19/09/2025
کراچی میں دو گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے تین واقعات، خوف و ہراس پھیل گیا
کراچی: شہر قائد ایک بار پھر فائرنگ کے واقعات کی زد میں آگیا۔ جمعے کے روز صرف دو گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے، جس سے شہر بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ ناظم آباد نمبر 3 میں پیش آیا، جہاں ذبیر نامی شخص کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کا نتیجہ نہیں لگتا کیونکہ مقتول سے کچھ بھی نہیں چھینا گیا۔
اسی دوران شیر شاہ کے علاقے میں ایک اور شخص کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت فی الحال نہیں ہوسکی، جبکہ ایس ایس پی کیماڑی نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ مقتول سے کوئی قیمتی سامان نہیں چھینا گیا۔
ادھر کورنگی میں ایک مختلف صورتحال سامنے آئی، جہاں ایک شہری نے مبینہ ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی۔ نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ شہر میں بڑھتے مسلح مقابلوں اور عوامی بے بسی کی عکاسی کرتا ہے۔
ان واقعات نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کردی ہے، خاص طور پر اس وقت جب کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے واقعات پہلے ہی عوام کو غیر محفوظ کر چکے ہیں۔ پولیس نے تینوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
---
کرائم ریٹ میں کمی کا دعویٰ
دلچسپ بات یہ ہے کہ انہی واقعات سے قبل ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ 2025 کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران شہر میں سنگین جرائم کی شرح میں 32 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
ان کے مطابق:
قتل کے واقعات میں 30 فیصد کمی
اسٹریٹ کرائم میں 16 فیصد کمی
ڈکیتی کے کیسز میں 20 فیصد کمی
گاڑیاں چوری ہونے کے واقعات میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق ان کامیابیوں کا سہرا بہتر حکمتِ عملی، بروقت انٹیلی جنس اور منظم گینگز کے خلاف سخت آپریشنز کو جاتا ہے۔ صرف آٹھ ماہ میں پولیس نے 2,452 ملزمان کو گرفتار کیا، 62 مغوی شہری بازیاب کروائے، 611 جرائم پیشہ عناصر کو مقابلوں کے بعد گرفتار کیا، جبکہ 94 ہلاک اور 626 زخمی ہوئے۔
مزید برآں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) نے کار چوری میں ملوث 62 گروہوں کو گرفتار کیا اور 23 گاڑیاں برآمد کیں۔
ایڈیشنل آئی جی نے عزم ظاہر کیا کہ کراچی پولیس آنے والے دنوں میں مزید سخت اقدامات کے ذریعے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔