
19/07/2025
تحصیلدار ایس ڈی سی کوہاٹ عبدالکریم کوہاٹ سے فارغ، محمد قاسم کو اضافی چارج دے دیا گیا
حکومت خیبر پختونخوا کے محکمہ ریونیو و اسٹیٹ، بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تحصیلدار عبد الکریم (بی پی ایس-16) کو سروس ڈیلیوری سینٹر کوہاٹ سے فارغ کرتے ہوئے ان کی خدمات بورڈ آف ریونیو کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر کیا گیا ہے جسے عوامی مفاد میں ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق محمد قاسم، نائب تحصیلدار کو سروس ڈیلیوری سینٹر کوہاٹ کے تحصیلدار کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔اس تعیناتی کی باقاعدہ منظوری مجاز اتھارٹی سے حاصل کی گئی ہے۔اطلاع کے مطابق یہ فیصلہ انتظامی امور کی بہتری اور سروس ڈیلیوری کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کی نقول کمشنر کوہاٹ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر سمیت دیگر متعلقہ افسران کو بھی ارسال کر دی گئی ہے ذرائع کے مطابق، محمد قاسم کی تعیناتی سے سروس ڈیلیوری سینٹر کوہاٹ میں عوام کو سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔