ایک انتہائی مثبت پیشرفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی شہری جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سفر کر رہے ہیں یا متحدہ عرب امارات میں مقیم اپنے رشتہ داروں سے ملنے جا رہے ہیں، ان کی درخواستوں پر بروقت فیصلہ کیا جا رہا ہے، سیاحت کے فروغ کی مہمات بھی دوبارہ شروع ہو چکی ہیں، جبکہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے باعث متاثر ہونے والی فضائی آمدورفت بھی بتدریج بحال ہو رہی ہے، امیگریشن حکام کے اعداد و شمار بھی سفری سرگرمیوں میں اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ایک سینئر پاکستانی امیگریشن افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ رواں موسم گرما کے آغاز میں پاکستان سے روزانہ تقریباً 170 مسافر دبئی جا رہے تھے، تاہم جولائی کے آخری ہفتے تک یہ تعداد بڑھ کر تقریباً 400 یومیہ ہو گئی، تاہم یہ تعداد دو سال قبل روزانہ سفر کرنے والے تقریباً ایک ہزار مسافروں کے مقابلے میں اب بھی کافی کم ہے۔ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیدار محمد حنیف نے بھی اس بہتری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے سے خاندانوں کے ساتھ سفر کرنے والے پاکستانیوں کی ویزہ درخواستوں کی منظوری میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ماضی میں انفرادی درخواست گزاروں کو زیادہ مسترد کیا جاتا تھا، اس وقت متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانیوں میں خاندانی مسافروں کا تناسب تقریباً 10 فیصد ہے۔
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کے ایک اہلکار نے بھی تصدیق کی کہ رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے عام پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں، اگرچہ ماضی میں بعض علاقوں میں حفاظتی اور سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کارروائی میں تاخیر ہوئی، تاہم اب مکمل دستاویزات رکھنے والے درخواست گزار بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے درخواست دے سکتے ہیں۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ کئی ماہ سے پاکستانی شہریوں کے ویزوں کے اجراء کے حوالے سے مختلف خدشات پائے جا رہے تھے، گزشتہ سال اپریل میں پاکستان کی وزارت داخلہ نے بتایا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور اپنے اماراتی ہم منصب کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزہ اجراء کو آسان بنانے کے لیے ضروری اقدامات پر اتفاق کیا تھا۔
بعد ازاں پاکستان کی وزارت خارجہ نے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ بعض درخواست گزاروں نے جعلی تعلیمی اسناد، ڈپلومے اور ملازمت کے معاہدے جمع کرائے تھے، کچھ پاکستانی شہری متحدہ عرب امارات میں غیر مجاز سیاسی سرگرمیوں، مجرمانہ مقدمات یا سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے باعث قانونی کارروائی کا سامنا بھی کر چکے تھے، جس کے بعد ویزہ درخواستوں کی جانچ پڑتال اور دستاویزی تقاضوں کو مزید سخت کر دیا گیا تھا۔
رپورٹ: اردو پوائنٹ