18/09/2026
واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر ایرانی حکام کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکی ویزے جاری کر دیے ہیں۔ امریکی ٹی وی کے مطابق ایرانی وفد اور ضروری عملے کے ویزے منظور کیے گئے ہیں، تاہم وفد میں شامل حکام کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہے۔
محکمہ خارجہ کے اہلکار کے مطابق امریکا نے میزبان ملک کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں، تاہم ایرانی حکام کا دورہ سفری پابندیوں اور بعض عائد کردہ پابندیوں کے تحت ہوگا۔ دوسری جانب امریکا نے فلسطینی صدر محمود عباس کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے۔