
19/06/2025
حلقہ اربابِ ذوق کوہاٹ کے زیر اہتمام منعقدہ مشاعرہ ۔
رپورٹ : ہارون عدیل
18 جون 2025 کو بدھ کے دن عصر پانچ بجے حلقہ اربابِ ذوق کوہاٹ کے زیر اہتمام ایک مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سینئر شاعر محمد جان عاطف نے کی-
یہ تقریب کوہاٹ کے معروف سٹیج اداکار اور ڈرامہ رائٹر ،جنرل کونسلر نعیم کوہاٹی کے سپانسر سے انہی کے مہمان خانے " کوہاٹی حجرہ" مدینہ ٹاؤن ، پنڈی روڈ پر منعقد ہوئی -
تقریب کے مہمان خصوصی سیاسی وسماجی شخصیت محترم جناب سلمان شینواری تھے-
یاد رہے کہ مذکورہ تقریب کی صدارت معروف سینئر شاعر جناب پروفیسر ڈاکٹر سورج نرائن نے کرنا تھی لیکن طبیعت کی ناسازی کے باعث شرکت نہ کر سکے تھے -
تقریب کا باقاعدہ آغاز نعیم کوہاٹی نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور نعت شریف کی سعادت راقم الحروف نے حاصل کی جبکہ نظامت کے فرائض ارشد نعیم قریشی نے ادا کیے - تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے شرکت کی جن میں ڈاکٹرز ، وکلاء سکالرز اور سٹیج اور ٹی وی کے ہنرمند شامل ہیں ـ تقریب میں سیاسی وسماجی شخصیت محترم ڈاکٹر مطیع اللہ شاہ ا، بین الاقوامی مصور و خطاط محترم جناب لیاقت علی خان اور بیرسٹر عبدالواسط نےخصوصی شرکت کی -
شعرائے کرام میں کاشف بیزار ،گل محمد ، شرافت علی جوگی ، ندیم ملک ، جمیل سراج ، پروفیسر عارف بخآری ، شاہ زمان کوثر ، حاجی عبد الرشید پرنس معصوم شاہ ، اسفند یار سانول ارشد نعیم قریشی ، محمد جان عاطف ، نعیم کوہاٹی اور راقم کے نام شامل ہیں -
شعراء نے خوب صورت کلام پیش کر کے سامعین سے ڈھیر ساری داد وصول کی -
اس موقع پر مہمان خصوصی نے اپنی گفتگو میں اس باوقار تقریب میں شرکت کے لیے دعوت دینے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی ساتھ اس طرح کی سرگرمیوں اور تقاریب کو کسی بھی ژندہ قوم کے لیے لازمی گردانا -
صاحب صدارت نے اپنے خطبے میں اس بھرپور اور کامیاب مشاعرے پر نعیم کوہاٹی اور حلقہ اربابِ ذوق کوہاٹ کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی -
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حلقہ اربابِ ذوق کوہاٹ کی محبوبیت اور مقبولیت کا واضح ثبوت ہے کہ اس خالص علمی و ادبی تنظیم کے سیکریٹری ہارون عدیل نے اپنے رفقاء کے ساتھ مل کر بہت کم وقت میں ایک بھرپور ادبی فضا قائم کی -
کافی دیر جاری رہنے والی یہ تقریب پُرتکلف چائے اور دیگر لوازمات پر اختتام پذیر ہوئی -
تجھ سے ملنے پہ تغزل وہ سماں باندھتا ہے
ہم کو لگتا ہے کہ غالب کے قدم چھو آئے
(ہارون عدیل)