Tauseef Akram Niazi Brain, Books & Growth

Tauseef Akram Niazi Brain, Books & Growth Decoding the brain, human behavior, and growth through powerful books and deep thinking.

17/01/2026

ڈگری بمقابلہ کورسز: ایک خطرناک آدھا سچ جو ہمارے نوجوانوں کو بیچا گیا اور آج بھی بیچا جا رہا ہے

گزشتہ چند برسوں میں، خاص طور پر 2018 کے بعد، پاکستان میں نوجوانوں کی سوچ کے ساتھ ایک عجیب کھیل کھیلا گیا۔ یہ کھیل نہ تعلیمی اصلاح کا تھا، نہ نوجوانوں کے مستقبل کی بہتری کا۔ یہ کھیل دراصل امیدوں، مایوسیوں اور جلدی کامیاب ہونے کی خواہش کو کیش کرنے کا تھا۔ سوشل میڈیا، یوٹیوب اور فیس بک پر ایک نیا بیانیہ زور و شور سے پھیلایا گیا کہ ڈگری اب بیکار ہو چکی ہے، یونیورسٹی وقت کا ضیاع ہے، اور اصل کامیابی چند مہینوں کے کورسز میں چھپی ہے۔

یہ باتیں اتنی بار دہرائی گئیں کہ آہستہ آہستہ سچ لگنے لگیں۔ نوجوانوں کو بتایا گیا کہ اگر وہ چار سال یونیورسٹی میں گزاریں گے تو پیچھے رہ جائیں گے، اور اگر وہ Amazon، Digital Marketing، Freelancing، Dropshipping یا Crypto کے کورسز خرید لیں گے تو چند ہی مہینوں میں کامیاب ہو جائیں گے۔ سوال یہ نہیں کہ اسکلز ضروری ہیں یا نہیں، سوال یہ ہے کہ کیا ڈگری واقعی غیر ضروری ہو چکی ہے؟ اور اس سے بھی اہم سوال یہ ہے کہ یہ بیانیہ آخر کس کے فائدے کے لیے تھا؟

حقیقت یہ ہے کہ یہ بیانیہ تعلیم کے ماہرین، یونیورسٹی اساتذہ، ریسرچرز یا عالمی تعلیمی اداروں کی طرف سے نہیں آیا۔ یہ بیانیہ زیادہ تر اُن لوگوں نے بنایا جن کا کاروبار ہی کورسز بیچنا تھا۔ ان کا مفاد اسی میں تھا کہ نوجوان ڈگری کو کم تر سمجھے، تاکہ وہ آسانی سے ان کے مہنگے کورسز خرید لے۔ یہ ایک مارکیٹنگ نیریٹو تھا، کوئی تعلیمی انقلاب نہیں۔ عالمی سطح پر، جیسے کہ ورلڈ بینک اور یونیسکو کی ریسرچز بتاتی ہیں کہ تعلیم معاشی ترقی کا بنیادی ستون ہے، اور ڈگری جیسی منظم تعلیم کے بغیر مستحکم ترقی ممکن نہیں۔

یہاں ایک بات بہت واضح ہونی چاہیے: اسکلز بے حد اہم ہیں۔ آج کی دنیا میں عملی مہارت کے بغیر کوئی بھی آگے نہیں بڑھ سکتا۔ لیکن اس سچ کو بنیاد بنا کر یہ کہنا کہ ڈگری کی کوئی ضرورت نہیں، ایک آدھا سچ ہے — اور آدھا سچ اکثر پورے جھوٹ سے زیادہ خطرناک ہوتا ہے۔ دنیا کبھی بھی صرف اسکلز پر نہیں چلتی، دنیا علم، سوچ، تربیت، ڈسپلن اور سٹرکچر پر چلتی ہے، اور یہی وہ چیزیں ہیں جو ڈگری فراہم کرتی ہے۔ اسی سے جڑی ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹس، بتاتی ہیں کہ ڈگری ہولڈرز کی بے روزگاری کی شرح نصف ہوتی ہے اور وہ 20-50% زیادہ کماتے ہیں۔ پاکستان میں بھی، ہر سال کی اضافی تعلیم آپ کی آمدنی 7-8% بڑھاتی ہے، جیسا کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (PIDE) کی ریسرچ سے ثابت ہے۔

ڈگری محض ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں ہوتی، جیسا کہ ہمیں بتایا گیا۔ ڈگری ایک چار سالہ ذہنی، فکری اور شخصی سفر ہوتی ہے۔ یہ وہ عرصہ ہوتا ہے جس میں انسان صرف ایک مضمون نہیں پڑھتا، بلکہ وہ سیکھتا ہے کہ سوچنا کیسے ہے، سوال کیسے اٹھانے ہیں، دلیل کیسے دینی ہے، تحقیق کیا ہوتی ہے، اور کسی مسئلے کو سطحی نہیں بلکہ گہرائی سے کیسے سمجھا جاتا ہے۔ یونیورسٹی انسان کو فوری پیسہ کمانا نہیں سکھاتی، بلکہ طویل المدت زندگی کے لیے تیار کرتی ہے۔ عالمی ماہرین، جیسے کہ ہارورڈ یونیورسٹی کے پروفیسرز، کہتے ہیں کہ ڈگری تنقیدی سوچ اور لائف لانگ لرننگ کی بنیاد رکھتی ہے، جو آن لائن کورسز سے مکمل طور پر نہیں مل سکتی۔

یونیورسٹی کا سب سے بڑا فائدہ وہ ایکسپوژر ہے جو کسی آن لائن کورس سے نہیں ملتا۔ مختلف پس منظر سے آئے ہوئے لوگ، مختلف خیالات، اساتذہ کی رہنمائی، بحث و مباحثہ، سیمینارز، ریسرچ، گروپ ورک، ناکامی کا سامنا، مقابلے کا دباؤ — یہ سب مل کر انسان کی شخصیت کو نکھارتے ہیں۔ یہی ایکسپوژر انسان کو ذہنی طور پر بالغ بناتا ہے اور عالمی دنیا میں کھڑے ہونے کے قابل بناتا ہے۔ فوربز میگزین کی 2026 کی ایک رپورٹ کے مطابق، 68% ایمپلائرز ڈگری کو اہم سمجھتے ہیں، اور 86% سرٹیفیکیٹس کو بھی، لیکن ڈگری کی جگہ نہیں۔

یہ بات درست ہے کہ اگر کوئی طالبعلم صرف کورس کی کتابوں تک محدود رہے، صرف امتحان پاس کرنے کو مقصد بنائے، اور خود کو بہتر بنانے کی کوشش نہ کرے، تو ایسی ڈگری واقعی کمزور ہو سکتی ہے۔ مگر اس کا حل ڈگری کو ترک کرنا نہیں، بلکہ ڈگری کے ساتھ خود سیکھنے کی عادت پیدا کرنا ہے۔ اپنی فیلڈ سے متعلق اضافی کتابیں پڑھنا، عالمی مصنفین اور ریسرچرز کو پڑھنا، Coursera، Udemy، edX جیسے پلیٹ فارمز سے کورسز کرنا، یوٹیوب کو سنجیدگی سے سیکھنے کے لیے استعمال کرنا، اور اپنی فیلڈ کے ماہرین کو سننا — یہی وہ راستہ ہے جو ڈگری کو طاقت میں بدل دیتا ہے۔ جارج ٹاؤن یونیورسٹی کی ریسرچ بتاتی ہے کہ آن لائن ڈگریاں روایتی ڈگریوں کی طرح معیاری ہیں، لیکن روایتی ڈگریاں ایکسپوزر کی وجہ سے برتری رکھتی ہیں۔

میں یہ بات کسی نظری بحث یا سوشل میڈیا ٹرینڈ کی بنیاد پر نہیں کہہ رہا، بلکہ اپنی آنکھوں سے دیکھی ہوئی حقیقت کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں۔ میں نے ایسے طالبعلم دیکھے ہیں جن کا تعلق انتہائی غریب خاندانوں سے تھا، مگر تعلیم نے اُن کی زندگی کی سمت بدل دی مثلاً میرا ایک طالبعلم آج بارسلونا، اسپین میں ایک ٹیک کمپنی میں کام کر رہا ہے۔ ماشاءاللہ نہ صرف خود اچھی زندگی گزار رہا ہے بلکہ اُس نے اپنے پورے خاندان کی حالت بدل دی ہے۔ ایک اور طالبعلم اٹلی کی ٹاپ رینکڈ انجینئرنگ یونیورسٹی سے Civil Engineering میں ماسٹرز کر رہا ہے، وہ بھی اسکالرشپ پر، جبکہ اُس کا تعلق ایک عام مڈل کلاس خاندان سے تھا۔ اُس کا بڑا بھائی، ماشاءاللہ، صرف 28 سال کی عمر میں تقریباً چار لاکھ روپے ماہانہ کما رہا ہے۔ اسی طرح کئی اور مثالیں ہیں جو یہ ثابت کرتی ہیں کہ تعلیم کوئی نظریہ نہیں، بلکہ ایک عملی حقیقت ہے جو زندگی بدلتی ہے۔

دنیا آج بھی ڈگری کو اہم سمجھتی ہے۔ MBBS، Engineering، Nanotechnology، Biotechnology، Artificial Intelligence، Data Science، Civil، Electrical اور Mechanical Engineering جیسی فیلڈز ایسی ہیں جہاں ڈگری کے بغیر داخلہ ہی ممکن نہیں۔ ڈاکٹر بننے کے لیے، انجینئر بننے کے لیے، ریسرچ کرنے کے لیے، یا عالمی اسکالرشپس حاصل کرنے کے لیے ڈگری ایک بنیادی شرط ہے۔ دنیا نے ڈگری کو ختم نہیں کیا، بلکہ ڈگری کو اسکلز کے ساتھ جوڑ دیا ہے۔ امریکی پبلک یونیورسٹی ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق، بیچلر ڈگری ہولڈرز کی بے روزگاری نصف ہوتی ہے اور وہ لائف ٹائم میں 1.2 ملین ڈالرز زیادہ کماتے ہیں۔ پاکستان میں بھی، ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ریسرچ سے پتہ چلتا ہے کہ ہائر ایجوکیشن سے ماہانہ آمدنی میں PKR 24,840 کا اضافہ ہوتا ہے، اور تعلیم کی شرح منافع 10.5% ہے۔

پاکستان میں مسئلہ یہ ہے کہ ہمارا لٹریسی ریٹ اب بھی کم ہے، معیاری تعلیم عام آدمی کی پہنچ سے دور ہے، اور کیریئر گائیڈنس نہ ہونے کے برابر ہے۔ 2026 کی تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان کا لیٹریسی ریٹ 62-63% ہے، جہاں مردوں کا 68-73% اور عورتوں کا 52-60% ہے۔ تقریباً 60 ملین لوگ ان پڑھ ہیں، اور 22-25 ملین بچے سکول سے باہر ہیں۔ یہ کم لیٹریسی ہماری معاشی ترقی کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ورلڈ بینک اور پاکستانی ریسرچرز کی رپورٹس بتاتی ہیں کہ لیٹریسی میں 1% اضافہ GDP میں 0.3-0.5% اضافہ کر سکتا ہے۔
دوسری طرف کم لیٹریسی غربت بڑھاتی ہے، نوکریوں کی کمی پیدا کرتی ہے، اور ملک کو عالمی مقابلے میں پیچھے چھوڑتی ہے۔ اسی خلا کا فائدہ اٹھا کر شارٹ کٹ بیچنے والوں نے نوجوانوں کو یہ یقین دلایا کہ تعلیم مسئلہ ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جو ایک غریب، ایک مڈل کلاس، ایک عام انسان کو اوپر اٹھنے کا موقع دیتی ہے۔ عالمی ماہرین جیسے کہ ہینری پیٹرینوس (ورلڈ بینک) کہتے ہیں کہ ترقی پذیر ممالک میں تعلیم کی شرح منافع 9.3% ہے، جو پاکستان جیسے ملکوں کے لیے اور بھی اہم ہے۔

کورسز اپنی جگہ اہم ہیں، مگر کورسز تعلیم کا نعم البدل نہیں۔ کورسز آپ کو ایک اسکل سکھا سکتے ہیں، مگر وہ آپ کو وہ فکری پختگی، وہ وسعتِ نظر، وہ نظم و ضبط اور وہ شناخت نہیں دے سکتے جو تعلیم دیتی ہے۔ تعلیم انسان کو صرف کمائی نہیں سکھاتی، بلکہ زندگی سمجھنا سکھاتی ہے۔ نور تھسٹرن یونیورسٹی کی ریسرچ سے پتہ چلتا ہے کہ 61% HR لیڈرز آن لائن لرننگ کو برابر یا بہتر سمجھتے ہیں، لیکن روایتی ڈگریاں شخصیت کی ترقی میں برتری رکھتی ہیں۔

ڈگری کوئی جادو نہیں، یہ بات ماننی پڑے گی۔ مگر ڈگری ایک ایسا راستہ ضرور ہے جو انسان کو خواب دیکھنے، انہیں حقیقت میں بدلنے، اور عالمی دنیا میں اپنی جگہ بنانے کا موقع دیتا ہے۔ شارٹ کٹس وقتی فائدہ دے سکتے ہیں، مگر طویل المدت عزت، استحکام اور ترقی ہمیشہ تعلیم سے آتی ہے۔

یہ تحریر کسی بحث یا تکرار کے لیے نہیں، بلکہ ایک آنکھیں کھول دینے والا ریئلٹی چیک ہے۔ اگر ہم واقعی اپنی آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتر دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں ڈگری اور اسکلز کو لڑانے کے بجائے، دونوں کو ایک ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ کیونکہ تاریخ، تجربہ، عالمی شواہد اور زمینی حقیقت — سب ایک ہی بات کہتے ہیں:
تعلیم آج بھی طاقت ہے،
تعلیم آج بھی امید ہے،
اور تعلیم آج بھی زندگی بدلنے کا سب سے مضبوط ذریعہ ہے۔

توصیف اکرم نیازی

کیا زیادہ چیزوں کا مطلب زیادہ خوشی ہے؟کیا زیادہ آپشنز کا مطلب زیادہ اطمینان ہے؟کیا یہ آپشنز ہمارے فیصلوں پر اثر انداز ہو...
07/01/2026

کیا زیادہ چیزوں کا مطلب زیادہ خوشی ہے؟
کیا زیادہ آپشنز کا مطلب زیادہ اطمینان ہے؟
کیا یہ آپشنز ہمارے فیصلوں پر اثر انداز ہوتے ہیں؟
اگر آپ ان میں سے کسی سوال کا جواب جاننا چاہتے ہیں تو یہ پوسٹ آپکے لیے ہے.

Short Summary of Book:The Paradox of Choice:Wgy More Is Less

ہم سب کی زندگی میں روزانہ کی بنیاد پر فیصلے کرنے کی بھرمار ہوتی ہے۔ کبھی کپڑے خریدنے کا انتخاب، کبھی موبائل انٹرنیٹ کے پیکج کا فیصلہ، یا پھر چھٹیوں پر کہاں جانا ہے.
بظاہر یہ سب ہمیں آزادی اور خوشی کا احساس دلاتا ہے، لیکن کیا واقعی یہ زیادہ آپشنز ہماری زندگی کو بہتر بناتے ہیں؟ یا یہ ہمیں الجھن میں ڈالتے ہیں؟
بیری شوا رٹز کی کتاب The Paradox of Choice اسی سوال کا جواب دیتی ہے۔ ان کے مطابق، زیادہ چوائسز ہماری زندگی کو پیچیدہ اور کم خوشگوار بنا سکتی ہیں۔ ایسا کیسے ہوتا ہے تو کتاب کی مختصر سمری شیئر کردیتا ہوں.

زیادہ آپشنز: آزادی یا الجھن؟

کچھ دہائیاں پہلے تک ہماری زندگی میں فیصلے کافی سادہ تھے۔ مثلاً انٹرنیٹ سروس کے لیے چند کمپنیاں تھیں اور موبائل کے لیے بھی زیادہ انتخاب نہیں تھے۔ اب ہم جس بھی شے کو خریدنے جاتے ہیں، ہمیں بے شمار آپشنز کا سامنا ہوتا ہے۔ موبائل نیٹ ورک سے لے کر کپڑوں کے ڈیزائن تک، ہر جگہ آپشنز کا انبار ہمارے سامنے ہوتا ہے۔

کیا آپ نے کبھی محسوس کیا ہے کہ جب آپ کسی مال میں جاتے ہیں، تو سینکڑوں مختلف برانڈز اور ڈیزائن آپ کی نظر سے گزرتے ہیں؟ آپ کچھ خرید لیتے ہیں، لیکن دل میں ہمیشہ یہ سوال اٹھتا ہے کہ شاید دوسرا انتخاب بہتر ہوتا۔ یہ ایک مسلسل ذہنی الجھن ہے، اور یہ فیصلہ سازی کو مشکل بنا دیتی ہے۔

اس سب کا تعلق اکنامکس سے ہے اور اکنامکس میں اسے Opportunity Cost کہتے ہیں۔ جب ہمارے پاس زیادہ آپشنز ہوتے ہیں، تو ہم ایک فیصلے کے ساتھ دوسروں کو ترک کرتے ہیں۔ فرض کریں، آپ نے ناران کاغان کے پہاڑوں کی سیر کا انتخاب کیا، تو اس کا مطلب ہے کہ وادی نیلم میں گزارا جانے والا سکون اور خوشی آپ کو نہیں مل سکے گی۔ یہی Opportunity Cost ہوتی ہے، جو اکثر ہمیں اپنے فیصلے پر شک میں مبتلا کر دیتی ہے۔

زیادہ آپشنز: فیصلہ کرنے میں مشکل

اب زیادہ آپشنز کیسے زندگی مشکل بناتے ہیں اس کے لیے ریسرچرز نے ایک تجربہ کیا.
اس تجربے میں میں لوگوں کو مختلف ذائقوں کے بریڈ جام کا انتخاب کرنے کا موقع دیا گیا۔ ایک گروپ کو 6 آپشنز دیے گئے، اور دوسرے گروپ کو 24۔ نتیجہ یہ نکلا کہ جنہیں 6 آپشنز ملے، وہ فوراً فیصلہ کر کے خوش ہوئے، جبکہ جن کے پاس 24 آپشنز تھے، وہ زیادہ پریشان ہوئے اور اکثر نے کچھ نہیں خریدا۔

اس ریسرچ اور اس جیسی کئی اور ریسرچز نے یہ واضح کیا کہ زیادہ آپشنز ہمیں فیصلہ کرنے میں دشواری پیدا کرتے ہیں ہیں اور ہمارے اطمینان کو کم کر دیتے ہیں۔ یہ ایک دلچسپ سائیکالوجیکل فیکٹ ہے کہ جب ہم زیادہ انتخاب میں پھنس جاتے ہیں، تو ہم بہتر فیصلے نہیں کر پاتے۔
اس صورتحال کو "Analysis Paralysis" بھی کہا جاتا ہے جہاں زیادہ آپشنز کے درمیان پھنس کر ہم فیصلہ نہیں کر پاتے اور ہمارے اطمینان میں کمی آتی ہے۔

ہیڈونک ایڈاپٹیشن: خوشی کا عارضی احساس

ہیڈونک ایڈاپٹیشن Hedonic Adaption ایک سائیکالوجیکل ایفیکٹ ہے جس میں ہم کسی نئی خوشی یا کامیابی سے حاصل ہونے والی خوشی کو تھوڑی ہی دیر بعد معمول کی حالت میں واپس لے آتے ہیں۔ یعنی جب ہم کوئی نئی چیز خریدتے ہیں یا کسی بڑی کامیابی تک پہنچتے ہیں، تو ابتدا میں ہم بہت خوش ہوتے ہیں، لیکن وقت گزرتے ہی وہ خوشی کم ہونے لگتی ہے اور ہم اس چیز یا کامیابی کے عادی ہو جاتے ہیں۔

خریداری سے حاصل ہونے والی خوشی کا عارضی ہونا

یہ خاص طور پر مادی چیزوں کے بارے میں ہوتا ہے۔ جب ہم کوئی نئی چیز خریدتے ہیں، جیسے موبائل، گاڑی، یا کوئی نیا لباس، تو شروع میں اس سے ہمیں بہت خوشی ملتی ہے، مگر کچھ دن بعد وہ خوشی کم ہو جاتی ہے اور ہم اس چیز کی عادت ڈال لیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اکثر نئی چیزوں کی خواہش کرتے رہتے ہیں، سوچتے ہیں کہ شاید وہ ہمیں وہ خوشی دوبارہ دے سکیں، حالانکہ یہ خوشی عارضی ہوتی ہے۔

اسی بارے میں ایک مشہور ریسرچ کا ذکربھی ضروری ہے جس میں لاٹری جیتنے والوں اور حادثے میں معذور ہونے والے افراد کی خوشی کا موازنہ کیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ لاٹری جیتنے والے افراد کچھ عرصے بعد اتنے خوش نہیں رہتے جتنے کہ وہ افراد جو حادثے میں معذور ہو گئے تھے، مگر وقت گزرنے کے ساتھ معذور ہونے والے لوگ خوشی اور اطمینان کا اظہار دوبارہ کرنے لگے۔
اس ریسرچ سے بھی یہ واضح ہوتا ہے کہ خوشی یا غم مستقل نہیں رہتا، اور ہم جلد ہی نئے حالات کے عادی ہو جاتے ہیں۔

زندگی پر ہیڈونک ایڈاپٹیشن کے اثرات

ہیڈونک ایڈاپٹیشن کا اثر ہماری روزمرہ کی زندگی پر گہرا ہوتا ہے، خاص طور پر جب ہم اپنی خوشی کا انحصار مادی چیزوں یا بیرونی کامیابیوں پر کرتے ہیں۔ اس ایفیکٹ کو سمجھنے سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ حقیقت میں خوشی اندرونی سکون اور تسلی میں ہے، نہ کہ صرف بیرونی چیزوں میں۔ جو چیز آج ہمیں خوشی دے رہی ہے، وہ کل ہم سے وہی اثر نہیں پیدا کرے گی۔

لہذا، ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ خوشی کا حقیقی راز اندرونی سکون میں ہے۔ ہم جو بھی چیز حاصل کرتے ہیں، اس کی خوشی عارضی ہوتی ہے۔ ہمیں زیادہ خوشی بیرونی کامیابیوں یا مادی چیزوں میں نہیں، بلکہ اپنے اندر کے سکون اور تسلی میں تلاش کرنی چاہیے۔

اب اس سب سے ہمیں کیا سیکھنے کو ملتا ہے؟ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہمیں اپنے فیصلوں کو سادہ اور محدود بنانا چاہیے۔ ہر چھوٹی بات کو اہمیت نہ دیں اور ہر آپشن پر زیادہ نہ سوچیں۔

ہم Opportunity Cost میں نہ اُلجھیں، کیونکہ ہم جب کسی چیز کو منتخب کرتے ہیں، تو باقی تمام آپشنز سے پیچھے ہٹنا پڑتا ہے۔ خوشی کی تلاش میں مادی چیزوں کو مت اہمیت دیں؛ وہ ہمیشہ وقتی خوشی دیتی ہیں، مستقل سکون نہیں۔

سیدھی بات: زندگی کو سادہ بنائیں

اپنی زندگی کو سادہ بنائیں اور زیادہ آپشنز کو اپنی خوشی کا دشمن نہ بننے دیں۔ ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ کم زیادہ ہو سکتا ہے۔ زندگی میں جب کم اختیارات ہوں، تو ہمیں زیادہ سکون اور اطمینان ملتا ہے، اور یہی چیزیں ہماری خوشی کی اصل بنیاد ہوتی ہیں۔

اگر آپکو یہ پوسٹ پسند آئی یا اس سے کچھ سیکھنے کو ملا تو اسے دوسروں کے ساتھ بھی شیئر کریں اور انکو بھی احساس ہو کہ زیادہ آپشن یا زیادہ چیزوں کو مطلب زیادہ خوشی اور اطمینان نہیں ہے.

توصیف اکرم نیازی

معاشرے کی نفسیات:ہم کیوں ہجوم کی آواز پر بھروسہ کرتے ہیں اور اپنی عقل پر نہیں؟تصور کریں ایک عام پاکستانی کلاس روم کا منظ...
29/12/2025

معاشرے کی نفسیات:ہم کیوں ہجوم کی آواز پر بھروسہ کرتے ہیں اور اپنی عقل پر نہیں؟

تصور کریں ایک عام پاکستانی کلاس روم کا منظر۔ استاد نے ایک پیچیدہ موضوع پر لیکچر ختم کیا اور روایتی انداز میں پوچھا: “سب کو سمجھ آ گئی نا؟” کمرے میں ایک لمحے کا سناٹا چھا جاتا ہے، پھر ایک آدھ آواز اٹھتی ہے: “جی سر!” اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری کلاس اس نعرے میں شامل ہو جاتی ہے۔ اس ہجوم میں وہ طالب علم بھی ہاں میں ہاں ملا دیتا ہے جسے ایک لفظ بھی نہ سمجھ آیا ہو۔ کیوں؟ کیونکہ اکیلا “نہیں” کہنے کی ہمت نہیں ہوتی۔ کچھ ہفتے بعد امتحان آتا ہے، اور آدھی کلاس فیل ہو جاتی ہے۔ تب جا کر احساس ہوتا ہے کہ وہ “جی سر” دراصل ایک اجتماعی جھوٹ تھا، جو ہجوم کی طاقت نے جنم دیا تھا۔

یہ ہے “ہجوم کی ذہنیت”جسے نفسیات کی زبان میں “Social Proof”کہا جاتا ہے۔ ایک ایسا دماغی جال جو ہمیں یہ یقین دلاتا ہے کہ اگر سب ایک بات کو مان رہے ہیں تو وہ ضرور سچ ہو گی۔ لیکن سچ تو یہ ہے کہ اکثریت کی آواز دلیل کی جگہ نہیں لے سکتی۔ چاہے پچاس کروڑ لوگ بھی کوئی بیوقوفانہ بات کہیں، وہ پھر بھی بیوقوفانہ ہی رہے گی۔
یہ نہ صرف نفسیاتی کتابوں کا موضوع ہے بلکہ ہماری روزمرہ زندگی کا ایک پوشیدہ دشمن بھی۔ پاکستان جیسے معاشرے میں، جہاں خاندانی روابط، محلہ داری، رنگ، نسل، فرقے یا قبیلے کی بنیاد پر بنی جڑیں گہری ہیں یہ ذہنیت اور بھی طاقتور ہو جاتی ہے۔
آئیے اسے سمجھیں، کیونکہ یہ سمجھنا نہ صرف آپ کی ذاتی آزادی کی ضمانت ہے بلکہ پورے معاشرے کی ترقی کی کلید بھی۔ یہ ایک ایسا سفر ہے جو آپ کے دل کو چھوئے گا اور دماغ کو جھنجھوڑے گا، کیونکہ یہ ہماری اجتماعی کمزوریوں کی آئینہ داری کرتا ہے۔

👈دماغ کی یہ کمزوری کیسے پیدا ہوئی؟

انسانی دماغ ایک قدیم مشین ہے، جو ہزاروں سال پہلے کے جنگلوں اور غاروں میں تشکیل پائی۔ تصور کریں اپنے آباؤ اجداد کو ایک قبیلے میں۔ اگر سب اچانک بھاگنے لگیں، تو آپ کیا کریں گے؟
پہلے بھاگیں گے، پھر سوچیں گے کہ خطرہ کیا تھا. شیر، سانپ یا کوئی اور۔ یہ “ریوڑ کی ذہنیت” زندہ رہنے کی ایک قدرتی حکمت عملی تھی، جو ہمیں گروہ کی پیروی کرکے محفوظ رکھتی تھی۔

اسی کے متعلق نفسیات کے ماہر سولومن ایش نے 1950 کی دہائی میں ایک تاریخی تجربہ کیا۔ ایک شخص کو لائنوں کی لمبائی بتانے کو کہا جاتا ہے لیکن کمرے میں موجود دیگر لوگ (جو دراصل اداکار تھے) جان بوجھ کر غلط جواب دیتے۔
نتیجہ حیران کن تھا: ایک تہائی لوگ غلط جواب دے دیتے صرف اس لیے کہ “سب ایسا کہہ رہے ہیں تو ٹھیک ہو گا!” ایش نے ثابت کیا کہ ہمارا دماغ غیر یقینی حالات میں دوسروں کی طرف دیکھتا ہے نہ صرف کم علمی کی وجہ سے، بلکہ سماجی دباؤ اور تنہائی کے خوف سے بھی۔

پاکستان میں، جہاں “لوگ کیا کہیں گے” ایک ایسا جملہ ہے جو فیصلوں کو بدل دیتا ہے، یہ ذہنیت اور بھی گہری جڑیں پکڑتی ہے۔ فلسفیانہ طور پر دیکھیں تو یہ ہمیں غلام بنا دیتی ہے – اپنی عقل کی بجائے دوسروں کی پیروی میں۔ سوچیں، کیا یہ خوف ہمیں آزاد رکھتا ہے یا ہماری روح کو جکڑ لیتا ہے؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جو دل کی گہرائیوں میں اترتا ہے اور ہمیں خود احتسابی پر مجبور کرتا ہے۔

👈ہماری روزمرہ زندگی میں ہجوم کی شکلیں

یہ ذہنیت ہر جگہ پھیلی ہوئی ہے، اور پاکستان میں اس کی مثالیں تو جیسے ہماری رگوں میں دوڑتی ہیں۔ یہ نہ صرف افراد کو متاثر کرتی ہے بلکہ پورے معاشرے کو شکل دیتی ہے۔

سیاست اور جلسوں میں: ایک سیاسی ریلی میں چند لوگ نعرے لگائیں تو پورا مجمع شور میں ڈوب جاتا ہے۔ دیکھنے والا سوچتا ہے، “اتنا ہجوم ہے تو یہ پارٹی ضرور درست ہے۔” منشور، کارکردگی اور دلیل سب پیچھے رہ جاتے ہیں۔ ووٹ دلیل پر نہیں، ہجوم کے شور پر پڑتا ہے۔
یہ نفسیات دوسری جنگ عظیم کے لندن بمباری کی یاد دلاتی ہے، جہاں حملے بے ترتیب تھے، لیکن لوگوں نے خود ساختہ پیٹرن تلاش کر لیے۔ خوف نے حقیقت کو توڑ مروڑ دیا، اور ہجوم نے ان کہانیوں کو سچ مان لیا۔ ہمارے ہاں بھی، سیاسی پروپیگنڈا اسی طرح پھیلتا ہے۔

سوشل میڈیا اور وائرل ٹرینڈز میں: واٹس ایپ پر ایک جعلی خبر فارورڈ ہو تو لاکھوں شیئر کر دیتے ہیں، کیونکہ “سب کر رہے ہیں۔” ہیڈ لائن دیکھ کر یقین کر لیتے ہیں، بغیر تحقیق کے۔ یہ نفرت اور تقسیم پھیلاتی ہے – فرقہ وارانہ تنازعات سے لے کر سیاسی افواہوں تک۔

شادی بیاہ اور سماجی دکھاوے میں: “سب بڑی شادیاں کر رہے ہیں تو ہم بھی کریں گے۔” قرض لے کر دکھاوے کی دوڑ میں شامل ہو جاتے ہیں۔
نتیجہ؟
خوشی کی جگہ تناؤ اور قرض کا بوجھ۔ ہمارے معاشرے میں یہ “سب کی طرح” کی ذہنیت خاندانوں کو توڑتی ہے، جبکہ اصل خوشی تو سادگی میں چھپی ہوتی ہے۔

تعلیم اور کیریئر میں: بچے کو ڈاکٹر یا انجینئر بنانے کی دوڑ، کیونکہ “سب ایسا کر رہے ہیں۔” بچے کی دلچسپی اور صلاحیت کو نظر انداز کر کے۔ کلاس روم کا “جی سر” بھی یہی ہے سچے علم کی راہ میں رکاوٹ۔

صحت اور ٹوٹکوں میں: محلے میں ایک ٹوٹکا مشہور ہو جائے تو سب آزماتے ہیں، چاہے سائنس اسے غلط کہے۔ کورونا کے دنوں میں سینکڑوں ٹوٹکے پھیلے، جیسے سنا مکی کا قہوہ۔

یہ مثالیں بتاتی ہیں کہ ہجوم کی آواز سکون تو دیتی ہے، لیکن اکثر غلط راستوں پر لے جاتی ہے۔ سوچیں، آپ کی زندگی کے کتنے فیصلے ہجوم کے ہیں، اور کتنے آپ کے اپنے؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جو دل کو چھوتا ہے اور دماغ کو وسعت دیتا ہے، کیونکہ یہ ہمیں اپنی زندگی کی حقیقت سے روبرو کرتا ہے۔

👈ہجوم کی ذہنیت کے پوشیدہ نقصانات

یہ نہ صرف چھوٹی غلطی ہے بلکہ معاشرے کی بنیاد ہلا دیتی ہے۔ سماجیات کی نظر سے دیکھیں تو یہ تقسیم اور پسماندگی کی جڑ ہے۔

سچ پر شور کا غلبہ: جو بات زیادہ سنائی دے، وہی سچ لگنے لگتی ہے۔ پاکستان میں میڈیا اور سیاست اس کی زندہ مثالیں ہیں – جھوٹ پھیلتا ہے، سچ دب جاتا ہے۔

ذہنی کاہلی: تحقیق کی محنت سے بچنے کے لیے ہجوم میں گم ہو جاتے ہیں۔ یہ سوچنے کی طاقت کمزور کرتی ہے اور ہم غلام بن جاتے ہیں۔ فلسفیانہ طور پر یہ ہمیں اپنی عقل کی بجائے دوسروں کی کٹھ پتلی بنا دیتی ہے۔

گروہی تعصب اور تقسیم: اپنے جیسوں کے ہجوم میں رہ کر دوسروں سے نفرت – فرقے، صوبے یا پارٹیاں اس کی بنیاد بنتی ہیں۔ یہ معاشرے کو کمزور کرتا ہے۔

ذمہ داری کا بھرم: “سب نے یہی کیا تھا” کہہ کر غلطی چھپا لیتے ہیں۔ کوئی ذمہ دار نہیں رہتا۔

مہنگی غلطیاں: دکھاوے کی شادیاں، غلط کیریئر، جعلی خبروں پر یقین ہمیں نتیجتاً نقصان پہنچاتے ہیں۔
اب نفسیات کہتی ہے کہ ایسا کرنا ہمارے دماغ کے لیے “آسانی” پیدا کرتا ہے لیکن ہماری زندگی میں ذہنی غلامی۔ اب آپ ذرا خود سے سوچیں کہ کیا ہمارا معاشرہ اس کی وجہ سے تقسیم اور پسماندہ نہیں ہو رہا؟

👈 ہجوم سے آزادی کیسے حاصل کریں؟

اب ہماری تمام نفسیاتی کمزوری یا دماغ کی کاہلی کے باوجود اچھی بست یہ ہے کہ ہماری یہ کمزوری ناقابل علاج نہیں۔ چھوٹی عادتیں ہمیں شور کے پیچھے چھپی حقیقت تک پہنچا سکتی ہیں۔ یہ نصیحتیں نہیں بلکہ زندگی بدلنے والے اوزار ہیں، جو نفسیات، فلسفہ اور سماجیات پر مبنی ہیں۔

1. توقف کی طاقت: کسی خبر یا ٹرینڈ پر فوراً ردعمل نہ دیں۔ 10 منٹ کا وقفہ جذبات ٹھنڈا کرتا ہے اور عقل کو متحرک۔ بڑی خبروں پر 24 گھنٹے انتظار کریں. یہ دل کی دھڑکن کو سکون دیتا ہے۔

2. ثبوت، دلیل اور مفاد کا فلٹر: ہر دعوے کو پوچھیں:
ثبوت کیا ہے؟
دلیل کیا ہے؟
کس کا مفاد ہے؟
یہ فلٹر شور کو حقیقت سے الگ کرتا ہے۔

3. خفیہ رائے کا طریقہ: گروہی فیصلوں میں Secret Pole استعمال کریں کاغذی پرچیوں یا آن لائن فارم سے۔
یہ اصل حقیقت سامنے لاتا ہے۔

4. اختلاف کی ذمہ داری: ہر بحث میں ایک شخص کو “شیطان کا وکیل” بنائیں جو دلیل کے ساتھ مخالفت کرے۔ یہ فیصلے کو مضبوط کرتا ہے۔

5. چھوٹے پیمانے کا تجربہ: بڑے فیصلوں کو پہلے چھوٹے لیول پر آزمائیں۔ غلطی کا نقصان کم، سبق بڑا۔

6. اپنی اقدار کو تحریر کریں: دو تین جملے لکھیں جو آپ کا کمپاس ہوں، جیسے “سچ پر خرچ، دکھاوے پر قرض نہیں۔” یہ اندرونی طاقت دیتے ہیں۔

7. “نہیں معلوم” کہنے کی ہمت: یہ جملہ علم کی عزت بڑھاتا ہے اور جلدبازی سے بچاتا ہے۔

8. بچوں کو سوال سکھائیں: کلاس میں “میں نہیں سمجھا، مثال دیں یا مجھے دوبارہ سمجھا دیں کہنا سکھائیں.

👈ہجوم کا پیروکار نہیں، اپنی عقل کا رہنما بنیے.

اکثریت کبھی روشنی دیتی ہے، تو کبھی سچائی پر سایہ ڈال دیتی ہے۔ اصل طاقت اس میں ہے جو شور کے بیچ رُک کر خود سے پوچھے: “یہ فیصلہ میری عقل اور اقدار پر ہے، یا صرف پیروی پر؟” یہ سوال آپ کی زندگی کا رخ بدل سکتا ہے، کلاس کا ماحول تبدیل کر سکتا ہے، خاندان کو مضبوط بنا سکتا ہے، اور معاشرے میں سچائی کی آواز بلند کر سکتا ہے۔

اگلی بار جب ہجوم کا شور سنائی دے، تو ایک لمحے کو تھم جائیں۔ یاد رکھیں، آپ محض ریوڑ کا حصہ نہیں بلکہ اپنی منفرد روشنی کے مالک ہیں۔ اپنی عقل کی مشعل روشن کریں اور وہی راستہ چنیں جو حق پر مبنی ہو، خواہ آپ کو اکیلے ہی چلنا پڑے۔ کیونکہ سچائی کی راہ پر تنہا چلنا، غلط راستے پر ہجوم کے ساتھ چلنے سے کہیں بہتر ہے۔

توصیف اکرم نیازی

کامیابی کا وہ کونسا " راز" ہے جسے دیکھ کرآپ ہمیشہ دھوکہ کھا جاتے ہیں اور کیسے اس دھوکے سے بچیں؟کیا آپ نے کبھی کسی جم کے ...
27/12/2025

کامیابی کا وہ کونسا " راز" ہے جسے دیکھ کرآپ ہمیشہ دھوکہ کھا جاتے ہیں اور کیسے اس دھوکے سے بچیں؟

کیا آپ نے کبھی کسی جم کے باہر بڑے بڑے پوسٹرز پر، ماڈل جیسے جسم والوں کو دیکھ کر، دل میں یہ خیال لایا؟
"اگر میں بھی یہ جم جوائن کر لوں تو میرا جسم بالکل ایسا ہی ہو جائے گا!"
یا پھر کیا کسی مشہور ماڈل کو برانڈڈ سوٹ میں دیکھ کر یہ خود سے کہا:
"اگر میں بھی یہی سوٹ پہن لوں تو میں بھی اتنا ہی اسمارٹ اور پرکشش لگوں گا!"
اگر کبھی آپ کے ساتھ ایسا ہوا ہے تو آپ ایک نفسیاتی فریب کا شکار ہوئے ہیں۔یہ وہ فریب ہے جس کی وجہ سے ہم اکثر کسی کامیاب شخص کی صرف ایک عادت یا ایک معمول کو دیکھ کر یہ سمجھ بیٹھتے ہیں کہ اگر میں بھی بس یہی ایک کام اپنا لوں تو میری پوری زندگی بدل جائے گی لیکن نتیجہ اکثر ہماری امیدوں کے برعکس ہوتا ہے.
اور اس کی وجہ ہے. Swimmer’s Body Illusion

👈یہ Swimmer’s Body Illusion کیا ہے؟

یہ ایک ایسی اصطلاح ہے جسے مشہور مفکر نسیم نیکولس طالب (Nassim Nicholas Taleb) نے متعارف کروایا۔ یہ وہ غلط فہمی ہے جس میں ہم کسی نتیجے (Result) کو ہی اس کی وجہ (Cause) سمجھ بیٹھتے ہیں۔ یعنی ہم کامیابی کی آخری منزل کو ہی اس کا پہلا قدم مان لیتے ہیں۔
اسے سمجھانے کے لیے طالب نے اولمپک تیراکوں کی مثال دی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اولمپک تیراکوںکے جسم فطری طور پر لمبے، دبلے پتلے، اور مضبوط ہوتے ہیں لیکن ایک عام انسان یہ دیکھ کر فوراً کہتا ہے:
"یہ سب تیراکی کا کمال ہے! اس محنت نے ان کے جسم کو ایسا بنایا ہے۔"
مگر حقیقت تو بالکل الٹ ہے! حقیقت یہ ہے کہ جن لوگوں کے جسم پہلے سے ہی تیراکی کے لیے موزوں تھے، وہی آگے بڑھ پائے اور اولمپک تک پہنچے۔ تیراکی نے انہیں کامیاب نہیں بنایا، بلکہ ان کے جسم نے انہیں تیراکی میں کامیاب ہونے کا قدرتی موقع دیا۔ باقی لوگ تو شروع کی سطح پر ہی مقابلے سے باہر ہو جاتے ہیں۔
یہ ہے وہ پردہ: ہم سمجھتے ہیں کہ نتیجہ ہی کامیابی کی وجہ ہے۔

👈یہ فریب ہماری زندگی میں کہاں کہاں نقصان دیتا ہے؟
یہ نفسیاتی فریب محض جم کی ممبرشپ اور کپڑوں تک محدود نہیں ہے. یہ ہمارے روزمرہ کے بڑے فیصلے، کیریئر اور کاروبار کو اندھا کر دیتا ہے۔

👈تعلیم اور کیریئر کا جال:
جب ہم کسی کامیاب ڈاکٹر یا انجینئر کو دیکھتے ہیں تو فوراً سوچتے ہیں کہ صرف ڈگری ہی کامیابی کا راز ہے۔ اسی لیے والدین بچوں کی دلچسپی دیکھے بغیر انہیں زبردستی انہی شعبوں میں دھکیل دیتے ہیں۔ وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ اصل کامیابی ڈگری میں نہیں، بلکہ اس شخص کی محنت، مستقل مزاجی، اپنے کام سے لگاؤ، اور وقت کے مطابق صحیح فیصلہ کرنے کی صلاحیت میں تھی۔

👈کاروبار میں شارٹ کٹس:
ہم دیکھتے ہیں کہ کسی شخص نے پراپرٹی یا ٹریڈنگ سے بہت پیسہ کمایا، اور ہم سوچے سمجھے بغیر وہی راستہ اپنا لیتے ہیں۔ لیکن ہم یہ نہیں دیکھتے کہ کامیاب شخص صرف کام نہیں کر رہا تھا بلکہ وہ مارکیٹ کی گہرائی، تعلقات کا نیٹ ورک اور بڑا رسک لینے کی ذاتی ہمت بھی رکھتا تھا۔ ہم صرف دولت کا نتیجہ دیکھتے ہیں، پسِ پردہ جدوجہد اور حکمت عملی کو نظرانداز کر دیتے ہیں۔

👈برانڈز اور کھوکھلی شخصیت:
کسی ماڈل کو برانڈڈ کپڑوں میں دیکھ کر ہم یقین کر لیتے ہیں کہ کپڑے ہی شخصیت بدل دیں گے۔ حالانکہ وہ کشش ماڈل کی باڈی فٹنس، کیمرے کی لائٹنگ، اور فوٹو شاپ کے کمال کا مجموعہ ہوتی ہے۔ ہم مہنگے کپڑے تو خرید لیتے ہیں، مگر وہ جادوئی کشش نہیں آتی، کیونکہ اصل فرق کپڑوں میں نہیں، پہننے والے کی شخصیت، خود اعتمادی اور باڈی لینگویج میں تھا۔

👈ہم اس فریب کی دنیا سے کیسے نکل سکتے ہیں؟
یہ فریب ہمیں تب تک دھوکہ دیتا رہے گا جب تک ہم ظاہر پرستی نہیں چھوڑیں گے تو آئیے پھر جانتے ہیں کہ. ہم اس سے کیسے نچ سکتے ہیں.

👈’کیا‘ نہیں، ’کیسے‘ پوچھیں:
کامیاب لوگوں کو دیکھ کر یہ سوال نہ کریں کہ وہ کیا کرتے ہیں؟ بلکہ یہ سوال پوچھیں کہ وہ وہاں تک کیسے پہنچے؟ ان کے اصول کیا ہیں؟ انہوں نے کتنی ناکامیاں سہیں؟ ان کی جدوجہد اور صبر کا طریقہ اصل سبق ہے۔

👈نقل کے بجائے اصول اپنائیے:
کامیابی نہ کسی برانڈ کے نام سے ملتی ہے، نہ کسی ڈگری کے ٹکڑے سے، نہ کسی ایک ادھوری عادت سے۔ یہ صرف مسلسل جدوجہد، اپنے مقصد سے ایمانداری، ڈسپلن اور اپنی حقیقت کو سمجھ کر فیصلے کرنے سے آتی ہے۔ کسی کو کاپی (Copy) کرنا صرف وقت کا ضیاع ہے۔

👈نامکمل تصویر پر فیصلہ مت کیجیے:
سوشل میڈیا اور ہماری زندگی ہمیں صرف کامیاب چہرے دکھاتی ہے۔ جو لوگ ناکام ہوئے، جو رستے سے ہٹ گئے، وہ ہمیں نظر نہیں آتے۔ اسی لیے کسی ایک مثال کو دیکھ کر اپنی پوری زندگی کا فیصلہ مت کریں۔ اپنا راستہ، اپنی صلاحیتوں کے مطابق بنائیں۔

یاد رکھیے!
کامیابی کبھی نقل سے نہیں آتی۔ کامیابی ہمیشہ آپ کی اپنی محنت، آپ کی قربانیوں اور آپ کے انوکھے سفر سے تخلیق ہوتی ہے۔
اگلی بار جب آپ کسی کامیاب انسان، دلکش ماڈل یا متاثر کن پوسٹر کو دیکھیں تو ٹھہر کر سوچیں:
جو کچھ آپ دیکھ رہے ہیں وہ صرف "ظاہر" ہے۔ اصل کہانی، اصل راز ہمیشہ پردے کے پیچھے چھپا ہوتا ہے۔

توصیف اکرم نیازی

Tauseef Akram Niazi Brain, Books & Growth

𝗙𝗼𝗰𝘂𝘀. 𝗛𝗮𝗯𝗶𝘁𝘀. 𝗜𝗻𝗻𝗲𝗿 𝗗𝗿𝗶𝘃𝗲.𝗧𝗵𝗿𝗲𝗲 𝗽𝗶𝗹𝗹𝗮𝗿𝘀 𝗼𝗳 𝗵𝘂𝗺𝗮𝗻 𝗽𝘀𝘆𝗰𝗵𝗼𝗹𝗼𝗴𝘆 𝗮𝗻𝗱 𝘁𝗵𝗿𝗲𝗲 𝗯𝗼𝗼𝗸𝘀 𝘁𝗵𝗮𝘁 𝗰𝗵𝗮𝗻𝗴𝗲𝗱 𝘁𝗵𝗲 𝘄𝗮𝘆 𝗜 𝘄𝗼𝗿𝗸 𝗮𝗻𝗱 𝗹𝗶𝘃𝗲.Many o...
26/12/2025

𝗙𝗼𝗰𝘂𝘀. 𝗛𝗮𝗯𝗶𝘁𝘀. 𝗜𝗻𝗻𝗲𝗿 𝗗𝗿𝗶𝘃𝗲.
𝗧𝗵𝗿𝗲𝗲 𝗽𝗶𝗹𝗹𝗮𝗿𝘀 𝗼𝗳 𝗵𝘂𝗺𝗮𝗻 𝗽𝘀𝘆𝗰𝗵𝗼𝗹𝗼𝗴𝘆 𝗮𝗻𝗱 𝘁𝗵𝗿𝗲𝗲 𝗯𝗼𝗼𝗸𝘀 𝘁𝗵𝗮𝘁 𝗰𝗵𝗮𝗻𝗴𝗲𝗱 𝘁𝗵𝗲 𝘄𝗮𝘆 𝗜 𝘄𝗼𝗿𝗸 𝗮𝗻𝗱 𝗹𝗶𝘃𝗲.

Many of us stay busy all day and still feel 𝗿𝗲𝘀𝘁𝗹𝗲𝘀𝘀, 𝘀𝗰𝗮𝘁𝘁𝗲𝗿𝗲𝗱 𝗮𝗻𝗱 𝗲𝗺𝗽𝘁𝘆.
We have goals, plans and motivation but something breaks along the way.
𝗙𝗼𝗰𝘂𝘀 𝘀𝗹𝗶𝗽𝘀. 𝗛𝗮𝗯𝗶𝘁𝘀 𝗳𝗮𝗱𝗲. 𝗠𝗼𝘁𝗶𝘃𝗮𝘁𝗶𝗼𝗻 𝗱𝗶𝘀𝗮𝗽𝗽𝗲𝗮𝗿𝘀.

This is not a personal weakness. It is the 𝗿𝗲𝗮𝗹𝗶𝘁𝘆 𝗼𝗳 𝗼𝘂𝗿 𝘁𝗶𝗺𝗲.

Real progress comes from three foundations:

𝗙𝗼𝗰𝘂𝘀
The ability to bring a wandering mind back to one clear point.

𝗛𝗮𝗯𝗶𝘁𝘀
The small daily actions that decide our direction and identity.

𝗜𝗻𝗻𝗲𝗿 𝗠𝗼𝘁𝗶𝘃𝗮𝘁𝗶𝗼𝗻
The kind of energy that rises from purpose, not pressure.

If I had to choose only three books that strengthen these pillars, I would choose:

𝗗𝗲𝗲𝗽 𝗪𝗼𝗿𝗸 𝗕𝘆 𝗖𝗮𝗹 𝗡𝗲𝘄𝗽𝗼𝗿𝘁
𝗔𝘁𝗼𝗺𝗶𝗰 𝗛𝗮𝗯𝗶𝘁𝘀 𝗕𝘆 𝗝𝗮𝗺𝗲𝘀 𝗖𝗹𝗲𝗮𝗿
𝗗𝗿𝗶𝘃𝗲 𝗕𝘆 𝗗𝗮𝗻𝗶𝗲𝗹 𝗛. 𝗣𝗶𝗻𝗸

Here is the brief essence of what they taught me:

𝗗𝗲𝗲𝗽 𝗪𝗼𝗿𝗸
Deep Work reminds us that 𝗲𝘃𝗲𝗿𝘆 𝗯𝗿𝗲𝗮𝗸𝘁𝗵𝗿𝗼𝘂𝗴𝗵 𝗶𝘀 𝗯𝗼𝗿𝗻 𝗶𝗻 𝗾𝘂𝗶𝗲𝘁, 𝗳𝗼𝗰𝘂𝘀𝗲𝗱 𝘁𝗶𝗺𝗲.
Even one protected hour can change your output.

𝗞𝗲𝘆 𝗹𝗲𝘀𝘀𝗼𝗻𝘀:
• Set a fixed daily window for deep work
• Measure work by 𝗰𝗼𝗺𝗽𝗹𝗲𝘁𝗶𝗼𝗻, not busyness
• Allow silence and boredom for 𝗱𝗲𝗲𝗽𝗲𝗿 𝘁𝗵𝗶𝗻𝗸𝗶𝗻𝗴
• Use cues to signal the brain
• Work in short, intense sprints then rest

Deep Work helps you 𝗿𝗲𝗰𝗹𝗮𝗶𝗺 𝘆𝗼𝘂𝗿 𝗺𝗶𝗻𝗱.

𝗔𝘁𝗼𝗺𝗶𝗰 𝗛𝗮𝗯𝗶𝘁𝘀
Motivation starts the journey but 𝗵𝗮𝗯𝗶𝘁𝘀 𝗸𝗲𝗲𝗽 𝗶𝘁 𝗮𝗹𝗶𝘃𝗲.

𝗞𝗲𝘆 𝗹𝗲𝘀𝘀𝗼𝗻𝘀:
• Change your 𝗲𝗻𝘃𝗶𝗿𝗼𝗻𝗺𝗲𝗻𝘁 first
• Attach joy to positive habits
• Start tiny even 𝘁𝘄𝗼 𝗺𝗶𝗻𝘂𝘁𝗲𝘀 is enough
• Give small rewards for consistency
• Identity drives behavior so choose who you want to become

Atomic Habits shows that success is a result of 𝗵𝘂𝗻𝗱𝗿𝗲𝗱𝘀 𝗼𝗳 𝘀𝗺𝗮𝗹𝗹 𝘄𝗶𝗻𝘀.

𝗗𝗿𝗶𝘃𝗲
Drive explains that true motivation comes from within, not from external pressure.

𝗞𝗲𝘆 𝗹𝗲𝘀𝘀𝗼𝗻𝘀:
• Autonomy increases motivation
• Love the 𝗽𝗿𝗼𝗰𝗲𝘀𝘀 not just the result
• Connect your work to a 𝗹𝗮𝗿𝗴𝗲𝗿 𝗽𝘂𝗿𝗽𝗼𝘀𝗲
• Celebrate small progress
• Find joy in doing the work itself

Drive explains why some people stay committed even when no one is watching.

𝗧𝗵𝗲 𝗠𝗲𝘀𝘀𝗮𝗴𝗲 𝗬𝗼𝘂 𝗡𝗲𝗲𝗱 𝗧𝗼𝗱𝗮𝘆

Life shifts the moment you choose clarity, discipline, and purpose.
These books give you foundations, not shortcuts.
Build these three pillars now—and your future self will become almost unrecognizable within months.
Books don’t change us.
𝗔𝗰𝘁𝗶𝗼𝗻 𝗼𝗻 𝗮 𝘀𝗶𝗻𝗴𝗹𝗲 𝗶𝗻𝘀𝗶𝗴𝗵𝘁 𝗱𝗼𝗲𝘀.

𝗧𝗮𝘂𝘀𝗲𝗲𝗳 𝗔𝗸𝗿𝗮𝗺 𝗡𝗶𝗮𝘇𝗶

#𝗙𝗼𝗰𝘂𝘀 #𝗣𝘀𝘆𝗰𝗵𝗼𝗹𝗼𝗴𝘆 #𝗠𝗶𝗻𝗱𝘀𝗲𝘁 #𝗣𝗲𝗿𝘀𝗼𝗻𝗮𝗹𝗗𝗲𝘃𝗲𝗹𝗼𝗽𝗺𝗲𝗻𝘁 #𝗦𝗲𝗹𝗳𝗜𝗺𝗽𝗿𝗼𝘃𝗲𝗺𝗲𝗻𝘁 #𝗥𝗲𝗮𝗱𝗶𝗻𝗴 #𝗛𝗮𝗯𝗶𝘁𝘀 #𝗠𝗼𝘁𝗶𝘃𝗮𝘁𝗶𝗼𝗻 #𝗣𝗿𝗼𝗱𝘂𝗰𝘁𝗶𝘃𝗶𝘁𝘆 #𝗣𝗲𝗮𝗸𝗣𝗲𝗿𝗳𝗼𝗿𝗺𝗮𝗻𝗰𝗲 #𝗕𝗼𝗼𝗸𝗥𝗲𝗰𝗼𝗺𝗺𝗲𝗻𝗱𝗮𝘁𝗶𝗼𝗻𝘀

𝗧𝗵𝗶𝗻𝗸𝗶𝗻𝗴, 𝗙𝗮𝘀𝘁 𝗮𝗻𝗱 𝗦𝗹𝗼𝘄 𝗯𝘆 𝗗𝗮𝗻𝗶𝗲𝗹 𝗞𝗮𝗵𝗻𝗲𝗺𝗮𝗻 𝗿𝗲𝘃𝗲𝗮𝗹𝘀 𝘁𝗵𝗲 𝗳𝗮𝘀𝗰𝗶𝗻𝗮𝘁𝗶𝗻𝗴 𝘄𝗮𝘆𝘀 𝗼𝘂𝗿 𝗺𝗶𝗻𝗱 𝘁𝗵𝗶𝗻𝗸𝘀. 𝗬𝗼𝘂𝗿 𝗺𝗶𝗻𝗱 𝗽𝗹𝗮𝘆𝘀 𝘁𝘄𝗼 𝗴𝗮𝗺𝗲𝘀 — 𝗼𝗻𝗲...
26/12/2025

𝗧𝗵𝗶𝗻𝗸𝗶𝗻𝗴, 𝗙𝗮𝘀𝘁 𝗮𝗻𝗱 𝗦𝗹𝗼𝘄 𝗯𝘆 𝗗𝗮𝗻𝗶𝗲𝗹 𝗞𝗮𝗵𝗻𝗲𝗺𝗮𝗻 𝗿𝗲𝘃𝗲𝗮𝗹𝘀 𝘁𝗵𝗲 𝗳𝗮𝘀𝗰𝗶𝗻𝗮𝘁𝗶𝗻𝗴 𝘄𝗮𝘆𝘀 𝗼𝘂𝗿 𝗺𝗶𝗻𝗱 𝘁𝗵𝗶𝗻𝗸𝘀.
𝗬𝗼𝘂𝗿 𝗺𝗶𝗻𝗱 𝗽𝗹𝗮𝘆𝘀 𝘁𝘄𝗼 𝗴𝗮𝗺𝗲𝘀 — 𝗼𝗻𝗲 𝗳𝗮𝘀𝘁, 𝗶𝗻𝘀𝘁𝗶𝗻𝗰𝘁𝗶𝘃𝗲, 𝗮𝘂𝘁𝗼𝗺𝗮𝘁𝗶𝗰; 𝘁𝗵𝗲 𝗼𝘁𝗵𝗲𝗿 𝘀𝗹𝗼𝘄, 𝗱𝗲𝗹𝗶𝗯𝗲𝗿𝗮𝘁𝗲, 𝗮𝗻𝗱 𝘁𝗵𝗼𝘂𝗴𝗵𝘁𝗳𝘂𝗹.
𝗥𝗲𝗮𝗱 𝗶𝘁 𝘁𝗼 𝘂𝗻𝗱𝗲𝗿𝘀𝘁𝗮𝗻𝗱 𝘆𝗼𝘂𝗿 𝗼𝘄𝗻 𝗯𝗿𝗮𝗶𝗻 𝗮𝗻𝗱 𝗺𝗮𝗸𝗲 𝗯𝗲𝘁𝘁𝗲𝗿 𝗱𝗲𝗰𝗶𝘀𝗶𝗼𝗻𝘀!

غربت کی نفسیات: غریب اپنے غلط فیصلوں کی وجہ سے غریب نہیں بلکہ ناکام "نظام" کی وجہ سے ہے!ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ غریب لوگ ا...
25/12/2025

غربت کی نفسیات: غریب اپنے غلط فیصلوں کی وجہ سے غریب نہیں بلکہ ناکام "نظام" کی وجہ سے ہے!

ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ غریب لوگ ایسے فیصلے کیوں کرتے ہیں جو بظاہر انہیں اور پیچھے دھکیل دیتے ہیں — جیسے زیادہ قرض لینا، بچت نہ کرنا، یا غیر صحت مند عادات میں پڑ جانا۔
یہ سوال بار بار ذہن میں آتا ہے: کیا یہ ان کی شخصیت کی کمزوری ہے؟ کیا وہ سست یا ارادے کے کمزور ہیں؟
مگر شاید ہم غلط سمت میں دیکھ رہے ہیں۔

ڈچ مورخ اور مصنف روٹگر بریگمین اپنی مشہور ٹیڈ ٹاک "Poverty isn’t a lack of character; it’s a lack of cash" میں اسی غلط فہمی کو توڑتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ غربت کوئی انفرادی ناکامی نہیں، بلکہ وسائل کی کمی کا ایسا جال ہے جو انسان کے دماغ، فیصلوں اور زندگی کو ایک ساتھ جکڑ لیتا ہے۔
یہ بات محض اخلاقی یا جذباتی نہیں، بلکہ سائنسی بنیادوں پر قائم ہے۔
بریگمین ہمیں دکھاتے ہیں کہ غربت انسان کے رویے کو کیسے بدل دیتی ہے نہ اس لیے کہ غریب لوگ مختلف ہوتے ہیں، بلکہ اس لیے کہ غربت دماغ کے بوجھ اور ذہنی صلاحیت پر اثر ڈالتی ہے۔
بریگمین کی یہ وڈیو ہمیں مجبور کرتی ہے کہ ہم اپنے اردگرد کے حالات —غیر مستحکم نوکریاں، مہنگائی کا طوفان، قرض کا دباؤ، اور روزمرہ کی جدوجہد کو نئے زاویے سے دیکھیں۔

👈غریب فیصلے یا مجبوری کے فیصلے؟

بریگمین اپنی بات ایک سادہ مگر چونکانے والے سوال سے شروع کرتے ہیں:
غریب لوگ اکثر "غلط فیصلے" کیوں کرتے ہیں؟
اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ وہ زیادہ قرض لیتے ہیں، کم بچت کرتے ہیں، زیادہ تمباکو نوشی کرتے ہیں، غیر صحت مند کھانا کھاتے ہیں، اور جسمانی صحت پر کم توجہ دیتے ہیں۔
معاشرتی بیانیہ یہ کہتا ہے کہ یہ سب کردار کی کمزوری ہے۔
جیسے برطانوی وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر نے کہا تھا:
"غربت دراصل ایک شخصیت کی خرابی (Personality Defect) ہے۔"
مگر بریگمین کا مؤقف اس کے برعکس ہے. غربت ارادے یا اخلاق کی کمی نہیں، بلکہ مادی وسائل کی کمی اور مسلسل غیر یقینی حالات کا نتیجہ ہے۔

یہ فرق بہت اہم ہے۔
اگر ہم غربت کو اخلاقی مسئلہ سمجھیں تو حل نصیحتوں اور تربیتوں تک محدود رہتا ہے:
"غریبوں کو سکھائیں کہ پیسہ کیسے بچانا ہے، یا وہ خود کو کیسے بہتر بنائیں۔"
لیکن اگر غربت ماحولیاتی اور معاشی مسئلہ ہے تو پھر حل سیدھا ہے:
پیسہ دیں، وسائل دیں، اور حالات بدلیں۔

پاکستان میں یہ سوچ اور بھی زیادہ معنویت رکھتی ہے۔
یہاں غربت کو اکثر فرد کی "سستی" یا "غفلت" سے جوڑا جاتا ہے، حالانکہ اصل وجہ غیر مستحکم روزگار، انفارمل اکانومی، اور بڑھتی ہوئی مہنگائی ہے۔یہ وہ دائرہ ہے جہاں لوگ جتنی بھی محنت کریں، حالات انہیں واپس وہیں کھینچ لاتے ہیں۔
یہ سوال ہمارے ضمیر پر دستک دیتا ہے:
کیا ہم غریبوں کی مشکلات دیکھ کر انہیں قصوروار ٹھہراتے رہیں گے یا تسلیم کریں گے کہ یہ نظام کی خامی ہے، انسان کی نہیں؟

👈کمی کا اثر: دماغ کا پوشیدہ ٹیکس

بریگمین اس بحث کو اکنامکس کے تصور سے جوڑتے ہیں جسے Scarcity Effect، یعنی کمی کا نفسیاتی اثر کہا جاتا ہے.
وہ بھارت کے گنے کے کسانوں کی ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہیں — جو ہمارے دیہی پاکستان کے کسانوں سے بہت ملتے جلتے ہیں۔
یہ کسان اپنی سالانہ آمدنی کا زیادہ تر حصہ فصل کی کٹائی کے وقت حاصل کرتے ہیں۔ اس لیے کچھ مہینوں میں وہ نسبتاً "امیر" ہوتے ہیں، اور باقی مہینوں میں "غریب"۔
تحقیق سے پتا چلا کہ جب یہ کسان "غریب مہینوں" میں ہوتے ہیں تو ان کا IQ تقریباً 14 پوائنٹس کم ہو جاتا ہے یعنی اتنا فرق جتنا ایک رات کی نیند نہ لینے یا مسلسل شراب نوشی سے ہوتا ہے۔

یعنی بات یہ نہیں کہ وہ کم عقل ہو جاتے ہیں بلکہ غربت دماغ کے وسائل پر قبضہ کر لیتی ہے۔
جب انسان کو ہر لمحہ یہ سوچنا پڑے کہ بل کیسے بھرنا ہے، کھانا کہاں سے آئے گا، یا بچوں کی فیس کیسے دینی ہے، تو اس کی ذہنی توانائی ختم ہو جاتی ہے۔
نتیجہ یہ کہ وہ لمبے عرصے کے منصوبے نہیں بنا پاتا، خود پر قابو نہیں رکھ پاتا، اور وقتی ضرورتوں میں الجھ جاتا ہے۔
یہی "غلط فیصلے" دراصل زندگی کی مجبوریوں کا ردعمل ہوتے ہیں۔
پاکستان میں اس کی بے شمار مثالیں ہیں جیسے ایک مزدور جو روز کی اجرت پر جیتا ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ، گیس کے بل، دوائیوں اور اسکول فیسوں کی فکر میں گھرا ہوا۔
ایسا شخص وقتی سکون یا فوری ضرورت کو ترجیح دیتا ہے کیونکہ اس کے دماغ کے پاس سوچنے، منصوبہ بنانے، یا انتظار کرنے کی گنجائش ہی نہیں رہتی۔

یہ سب ایک بنیادی سوال اٹھاتا ہے:
اگر غربت دماغ پر اتنا بوجھ ڈالتی ہے تو کیا کسی غریب کے فیصلے کو "ناکامی" کہنا واقعی انصاف ہے؟

👈غربت کے خاتمے روایتی حل کیوں ناکام رہتے ہیں؟

بریگمین بتاتے ہیں کہ بیشتر "غربت کے خاتمے" کے پروگرام اسی غلط مفروضے پر مبنی ہیں کہ غریبوں کو "بہتر فیصلے" سکھانے کی ضرورت ہے۔
تعلیم دو، مالی تربیت دو، نصیحتیں کرو۔
مگر اگر اصل مسئلہ Scarcity Effect ہے تو ایسی کوششیں سطحی رہتی ہیں کیونکہ جب تک وسائل نہیں بدلتے، رویے بدلنا ممکن نہیں۔
بریگمین ایک تجزیہ پیش کرتے ہیں جس میں 201 مختلف ریسرچز شامل تھی اور نتیجہ یہ تھا کہ اگر غربت برقرار رہے تو "Financial Education" کے پروگراموں کا کوئی دیرپا اثر نہیں ہوتا۔
اصل حل ہے ماحول بدلنا یعنی مستحکم آمدنی اور مالی تحفظ دینا۔
پاکستان میں اس سوچ کی جھلک ہمیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) جیسے اقدامات میں ملتی ہے جو اگرچہ مددگار ہیں، مگر زیادہ تر مشروط اور محدود ہیں۔

بریگمین کا نکتہ واضح ہے:
رویہ بدلنے سے پہلے وسائل بدلیں۔
اگر ہم واقعی غربت ختم کرنا چاہتے ہیں تو عارضی امداد سے آگے بڑھ کرایسا نظام بنانا ہوگا جو انسان کو بااختیار بنائےنہ کہ اسے محض زندہ رہنے کا سہارا دے۔

👈غربت کا بہترین حل: بنیادی آمدنی سب کے لیے

یہیں سے بریگمین ہمیں اگلے مرحلے کی طرف لے جاتے ہیں. ایک ایسا تصور جو سادہ بھی ہے اور انقلابی.
Universal Basic Income
یعنی ہر انسان کو بلاشرط بنیادی آمدنی۔
یہ وہ خیال ہے جس پر ان کی پوری امید اور تحقیق کھڑی ہے اور جو شاید دنیا ہی نہیں، پاکستان کے لیے بھی ایک نئی سمت دکھا سکتا ہے۔
بریگمین نے غربت کے مسئلے کا ایک سادہ مگر مؤثر حل پیش کیا ہے:
لوگوں کو غیر مشروط نقد رقم دی جائےایک ایسی ماہانہ آمدنی جو کھانے، رہائش اور تعلیم جیسی بنیادی ضروریات پوری کرے۔
یہی "Universal Basic Income" کا تصور ہے جسے دنیا کے مختلف حصوں میں آزمایا جا چکا ہے۔
جنوبی امریکہ، بھارت، اور خاص طور پر کینیڈا کے شہر ڈافن (Dauphin) میں 1970 کی دہائی کا "Mincome" تجربہ اس کی روشن مثال ہے۔
اس شہر میں ہر خاندان کو بنیادی آمدنی کی ضمانت دی گئی۔ نتیجہ حیران کن تھا:
غربت تقریباً ختم ہو گئی، اسپتالوں میں داخلے 8.5 فیصد کم ہوئے، ذہنی صحت بہتر ہوئی، اسکول چھوڑنے والے طلبہ کی شرح گھٹی، جرائم کم ہوئے، اور کام کے اوقات میں کوئی خاص فرق نہیں آیا بلکہ نوجوان مزید تعلیم کی طرف گئے اور ماؤں کو اپنے بچوں پر زیادہ وقت دینے کا موقع ملا۔

یہ تجربہ ایک بڑے مغالطے کو توڑ دیتا ہے کہ اگر لوگوں کو پیسہ دے دیا جائے تو وہ کاہل ہو جائیں گے۔
حقیقت یہ ہے کہ جب بقا کی فکر کم ہو جاتی ہے تو انسان خواب دیکھنے لگتا ہے اور زیادہ عزم اور اعتماد کے ساتھ محنت کرتا ہے۔

👈اعتراضات اور جوابات

بریگمین اس خیال پر ہونے والے تین بڑے اعتراضات کا نہایت مدلل جواب دیتے ہیں:

1. یہ منصوبہ بہت مہنگا ہے۔
ان کے مطابق، امیر ممالک میں غربت ختم کرنا بوجھ نہیں بلکہ سرمایہ کاری ہے۔
امریکہ میں اس پر سالانہ خرچ صرف 175 ارب ڈالر ہے — یعنی فوجی بجٹ کا چوتھائی۔
پاکستان میں بھی اگر ہم اپنی ترجیحات بدلیں اور وسائل کو درست سمت میں لگائیں تو یہ ممکن ہے کیونکہ یہ صرف غریبوں کی مدد نہیں، بلکہ پورے معاشرے کو مضبوط کرتا ہے۔

2. لوگ کام چھوڑ دیں گے۔
تجربات ثابت کرتے ہیں کہ ایسا نہیں ہوتا بلکہ لوگ زیادہ پُراعتماد، مستحکم اور پرامید ہو کر بہتر کام کرتے ہیں۔

3. یہ سب خیالی پلاؤ ہے۔
بریگمین یاد دلاتے ہیں کہ تاریخ کی ہر بڑی تبدیلی چاہے وہ غلامی کا خاتمہ ہو یا مساوی حقوق پہلے ناممکن سمجھی جاتی تھی۔
یہاں تک کہ امریکی صدر رچرڈ نکسن نے بھی 1970 کی دہائی میں اسی طرح کی پالیسی تجویز کی تھی۔

👈پاکستان کے تناظر میں.

پاکستان کے تناظر میں یہ خیال اور بھی اہم ہے۔
ہماری ثقافت میں زکوٰۃ اور خیرات کا جذبہ مضبوط ہے، مگر "بنیادی آمدنی" خیرات سے مختلف ہے۔خیرات وقتی ریلیف دیتی ہے، یہ نظامی آزادی اور وقار فراہم کرتی ہے۔

بریگمین مزید کہتے ہیں کہ ہم زندگی کی کامیابی کو اکثر پیسے یا نوکری سے ناپتے ہیں مگر اصل پیمانہ ہے معنی خیز کام، معاشرے میں حصہ، اور انسانی وقار۔

وہ مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کا حوالہ دیتے ہیں:
"لوگوں کو صرف جینے کا نہیں، بلکہ معنی خیز جدو جہد کا موقع ملنا چاہیے۔"
یہ "Universal Basic Income" انسان کو بقا کی غلامی سے آزاد کرتا ہے تاکہ وہ تخلیق، تعلیم، نگہداشت اور کاروبار جیسے شعبوں میں نیا آسمان تلاش کرے جیسے پنجرے سے آزاد پرندہ پرواز کرتا ہے۔

پاکستان میں، جہاں ٹیکنالوجی اور آٹومیشن روزگار کے نقشے بدل رہے ہیں یہ تصور نہ صرف انسانی وقار بلکہ قومی ترقی کے لیے بھی بنیاد بن سکتا ہے۔
البتہ بریگمین تسلیم کرتے ہیں کہ صرف نقد کافی نہیں۔
یہ بنیاد ہے، مگر اس کے ساتھ تعلیم، صحت، خواتین کی شمولیت، انصاف، اور مضبوط اداروں کی ضرورت ہے۔
پاکستان جیسے ملک میں، جہاں ادارے کمزور اور مارکیٹیں غیر رسمی ہیں اس ماڈل کو مقامی حقیقتوں کے مطابق ڈھالنا ہوگا تاکہ خواب حقیقت بن سکے۔

آخر میں بریگمین کا پیغام سادہ مگر گہرا ہے:
غربت کوئی فطری حقیقت نہیں، یہ ایک سماجی ڈھانچے کی پیداوار ہے۔
اگر ہم فرد کو نہیں، بلکہ نظام کو بدلیں تو غربت ماضی کی بات بن سکتی ہے۔

توصیف اکرم نیازی

Address

Karachi

Website

Alerts

Be the first to know and let us send you an email when Tauseef Akram Niazi Brain, Books & Growth posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Shortcuts

Share