03/02/2025
شوگر کیسے ہوتی ہے؟
جب ہم خوراک کھاتے ہیں، تو ہمارا جسم اس میں سے اتنی توانائی استعمال کر لیتا ہے جتنی اسے ضرورت ہوتی ہے، جبکہ باقی ماندہ توانائی چربی کی صورت میں جگر اور خلیوں میں محفوظ کر لی جاتی ہے۔
جب خلیوں میں چربی کا ذخیرہ حد سے بڑھ جاتا ہے تو وہ انسولین کے اثر کو قبول نہیں کرتے، جس کے نتیجے میں خون میں گلوکوز (شوگر) کی سطح مسلسل زیادہ رہنے لگتی ہے۔
جسم میں چربی کی سب سے بڑی وجہ ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس کا زیادہ استعمال ہے۔
ہماری خوراک میں موجود اضافی شوگر جسم میں کولیسٹرول اور چکنائی (fats) کی شکل میں محفوظ ہو جاتی ہے۔
اسی لیے کہا جاتا ہے کہ کولیسٹرول کا اصل ذریعہ گری دار میوے (nuts) یا حیوانی چکنائی (animal fats) سے زیادہ ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس ہوتے ہیں۔
تقریباً ہر میٹابولک بیماری کی جڑ ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس ہیں۔
اگر خوراک متوازن اور درست ہو تو میٹابولک مسائل جیسا کہ شوگر وغیرہ سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔
ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس (Refined Carbohydrates)
وہ کاربوہائیڈریٹس ہوتے ہیں جنہیں قدرتی شکل سے نکال کر پراسیس کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں ان سے فائبر، وٹامنز اور منرلز ختم یا کم ہو جاتے ہیں۔ یہ جسم میں تیزی سے ہضم ہو کر بلڈ شوگر کو فوری بڑھا دیتے ہیں، جس سے انسولین کے مسائل، چربی کے ذخائر میں اضافہ اور مختلف میٹابولک بیماریاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس کی مثالیں:
سفید چاول
میدہ اور اس سے بنی اشیاء (ڈبل روٹی، بسکٹ، کیک، پیسٹری وغیرہ)
چینی اور اس سے بنی اشیاء (سافٹ ڈرنکس، مٹھائیاں، چاکلیٹ وغیرہ)
پروسیسڈ ناشتہ (کارن فلیکس، انسٹنٹ دلیہ وغیرہ)
فاسٹ فوڈ اور جنک فوڈ
ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس کے نقصانات:
خون میں شوگر کا اچانک اضافہ اور کمی
انسولین کے خلاف مزاحمت (Insulin Resistance)
موٹاپا اور جگر میں چربی (Fatty Liver)
ذیابیطس اور دل کی بیماریاں
اگر صحت مند زندگی گزارنی ہے تو ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس کی بجائے مکمل اور قدرتی خوراک جیسے دلیہ، سبزیاں، پھل، دالیں اور جَو کا استعمال زیادہ کرنا چاہیے۔
نوٹ: نیچے والی تصویر ایک تصوراتی (illusion-style) تصویر ہے جو کہ میں نے AI کی مدد سے بنائی ہے۔ جو ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس کے اثرات کو ظاہر کرتی ہے۔ اس میں پراسیس شدہ کھانے جیسے سفید ڈبل روٹی، چینی، پیسٹری اور سافٹ ڈرنکس کو غیر صحت مند عناصر میں تبدیل ہوتے دکھایا گیا ہے، جبکہ ایک روشن راستہ قدرتی، مکمل غذا جیسے دالیں، سبزیاں اور پھلوں کی طرف لے جاتا ہے، جو صحت مند زندگی کی علامت ہے۔