30/01/2026
پاکستان میو اتحاد کے زیرِ اہتمام لاہور میں اجتماعی شادیوں کا عظیم الشان پروگرام، 7 فروری کو منعقد ہوگا
میو قوم کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان میو اتحاد کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان اجتماعی شادیوں کا پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں 30 غریب اور مستحق بچیوں کی شادیاں انجام دی جائیں گی۔ یہ فلاحی تقریب 7 فروری بروز ہفتہ دن 11 بجے لاہور میں سوا آصل سینٹرل پارک کے سامنے، بحریہ نشیمن کے بالمقابل، حاجی محمد اختر صاحب پیپسی والے کے ڈیرے پر منعقد ہوگی۔
پاکستان میو اتحاد کے ذمہ داران کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد اُن کمزور اور مستحق خاندانوں کی عملی مدد کرنا ہے جو مالی مشکلات کے باعث اپنی بچیوں کی شادی کرنے سے قاصر ہوتے ہیں۔ اس اجتماعی شادی کے پروگرام کے ذریعے نہ صرف والدین کا بوجھ کم کیا جائے گا بلکہ معاشرے میں سادگی، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام بھی عام کیا جائے گا۔
اس فلاحی تقریب میں حاجی افضل خاں سمیت پاکستان میو اتحاد کی سینئر قیادت شرکت کرے گی، جبکہ پروگرام کے انتظامات کی نگرانی حاجی نور محمد میو (وائس پرنسپل)، محمد امین صاحب، حاجی عمر فاروق پتوکی والے، محمد امجد میو ، نمبردار محمد سردار صاحب (پانڈوکی)، حاجی محمد اسماعیل صاحب (بدرپور)، ممتاز شفیق ہیر (لاہور) کر رہے ہیں، جبکہ میزبانی کے فرائض حاجی محمد اختر صاحب پیپسی والے ادا کریں گے۔
پاکستان میو اتحاد نے میو قوم اور مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نیک اور اجتماعی فلاحی کام میں بڑھ چڑھ کر تعاون کریں اور اجتماعی شادیوں کے اس بابرکت پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ اجتماعی شادیوں جیسے پروگرام معاشرے میں سادگی، سماجی ذمہ داری اور باہمی تعاون کے شعور کو فروغ دیتے ہیں، اور پاکستان میو اتحاد آئندہ بھی اسی جذبے کے تحت فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔