30/01/2023
پشاور پولیس لائن میں مسجد کے قریب زور دار دھماکہ،
پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے میں 17 پولیس اہلکار شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو کے مطابق پشاور کے علاقے صدر پولیس لائنز میں مسجد کے اندر دھماکا ہوا، دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ دور دور تک سنی گئی جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے جب کہ دھما کے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
ریسکیو کا کہنا ہےکہ دھماکے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں، سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو سیل کردیا۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے دھماکے میں 17 پولیس اہلکاروں کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے اور 90 سے زائد افراد زخمی ہیں جب کہ بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
انتظامیہ لیڈی ریڈنگ اسپتال کا کہنا ہے کہ اسپتال میں خون کی اشد ضرورت ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات دیے جائیں۔