
12/07/2025
کوہاٹ، خودکشی کا معمہ قتل میں بدل گیا بیوی قاتل نکلی
کوہاٹ کے علاقے کالج ٹاؤن میں ایک مبینہ خودکشی کا واقع پیش ایا شفاف اور باریک بین انکوائری کے بعد انکشاف ہوا کہ یہ خودکشی نہیں بلکہ سفاکانہ قتل تھا، جسے خودکشی کا رنگ دے کر اصل حقیقت کو چھپانے کی کوشش کی گئی۔
38 سالہ اقبال ولد گل نواز سکنہ ہنگو، جو حالیہ دنوں میں کاج ٹاؤن کوہاٹ میں مقیم تھا، کی موت کو ابتدائی طور پر خودکشی قرار دے کر رپورٹ درج کی گئی۔ متوفی کے بھائی، عادل ولد گل نواز نے تھانہ ایم آر ایس میں اطلاع دی کہ اس کے بھائی نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر خودکشی کرلی ہے۔ واقعہ کی سنگینی کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف، غیرجانبدار تفتیش کے احکامات صادر فرمائے۔
انکوائری کے دوران جب شواہد کا باریک بینی سے تجزیہ کیا گیا تو متعدد شکوک و شبہات نے جنم لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے حاصل کردہ ثبوت اور فارنزک شواہد نے معاملے کو خودکشی کے بجائے منصوبہ بند قتل کی طرف موڑ دیا۔
ایس ایچ او تھانہ ایم آر ایس، میر افضل خان نے لیڈی پولیس کی مدد سے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مقتول کی اہلیہ کو حراست میں لے لیا، جو بظاہر اس واقعے کے بعد غمزدہ بیوہ کا کردار ادا کر رہی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمہ نے نہ صرف جرم کا اعتراف کر لیا بلکہ اپنے شوہر کو موت کے گھاٹ اتارنے کا اقرار بھی کیا۔
ملزمہ نے جرم کو چھپانے کے لیے لاش کو اس انداز میں پیش کیا کہ یہ خودکشی معلوم ہو، تاہم پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی نے اصل چہرہ بے نقاب کر دیا۔
ملزمہ کو مزید تفتیش کے لیے تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں اس سے اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ مقدمے کو ہر پہلو سے جانچ کر قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے تاکہ مقتول کو انصاف مل سکے۔