02/10/2025
پشتون تحفظ مومنٹ کا پشتون سوال پر بین الاقوامی مقدمہ۔
پشتون تحفظ موومنٹ کے وفد کی یورپین پارلیمنٹ اراکین کے ساتھ ملاقات اور پشتون تحفظ موومنٹ کا پشتون سوال پر بین الاقوامی مقدمہ
پشتون تحفظ موومنٹ بین الاقوامی سطح پر پشتون سوال کو اجاگر کرنے کی ایک نئی جہت اختیار کر چکی ہے۔ یہ تحریک محض پاکستان کے اندرونی دائرے تک محدود نہیں رہی بلکہ یورپ اور دنیا بھر کی پشتون ڈائسپورا کو متحرک کر کے عالمی برادری کو جھنجھوڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ کے نمائندے اب بروکسل، جنیوا اور دیگر عالمی مراکز میں براہِ راست اپنی آواز بلند کر رہے ہیں تاکہ ریاستی جبر اور ظلم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے۔
حالیہ دنوں میں پشتون تحفظ موومنٹ جرمنی شاخ نے یورپی پارلیمان کے اراکین سے ایک اہم ملاقات کی جس میں پاکستان کی فوج اور خفیہ اداروں کی طرف سے پشتون عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے حوالے سے تفصیلی شواہد پیش کیے گئے۔ جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، گھروں کی تباہی اور ڈیورنڈ لائن کے دونوں طرف عسکری آپریشنز کے نتیجے میں شہریوں پر پڑنے والے اثرات کو مستند طریقے سے سامنے لایا گیا۔ یورپی پارلیمان کے اراکین نے اس پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ یہ مسئلہ انسانی حقوق کی متعلقہ کمیٹیوں تک پہنچایا جائے گا۔
یہ ملاقات ان سرگرمیوں کا تسلسل ہے جو پشتون تحفظ موومنٹ نے چند دن پہلے جنیوا میں کی تھیں، جہاں اقوامِ متحدہ کے دفتر کے سامنے بھرپور احتجاج کیا گیا اور پریس کلب میں ایک اہم کانفرنس کے ذریعے عالمی میڈیا کو مخاطب کیا گیا۔
ان سرگرمیوں کے اثرات اور اب تک کے اقدامات کو یوں سمجھا جا سکتا ہے:
1- یورپی پارلیمان کے نمائندوں کو پشتون وطن میں جاری پاکستانی فوج کی جانب سے پشتونوں کی نسل کشی پر براہِ راست شواہد فراہم کرنا۔
2- ریاستی جبر اور پشتون نسل کشی کے خلاف انسانی حقوق کی کمیٹیوں میں آواز پہنچانے کا عندیہ۔
3- جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے سامنے احتجاج اور پریس کانفرنس کے ذریعے انسانی حقوق کے تنظیموں اور عالمی برادری کو مستند شواہد فراہم کرنا۔
4- یورپ میں موجود پشتون تحفظ موومنٹ کی مختلف شاخوں کے درمیان ہم آہنگی اور مشترکہ حکمتِ عملی کی تیاری۔
یہ سب کچھ اس حقیقت کو آشکار کرتا ہے کہ پشتون سوال ایک ایسا عالمی مسئلہ بنتا جا رہا ہے جسے دنیا نظرانداز نہیں کر سکتی۔ پاکستانی ریاست جتنا اس آواز کو دبانے کی کوشش کرتی ہے، اتنا ہی یہ آواز عالمی سطح پر پھیلتی ہے۔ پشتون تحفظ موومنٹ اپنے ان بین الاقوامی اقدامات کے ذریعے پشتون عوام کی قربانیوں کو عالمی برادری کے سامنے ایک کسوٹی پر رکھ رہی ہے کہ آیا دنیا انسانی حقوق کے نام پر ہونے والے دعوؤں کو محض الفاظ تک محدود رکھے گی یا واقعی مظلوم اقوام کی آواز کو سننے کے لیے عملی اقدامات بھی کرے گی۔
پی ٹی ایم مرکزی اطلاعات