
07/07/2025
سوشل میڈیا پر ایک شہری کی جانب سے تلخ کلامی اور مبینہ اختیارات کے ناجائز استعمال کی شکایت سامنے آنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال افتخار شاہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سرکل دروش کے خلاف انکوائری کا حکم جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، رحمت ولی سکنہ کہوژ مستوج نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں مؤقف اختیار کیا کہ چند روز قبل چترال سے سفر کے دوران تھانہ کوغزی کی حدود میں تنگ راستے پر پولیس کی ایک گاڑی سامنے آگئی۔ جگہ تنگ ہونے کی وجہ سے راستہ دینے میں کچھ وقت لگا، جس پر مبینہ طور پر ڈی ایس پی دروش، اقبال کریم، ناراض ہو گئے اور شہری سے تلخ کلامی کی۔ شہری کا دعویٰ ہے کہ ڈی ایس پی نے پولیس اہلکاروں کو گاڑی تھانے منتقل کرنے کا حکم دیا، جہاں گاڑی تقریباً آدھے گھنٹے تک تحویل میں رہی۔
رحمت ولی نے مزید لکھا کہ اگرچہ موقع پر موجود سپاہیوں نے تعاون کرنے کی کوشش کی، مگر افسرِ بالا کی “انا” کے سامنے وہ بھی بے بس دکھائی دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا محکمہ عوام کی خدمت کے لیے ہے نہ کہ عوام پر دھونس جمانے کے لیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ “ہم کب تک وی آئی پی کلچر اور آفسر شاہی کے رحم و کرم پر رہیں گے؟”
ڈی پی او لوئر چترال افتخار شاہ نے معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ لوئر چترال پولیس عوام کی پولیس ہے، اور کسی بھی شہری کے ساتھ ناروا سلوک یا بدتمیزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈی ایس پی دروش کے رویے کی شفاف انکوائری کی جائے گی اور اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے ڈی پی او کے فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے اور پولیس میں عوام دوست رویہ فروغ پائے