
08/08/2025
لکی ایرانی سرکس جرائم کا گڑھ بن گیا — مقامی پولیس و انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی، نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر ۔
حاصل پور (تحصیل بیورو چیف) لکی ایرانی سرکس علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ بن چکا ہے، جہاں منشیات فروش، اوباش اور لفنگے کھلے عام سرگرم عمل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سرکس کے اندر شراب و شباب کی محفلیں رات بھر سجائی جاتی ہیں، شریف شہریوں کی تذلیل کی جاتی ہے اور اخلاق باختہ حرکات معمول بن چکی ہیں ، مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ انتظامیہ اور پولیس کی سرپرستی میں ہو رہا ہے۔ عوامی شکایات کے باوجود کارروائی کرنے کے بجائے پولیس اور انتظامیہ چند ٹکوں کے عوض خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ صورتحال اس حد تک سنگین ہو چکی ہے کہ یہ مقام علاقے کی نوجوان نسل کے لیے اخلاقی زہر اور سیکیورٹی رسک بن چکا ہے ، مینجر سرکس سہیل نقوی سے مؤقف جاننے پر انہوں نے حیران کن دعویٰ کیا کہ "ہم روزانہ کی بنیاد پر مقامی انتظامیہ کو 50،50 پاس دیتے ہیں، اس لیے ہمارا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔" اس بیان نے نہ صرف مقامی عوام بلکہ سماجی حلقوں کو بھی شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لکی ایرانی سرکس کے اندر ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں کا فوری نوٹس لیا جائے، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اس گھناؤنے کھیل میں ملوث سرپرستوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔