Alif News

Alif News LIVE NEWS

03/10/2025

فیفا نے ورلڈکپ 2026 کیلئے آفیشل میچ بالTRIONDA "ٹریونڈا" لانچ کر دی۔

فیفا کی جانب سے جمعرات کو اگلے سال منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے آفیشل میچ بال متعارف کرا دی گئی ہے، جو جدید ٹیکنالوجی اور 3 میزبان ممالک ( امریکا، میکسیکو اور کینیڈا ) کی نمائندگی کرنے والے ڈیزائن پر مبنی ہے۔

اس فٹبال کا نام TRIONDA رکھا گیا ہے، جسے جرمن کمپنی ایڈیڈاس نے ڈیزائن کیا ہے۔

TRIONDA"ٹریونڈا" 2 اسپینش الفاظ ملا کر بنایا گیا ہے۔ "Tri" (تین) اور "Onda" کا مطلب(لہر) ہے۔

یہ نام3 میزبان ممالک کینیڈا، میکسیکو اور امریکا اور بال کے لہر نما ڈیزائن کی عکاسی کرتا ہے۔ بال میں سرخ، نیلا اور سبز رنگ نمایاں ہے، جن کے ساتھ ہر میزبان ملک کا علامتی نشان شامل ہے۔

کینیڈا کی نمائندگی کے لیے میپل کے پتے، میکسیکو کے لیے عقاب اور امریکا کے لیے ستارے کا نشان بال پر ہےجبکہ بال پر موجود پیٹرن اتحاد کی علامت ہے۔

ورلڈکپ کی آفیشل گیند میں اس بار جدید ٹیکنالوجی بھی نصب کی گئی جو ہرموومنٹ کا ڈیٹا فراہم کرے گی۔

رپورٹس کے مطابق پہلی بار گیند میں کنیکٹڈ بال ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے، جس میں 500Hz موشن سینسر نصب ہے۔ جس کی مدد سے ریفریز کو آف سائیڈ اور ہینڈ بال جیسے فیصلے فوری اور درست کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ 2026 11 جون سے 19 جولائی تک منعقد ہوگا۔

03/10/2025

ترک صدر رجب طیب اردوان نے جمعرات کے روز تاریخ کے عظیم فاتح و حکمران صلاح الدین ایوبی کی جانب سے بیت المقدس کی فتح کی 838 ویں سالگرہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

ترک خبررساں ایجنسی کے مطابق سماجی رابطے کے پلیٹ فارمز پر جاری اپنے بیان میں صدر اردوان نے کہا کہ بیت المقدس کی فتح کی 838 ویں سالگرہ کے موقع پر وہ اس مقدس شہر کے دوسرے فاتح صلاح الدین ایوبی اور ان کے بہادر فوجیوں کو یاد کرتے ہیں۔

اردوان نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ’بیت المقدس کے لیے ہم عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ جدوجہد جاری رکھیں گے، جو ہمارے پاس حضرت محمد ﷺ اور ان سے پہلے آنے والے انبیا کی امانت ہے‘۔

بیت المقدس کا شمار دنیا کے قدیم ترین شہروں میں ہوتا ہے اور یہ اسلام، مسیحیت اور یہودیت تینوں مذاہب کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔

یہ شہر پہلی بار 638 عیسوی میں دوسرے خلیفہ حضرت عمر بن خطابؓ نے فتح کیا، 1099 میں صلیبیوں نے اس پر قبضہ کر لیا بعدازاں 2 اکتوبر 1187 کو صلاح الدین ایوبی نے بیت المقدس کو دوبارہ فتح کیا۔

صلاح الدین ایوبی کی جانب سے فتح کے بعد 1917 تک یہ شہر ،صرف 11 سال کی مختصر مدت کو چھوڑ کر مسلمانوں کے زیرِ اقتدار ہی رہا۔

9 دسمبر 1917 کو برطانیہ نے بیت المقدس پر قبضہ کیا جو اس وقت سلطنتِ عثمانیہ کے زیرِ انتظام تھا۔ اس وقت فلسطینی سرزمین میں یہودی آبادی لگ بھگ 60 ہزار تھی جو 1948 میں اسرائیل کے قیام کے موقع پر بڑھ کر 8 لاکھ تک جا پہنچی۔

14 مئی 1948 کو اسرائیل نے اپنے قیام کا اعلان کیا جس کے اگلے ہی روز مصر، اردن، لبنان اور شام سمیت عرب ممالک نے جنگ چھیڑ دی۔ جنگ جیتنے کے بعد اسرائیل نے بیت المقدس پر قبضے کے منصوبے پر عمل شروع کیا اور مغربی یروشلم پر قبضہ کر لیا۔

1967 کی6 روزہ جنگ کے دوران اسرائیل نے مشرقی یروشلم اور مغربی کنارے پر بھی قبضہ کر لیا اور 3 جولائی 1980 کو اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس کو اپنا دارالحکومت قرار دیا۔

6 دسمبر 2017 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکطرفہ طور پر یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کر لیا اور 14 مئی 2018 کو امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کر دیا گیا۔

03/10/2025

بالی وڈ اداکار اکشے کمار کی 13 سالہ بیٹی آن لائن ہراسانی کا نشانہ بن گئی، اداکار نے حکومت سے بڑی اپیل کر دی۔

اکشے کمار نے بھارت میں بڑھتے ہوئے سائبر کرائم کے خطرے پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنی 13 سالہ بیٹی کے ساتھ پیش آئے ایک افسوسناک واقعے کا انکشاف کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جمعہ کو ممبئی میں منعقدہ ایک سائبر آگاہی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اکشے کمار نے بتایا کہ چند ماہ قبل ان کی بیٹی ایک آن لائن ویڈیو گیم کھیل رہی تھی، جہاں ایک نامعلوم شخص نے بیٹی سے نازیبا تصاویر کا مطالبہ کیا۔

اکشے کمار نے کہا کہ میں آپ سب کو ایک چھوٹا سا واقعہ سنانا چاہتا ہوں جو چند ماہ پہلے میرے گھر میں پیش آیا۔ میری بیٹی ایک ویڈیو گیم کھیل رہی تھی، اور کچھ ویڈیو گیمز ایسے ہوتے ہیں جو آپ کسی اور کے ساتھ کھیل سکتے ہیں۔ یعنی آپ کسی انجانے شخص کے ساتھ کھیل رہے ہوتے ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ گیم کے دوران کبھی کبھار وہاں سے پیغام بھی آتا ہے۔ میری بیٹی بھی گیم کھیل رہی تھی کہ اسے ایک شخص کی جانب سے پیغام موصول ہوا کہ آپ لڑکے ہیں یا لڑکی؟ تو اس نے جواب دیا لڑکی۔ اس کے بعد اس شخص نے میسج بھیجا کہ کیا آپ اپنی برہنہ تصاویر بھیج سکتی ہیں؟ میری بیٹی نے فوراً گیم بند کر دیا اور جا کر اپنی ماں کو بتایا۔ یہ سب کچھ ایسے ہی شروع ہوتا ہے۔

اکشے کمار نے کہا کہ یہ بھی سائبر کرائم کا حصہ ہے۔ میں مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ سے گزارش کروں گا کہ ساتویں سے دسویں جماعت تک اسکولوں میں ہر ہفتے ایک 'سائبر پیریڈ' رکھا جائے، تاکہ بچوں کو اس بارے میں آگاہی دی جا سکے۔ آپ سب جانتے ہیں کہ یہ جرم اب گلی کے جرائم سے بھی بڑا بنتا جا رہا ہے۔

اکشے کمار نے زور دیا کہ حکومت کو سائبر ایجوکیشن کو لازمی نصاب کا حصہ بنانا چاہیے تاکہ بچے بدلتی ہوئی ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رہ سکیں۔

03/10/2025

اسلام آباد ہائیکورٹ نے انجینیئر محمد علی مرزا کو اسلامی نظریاتی کونسل کی قرارداد میں گستاخ کہنے کے خلاف درخواست پر اٹارنی جنرل سے 5 نومبر کو عدالتی معاونت طلب کر لی جبکہ اسلامی نظریاتی کونسل، ایف آئی اے اور این سی سی آئی اے کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب داخل کرانے کا حکم دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ڈاکٹر اسلم خاکی کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے اور کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل میں مستند علما تھے، انہوں نے کہا وہ گستاخ ہے۔ عدالت نے پوچھا آپ ملزم کا کیسے دفاع کر رہے ہیں؟ ملزم خود اسلامی نظریاتی کونسل کی قرار داد کوچیلنج کیوں نہیں کر رہا؟ درخواست گزار نے کہا ایسے فتوے پہلے مجھ پر بھی لگے ہیں، میں بھی اس طرح کے معاملے سے گزر چکا ہوں۔انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انجینیئر محمد علی مرزا نے سب کی منجی ٹھوکی ہوئی ہے اس لیے اسے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، اس طرح تو وہ اس کو ماردیں گے، اسے کم از کم پہلے کورٹ میں تو پیش کیا جائے، بغیر وضاحت کے کسی کو کیسے مورد الزام ٹھہرایا جا سکتا ہے؟

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا لیکن اُن پر مقدمہ تو جہلم میں درج ہے۔ درخواست گزار نے کہا اسلامی نظریاتی کونسل یہاں ہے، میں نے اس کی قردارار کو چیلنج کیا ہے۔

عدالت نے پوچھا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کیسے پہنچا کسی نے ریفر کیا تھا ؟ درخواست گزار نے بتایا نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے معاونت کے لیے مراسلہ اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجا حالانکہ قانون کے مطابق صدر، گورنر یا پارلیمنٹ اسلامی نظریاتی کونسل کو رائے مانگنے کے لیے لکھ سکتی ہے۔

عدالت نے کہا ریکارڈ آ جائے تو پتہ چل جائے گاالزامات کیا ہیں اور بیان تھا کیا؟ اٹارنی جنرل کو سن کر پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ کریں گے۔ کیس کی سماعت پانچ نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

03/10/2025

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ غزہ امن معاہدے کیلئے ٹرمپ نے جو 20 پوائنٹس دیے وہ من وعن ہمارے نہیں ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں لوگ بھوک سے فوت ہورہے ہیں، اقوام متحدہ، یورپی یونین اور دوسرے عالمی ادارے غزہ میں امن قائم کرنے کے لیے ناکام ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ سے غزہ میں جنگ بندی کے ایک نکاتی ایجنڈے پر بات ہوئی اور میٹنگ کے بعد 8 مسلم ممالک نے اس حوالے سے مشترکہ طور پر 20 پوائنٹس دیے اور بیان جاری کیے تاہم بعد میں صدر ٹرمپ نے جو 20 پوائنٹس جاری کیے وہ من وعن وہ پوائنٹس نہیں ہیں جو ہم نے دیے تھے، اس میں تبدیلی کی گئی ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ وہ ڈرافٹ نہیں جو ہم نے تیار کیا تھا اور اس حوالے سے دفتر خارجہ کی بریفنگ میں وضاحت دے چکے ہیں اور ہم 8 مسلم ممالک نے جو ڈرافٹ تیار کیا اس پر فوکس رکھیں گے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ غزہ میں مکمل جنگ بندی ضروری ہے اور غزہ کی تعمیر نو کی جائے ، یہ ہمارا ذاتی مسئلہ نہیں ہے یہ اسلامی ممالک کی ذمہ داری ہے، مسئلہ فلسطین پر سیاست کی گنجائش نہیں، فلسطین سے متعلق ہماری وہی پالیسی ہے جو قائد اعظم کی تھی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ صمود فوٹیلا میں ہمارے ایک سینیٹر صاحب بھی تھے، ہمارا اسرائیل سے کوئی روابط نہیں، کوئی رابطہ نہیں، اسرائیل نے 22 کشتیاں تحویل میں لے کر لوگوں کو تحویل میں لیا ہے، ہماری اطلاع کے مطابق سینیٹر مشتاق احمد بھی تحویل میں لیے جانے والوں میں شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم تیسرے ملک کے ذریعے مشتاق احمد کی رہائی کی کوششیں کر رہے ہیں، ہماری پوری کوشش ہے جتنے بھی پاکستانی ہیں ان کو بحفاظت واپس لائیں۔

ان کاکہنا تھا کہ جب بھی ضرورت پڑی چین ہمارے ساتھ کھڑا ہوا، چین کے ساتھ تعلق تھا، ہے اور رہے گا جب کہ سعودی عرب کےساتھ جو دفاعی معاہدہ ہوا ہے وہ بہت اہم ہے، دہائیوں سے ہمارا سعودیہ سے جو تعلق ہے وہ ڈھکا چھپا نہیں۔

03/10/2025

صوبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے پیپلزپارٹی کے مطالبے پر کہا ہے کہ میں کیوں معافی مانگوں؟ معافی وہ ترجمان مانگے جس نے آفت کے وقت پنجاب پر تنقید کی ، مریم نوازشریف کبھی معافی نہیں مانگے گی۔

لاہور میں الیکٹرک بس پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ لاہور میرا، نواز شریف اور شہباز شریف کا گھر ہے، لاہور میں جگہ جگہ نواز شریف کی محبت اور خدمت کے آثار نظر آتے ہیں، لوگ لاہور آتے ہیں تو کہتے ہیں دوسرے ملک میں آگئے، لوگ کہتے ہیں کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ ہمیں دے دیں۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر تک لاہور میں مزید 70 بسیں آجائیں گی، شیخوپورہ، لاہور اور قصور ڈویژن میں ملا کر 500 بسیں بنتی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ 20 لاکھ لوگوں کو راشن کارڈ دیں گے ،تین ہزار روپے مہینہ ملے گا، 60ہزار خصوصی افراد کو کارڈ دیے ہیں ایک لاکھ تک پہنچائیں گے، اسموگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، فضا کو صاف کررہے ہیں تاکہ عوام صاف ہوا میں سانس لے سکیں۔مریم نواز کا کہنا تھاکہ پنجاب کے دریا ابل پڑے تھے، 26 اضلاع ڈوبے ہوئے تھے، پنجاب حکومت نے 25لاکھ افراد کو سیلاب سے نکالا، سیلاب متاثرین کو مہمانوں کی طرح رکھا، 3 وقت کا کھانا دیا،سیلاب میں پونے دو سو افراد کو سانپ نے کاٹا ویکیسین دے کر ان کی جان بچائی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہاکہ جب حلف اٹھایا تھا پنجاب میں کھلے عام قتل، ڈکیتیاں اور ریپ ہوتے تھے، آج سی سی ڈی نے چند ماہ میں جرائم کو کنٹرول کرلیا، پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ صوبہ بنانا چاہتی ہوں، پنجاب کو محفوظ بنانا ہے تاکہ یہاں کے عوام سکون سے سو سکیں۔

ان کا کہناتھاکہ پنجاب میں سیلاب آیا تو ایک صوبے کے لوگوں نے غلط تنقید کی زخموں پر نمک چھڑکا، جب کسی صوبے پر آفت آتی ہے تو ہم ان کا مدد کا کہتے ہیں، خیبرپختونخوا میں آفت آئی تو علی امین گنڈاپور کو فون کرکے پوچھا کہ کیا تعاون چاہیے؟ علی امین نے مجھ پر جملے کسے ہوئے ہیں لیکن خیبرپختونخوا کے عوام میرے بہن بھائی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھاکہ جب پنجاب پر تباہی آئی تو اس وقت وہ تین تین پریس کانفرنس کرکے مذاق اڑا رہے تھے، کہتے تھے عالمی امداد کیوں نہیں مانگتے ، جب عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنا ہو تو بھیک نہیں مانگنی پڑتی، کہتے ہیں بی آئی ایس پی سے امداد دیں ہمیں مستحقین کو نہیں سیلاب متاثرین کو امداد دینی ہے، پنجاب نے اپنے پیسوں سے نہریں نکالنی تھیں ہمیں اجازت نہیں دی گئی، سی سی آئی میں پنجاب کے عوام کا پورا مقدمہ لڑا، لوگوں کو نکال کر احتجاج کرائے گئے، جواب تو دینا پڑتا ہے نا، میں پنجاب کے حق کی بات نہیں کروں گی تو کون کرے گا؟

انہوں نے مزید کہا کہ جب کوئی پنجاب کے خلاف بات کرے گا تو میں جواب دوں گی، تین تین پریس کانفرنسیں ہوتی رہیں میں چپ رہی، میں متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے میں مصروف تھی اس لیے چپ رہی، لوگوں میں سوچ آرہی تھی کہ کیا پنجاب کی بات کرنے والا کوئی نہیں؟ میں پنجاب پر بات کا جواب دوں گا اور بھرپور جواب دوں گی، اب میں پنجاب میں بسنے والے کسی کے ساتھ یہ زیادتی نہیں ہونے دوں گی۔

پی پی کے معافی کے مطالبے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ کہا گیا کہ مریم نواز معافی مانگے میں کیوں معافی مانگوں؟ معافی وہ ترجمان مانگے جس نے آفت کے وقت پنجاب پر تنقید کی ، مریم نوازشریف کبھی معافی نہیں مانگے گی، پنجاب کے عوام کی عزت نفس کی حفاظت بھی میری ذمہ داری ہے، قومیں پروجیکٹوں سے نہیں خودداری سے بنتی ہیں، آئندہ پنجاب پر بات کرنے سے پہلے سو بار سوچ لینا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری اوربلاول جو میرے چھوٹے بھائی ہیں، ان کو کہنا چاہتی ہوں کہ مجھے دکھ ہے، جب پنجاب کے عوام پر مصیبت آئی تو کسی سے پیسے یا مدد نہیں مانگی، ہم دیکھ رہے تھے کہ پنجاب پر تباہی آئی تو وہ تین تین پریس کانفرنس کرکے مذاق اڑا رہے تھے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیانات کے خلاف آج بھی پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔

چیف وہپ اعجاز جھکرانی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی درخواست پر صرف فلسطین پربیان سننے کیلئے ایوان میں واپس آئے، آئندہ اجلاسوں میں بھی واک آؤٹ جاری رکھیں گے۔

03/10/2025

غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے جانے والے ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ پر اسرائیلی قبضے کے بعد ایک اور امدادی فلوٹیلا غزہ کی جانب روانہ ہوگیا۔

بین الاقوامی تنظیم فریڈم فلوٹیلا کولیشن (ایف ایف سی) نے کہا ہے کہ 11 مزید جہاز اسرائیلی ناکہ بندی کو چیلنج کرنے کے لیے غزہ کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔

تنظیم کے مطابق 2 کشتیاں اٹلی کے شہر اوترانتو سے 25 ستمبر کو روانہ ہوئیں، 30 ستمبر کو ’کونشینس‘ نامی جہاز بھی ان کے ساتھ شامل ہو گیا، اس جہاز پر صحافی اور طبی عملہ موجود ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جہاز چند گھنٹوں میں 8 کشتیوں پر مشتمل ایک قافلے ’تھاؤزنڈ میڈلینز ٹو غزہ‘ سے مل جائیں گے اور یوں مجموعی طور پر 11 جہازوں پر مشتمل یہ قافلہ غزہ کا رخ کرے گا۔

فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے مطابق یہ فلوٹیلا اس وقت کِریٹ کے ساحل کے قریب موجود ہے اور اس پر تقریباً 100 افراد سوار ہیں۔یہ نیا قافلہ ایک ایسے دن روانہ ہورہا جب اسرائیلی بحریہ نے غزہ جانے والی 40 سے زائد کشتیوں پر مشتمل ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کی آخڑی کشتی پر بھی حملہ کرکے اسے قبضے میں لے لیا تھا، اسرائیلی فوج نے فلوٹیلا پر سوار 450 سے زائد کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے تقریباً 18 برس سے غزہ پر ناکہ بندی مسلط کر رکھی ہے اور مارچ میں سرحدی راستے بند کرکے خوراک اور ادویات کی ترسیل روک کر محاصرے کو مزید سخت کر دیا ہے۔

اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 66 ہزار 200 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

03/10/2025

جنگی جنون میں مبتلا بھارتی عسکری قیادت ایک بار پھر پاکستان کے خلاف گیدڑ بھپکیاں دینے لگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے آرمی چیف جنرل اوپندر دویدی نے ہرزہ سرائی کی کہ اگر پاکستان دنیا کے نقشے پر موجود رہنا چاہتا ہے تو دہشتگردی کے حمایت روک دے۔

بھارتی آرمی چیف نے راجستھان میں فوجیوں سے خطاب میں کہا کہ آپریشن سندور میں فوج نے جس ضبط کا مظاہرہ کیا وہ آئندہ نہیں کیا جائے گا۔

جنرل اوپندر دویدی نے بھارتی فوجیوں کو کسی بھی ایکشن کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی دی ہے۔دوسری جانب بھارتی فضائیہ کے سربراہ امر پریت سنگھ نے پریس کانفرنس میں بغیر کسی ثبوت کے دعویٰ کیا کہ مئی میں ہونے والے پاک بھارت تنازع میں بھارت نے پاکستان کے 5 لڑاکا طیارے تباہ کیے۔

امر پریت سنگھ نے کہا کہ بھارت نے جن طیاروں کو تباہ کیا ان میں ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیارے شامل ہیں۔

صحافیوں نے امرپریت سنگھ سے پاکستان کی جانب سے بھارتی طیارے گرائے جانے کا سوال کیا جس کا بھارتی ائیر چیف نے کوئی جواب نہیں دیا۔

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف ماضی میں طیارے گرانے کے بھارتی دعوے پر ردعمل میں دونوں ممالک کے طیاروں کے موجودہ ذخیرے کی آزادانہ تصدیق کا چیلنج دیا تھا۔

خیال رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیان شب بھارتی طیاروں نے پاکستان میں متعدد مقامات پر حملے کیے جن میں کئی شہری شہید ہوئے۔ پاک فضائیہ نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے 7 بھارتی طیاروں کو تباہ کردیا جن میں بھارت کے جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے۔

بعد ازاں نے بھارت نے بزدلی دکھاتے ہوئے پاکستان کے شہروں پر ڈرون اور میزائل حملے شروع کردیے جس کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے تحت بھارتی فضائی اڈوں اور دیگر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔

26/09/2025

جنگ جیت چکے، بھارت کے ساتھ جامع اور نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے تیار ہیں، وزیر اعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب

26/09/2025

شہباز شریف اور عاصم منیر سے ملاقات کے دوران ٹرمپ کے کوٹ پر لگی ’لڑاکا طیارے کی پن‘ سے جڑے سوال اور جواب

بھارتی فوجی افسران اور افغان باشندے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آرڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹینن...
25/09/2025

بھارتی فوجی افسران اور افغان باشندے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے واضح کیا ہے کہ ’’مستند شواہد موجود ہیں کہ غیر قانونی افغان باشندے دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔‘‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے 5 ستمبر 2025ء کو جرمن جریدے کے نمائندہ کے ساتھ اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی۔

جرمن جریدے کو خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے 40 سال تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی، افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے بہت منظم طریقے سے اقدامات کیے گئے ہیں اور پاکستان نے انسانی بنیادوں پر افغان مہاجرین کے انخلاء کی ڈیڈ لائن میں متعدد بار توسیع کی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ افغان مہاجرین کو پناہ کی بنیادی وجوہات غیر ملکی مداخلت اور خانہ جنگی تھی، وہ وجوہات اب موجود نہیں۔

پڑوسی ملک سے متعلق کیے گئے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت میں پرتشدد واقعات بھارتی حکومت کی بڑھتی انتہاء پسند پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، بھارت اپنے اندرونی مسائل کو بیرونی جبکہ بیرونی مسائل کو اندرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے، بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی فوج کے حاضر سروس افسران کے پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کے مستند شواہد منظر عام پر آ چکے ہیں اور پاکستان بھارتی دہشتگردی کے ثبوت اقوام عالم کے سامنے متعدد مرتبہ پیش کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے

بالی ووڈ کے پنجابی اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے حالیہ کنسرٹ کے دوران بھارتی عوام اور حکومت پر کرارا طنز کیا ہے۔اسی سال 2...
25/09/2025

بالی ووڈ کے پنجابی اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے حالیہ کنسرٹ کے دوران بھارتی عوام اور حکومت پر کرارا طنز کیا ہے۔

اسی سال 22اپریل کو پہلگام حملے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان 4 دنوں تک جنگ ہوئی تھی، اسی درمیان دلجیت دوسانجھ اور پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی فلم ’’سردار جی 3‘‘ پر بھی بھارت میں پابندی لگی تھی۔

فلم کی ریلیز سے قبل فلم فیڈریشن آف انڈیا نے نہ صرف ’’سرادر جی 3‘‘ بلکہ دلجیت دوسانجھ کے بائیکاٹ کا بھی مطالبہ کیا تھا، فلم بھارتمیں ریلیز نہیں ہوئی مگر اس نے عالمی سطح پر زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔

اب ملائیشیا میں کنسرٹ کےلیے موجود دلجیت دوسانجھ نے ایک شخص کو ہندوستانی پرچم لہراتے ہوئے دیکھا تو کہا کہ ’’یہ میرے ملک کا پرچم ہے جس کیلئے ہمیشہ احترام رہے گا۔‘‘

ساتھ ہی دلجیت نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فلم کی شوٹنگ پہلگام حملے سے پہلے ہوئی تھی مگر اس وقت ایشیاکپ 2025 بھی کھیلا جارہا ہے۔

بالی ووڈ اداکار نے پنجابی میں کہا کہ میری فلم ’’سردار جی 3‘‘ فروری میں شوٹ ہوئی تھی، پہلگام حملوں کے بعد ہم سب چاہتے ہیں دہشت گردوں کو سزا دی جائے، تاہم اب فرق یہ ہے کہ میری فلم حملے سے پہلے شوٹ ہوئی مگر میچ تو اس وقت کھیلے جارہے ہیں۔

ساتھ ہی انھوں نے بھارتی میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’’میڈیا مجھے غدار وطن بتانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا تھا لیکن پنجابی اور سکھ کبھی بھی اپنے ملک کے خلاف نہیں جاسکتے۔


Address

Karachi

Alerts

Be the first to know and let us send you an email when Alif News posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Contact The Business

Send a message to Alif News:

Share